ادب کیا ہے۔

ادب کیا ہے۔

ایک دن بہلول نے حضرت جنید بغدادیؒ سے پوچھا:
“شیخ صاحب! کیا آپ کھانے کے آداب جانتے ہیں؟”

حضرت جنید بغدادیؒ نے فرمایا:
“بسم اللہ پڑھنا، اپنے سامنے سے کھانا، چھوٹا لقمہ لینا، دائیں ہاتھ سے کھانا، اچھی طرح چبا کر کھانا، دوسرے کے لقمے پر نظر نہ رکھنا، اللہ کو یاد کرنا، آخر میں الحمدللہ کہنا اور کھانے سے پہلے اور بعد ہاتھ دھونا۔”

بہلول یہ سن کر اٹھ کھڑے ہوئے اور فرمایا:
“لوگوں کے مرشد ہو، مگر کھانے کے آداب نہیں جانتے!”

یہ کہہ کر وہ آگے چل دیے۔
حضرت جنیدؒ بھی ان کے پیچھے چل پڑے۔ مریدوں نے عرض کیا:
“حضور! وہ تو دیوانہ ہے۔”
لیکن شیخ پھر بھی ان کے پاس پہنچ گئے۔

سلام کیا۔
بہلول نے جواب دیا اور پوچھا:
“کون ہو؟”

فرمایا:
“جنید بغدادی… جو کھانے کے آداب نہیں جانتا۔”

بہلول نے پوچھا:
“اچھا، بولنے کے آداب جانتے ہو؟”

حضرت جنیدؒ نے فرمایا:
“مخاطب کے مطابق بات کرنا، بے موقع اور فضول گفتگو سے بچنا، ظاہر و باطن کا خیال رکھنا، نرمی اور حکمت سے بات کرنا۔”

بہلول نے فرمایا:
“آپ تو بولنے کے آداب بھی نہیں جانتے!”

یہ کہہ کر پھر آگے جا بیٹھے۔
شیخ صاحب دوبارہ ان کے پاس پہنچے اور سلام کیا۔

بہلول نے پھر پوچھا:
“کون ہو؟”

عرض کیا:
“جنید بغدادی… جو کھانے اور بولنے کے آداب نہیں جانتا۔”

بہلول نے فرمایا:
“اچھا! سونے کے آداب ہی بتا دو۔”

حضرت جنیدؒ نے نمازِ عشاء، ذکر و اذکار، دعائیں اور وہ تمام آداب بیان کر دیے جو روایات میں مذکور ہیں۔

بہلول نے فرمایا:
“آپ یہ بھی نہیں جانتے!”

اب کی بار حضرت جنیدؒ نے ان کا دامن تھام لیا اور عرض کیا:
“پھر آپ ہی بتا دیجیے کہ اصل ادب کیا ہے؟”

بہلول مسکرائے اور فرمایا:

“یہ سب ظاہری آداب ہیں، اصل کچھ اور ہے…

کھانے میں اصل یہ ہے کہ رزق حلال ہو۔
حرام لقمہ چاہے کتنے ہی ادب سے کھایا جائے، وہ دل میں نور نہیں بلکہ تاریکی پیدا کرتا ہے۔

بولنے میں اصل یہ ہے کہ گفتگو اللہ کی رضا کے لیے ہو۔
اگر بات میں دنیاوی غرض، دکھاوا یا فضول پن شامل ہو تو وہ انسان کے لیے وبال بن جاتی ہے۔

اور سونے میں اصل یہ ہے کہ دل کسی مسلمان کے بغض، حسد اور کینے سے پاک ہو۔
یہ نہ ہو کہ انسان دنیا کی محبت، مال کی فکر یا کسی کا حق دبائے ہوئے سو رہا ہو…”

حضرت جنید بغدادیؒ یہ سن کر فرمانے لگے:
“جزاک اللہ! آج اصل ادب سمجھ آیا۔”

آج ہم ظاہری آداب پر بہت توجہ دیتے ہیں، مگر دل کے آداب بھول جاتے ہیں۔
حالانکہ اللہ تعالیٰ ہمارے اعمال سے پہلے ہمارے دلوں کو دیکھتا ہے۔

اگر آپ کو یہ تحریر اچھی لگے تو مجھے فالو ضرور کریں۔

Leave a Reply

NZ's Corner