بد فطرت سے نیکی

بد فطرت سے نیکی

ایک شخص جنگل کے درمیان سے گزر رہا تھا کہ اچانک اس کی نظر جھاڑیوں میں پھنسے ہوئے ایک سانپ پر پڑی۔ سانپ نے اس سے مدد کی اپیل کی تو اس شخص نے ایک لکڑی کی مدد سے اسے جھاڑیوں سے باہر نکال لیا۔

باہر آتے ہی سانپ نے کہا: ’’میں تمہیں ڈسوں گا!‘‘

اس شخص نے حیرت سے کہا: ’’میں نے تمہارے ساتھ نیکی کی ہے اور تم میرے ساتھ بدی کرنا چاہتے ہو؟‘‘

سانپ نے جواب دیا: ’’ہاں، نیکی کا جواب بدی ہی ہے!‘‘

اس شخص نے کہا: ’’چلو، کسی تیسرے سے فیصلہ کروا لیتے ہیں۔‘‘

چلتے چلتے وہ ایک گائے کے پاس پہنچے۔ دونوں نے اسے سارا واقعہ سنایا اور فیصلہ کرنے کو کہا۔

گائے نے کہا: ’’واقعی، نیکی کا جواب بدی ہی ہے۔ جب میں جوان تھی اور دودھ دیتی تھی تو میرا مالک میرا بہت خیال رکھتا تھا، وقت پر چارہ اور پانی دیتا تھا، لیکن اب جب میں بوڑھی ہو چکی ہوں اور دودھ نہیں دیتی تو اس نے بھی میری دیکھ بھال چھوڑ دی ہے۔‘‘

یہ سن کر سانپ نے کہا: ’’اب تو میں تمہیں ضرور ڈسوں گا!‘‘

اس شخص نے ایک اور موقع مانگا اور کہا کہ کسی دوسرے سے بھی فیصلہ کروا لیتے ہیں۔ سانپ مان گیا۔

کچھ آگے چل کر انہیں ایک گدھا ملا۔ دونوں نے اسے بھی سارا واقعہ سنایا اور فیصلہ پوچھا۔

گدھے نے کہا: ’’نیکی کا جواب بدی ہی ہے۔ جب تک میرے اندر طاقت تھی، میں اپنے مالک کے کام آتا رہا، لیکن جونہی میں بوڑھا اور ناکارہ ہوا، اس نے مجھے گھر سے نکال دیا۔‘‘

اب سانپ اس شخص کو ڈسنے ہی والا تھا کہ اس نے منت کرتے ہوئے کہا: ’’بس ایک آخری موقع دے دو!‘‘

سانپ اس شرط پر راضی ہو گیا کہ یہ آخری فیصلہ ہوگا، کیونکہ اس سے پہلے دو فیصلے اس کے حق میں آ چکے تھے۔

اب کی بار وہ دونوں ایک بندر کے پاس پہنچے اور اسے سارا واقعہ سنا کر فیصلہ کرنے کو کہا۔

بندر نے آدمی سے کہا: ’’مجھے اس جگہ لے چلو جہاں یہ سانپ پھنسا ہوا تھا۔ سانپ کو دوبارہ جھاڑیوں میں ڈالو اور پھر میرے سامنے باہر نکالو۔ اس کے بعد میں فیصلہ کروں گا۔‘‘

وہ تینوں واپس اسی جگہ پہنچے۔ آدمی نے سانپ کو جھاڑیوں میں ڈال دیا اور اسے باہر نکالنے ہی لگا تھا کہ بندر نے فوراً روک دیا۔

بندر نے کہا: ’’اس کے ساتھ دوبارہ نیکی مت کرنا۔ یہ نیکی کے قابل ہی نہیں!‘‘

مجھے لگتا ہے، وہ بندر پاکستانی عوام سے زیادہ عقل مند تھا!

پاکستانیوں کو بار بار ایک ہی طرز کے سانپ، کبھی نئے ناموں اور کبھی نئے چہروں کے ساتھ ڈستے ہیں، لیکن ہم ہیں کہ ہر بار ان کے وعدوں اور چہروں کے دھوکے میں آ جاتے ہیں۔ ہمیں یہ سمجھنے میں نہ جانے کتنی نسلیں لگیں گی کہ سانپ اپنی فطرت نہیں بدلتا۔

بعض اوقات کسی کے ساتھ نیکی کرنا بھی اپنی تباہی کو دعوت دینے کے مترادف ہوتا ہے۔

Leave a Reply

NZ's Corner