ندی کے کنارے ایک اونچی دیوار بنی ہوئی تھی اور اس دیوار کے اوپر ایک پیاسا آدمی بیٹھا ہوا تھا۔ پیاس کی شدت سے اس کی جان لبوں پر آئی ہوئی تھی۔ بد اوسان دیوار پر بیٹھا پانی کی طرف حسرت بھری نگاہوں سے دیکھ رہا تھا……
اس کے اور پانی کے مابین دیوار کی بلندی حائل اور مانع تھی۔
بر لب جو بو دیوار بلند
بر سرِ دیوار تشنه درد مند
پیاس سے بے قرار ہو کر اور کچھ نہ سوجھا تو دیوار سے اینٹ اکھاڑ کر ندی میں پھینکی۔ اینٹ کے گرنے سے جو پانی کی آواز آئی تو اس کو بڑی فرحت محسوس ہوئی اور ایسی سریلی لگی کہ اس پر ہزار جان سے عاشق ہو گیا۔
اس آواز نے اس کے جان و جگر میں شراب کی سی مستی پیدا کر دی۔ اس نے دوسری اینٹ اکھاڑی اور پانی میں پھینک دی۔ اس مرتبہ آواز پہلے سے بھی زیادہ دلفریب اور جان نواز معلوم ہوئی، پیاسے کو اس قدر لطف آیا کہ وہ دیوانہ وار دیوار سے اینٹیں اکھاڑ اکھاڑ کر ندی میں پھینکنے لگا۔
پانی نے زبانِ حال سے کہا: ’’ارے شریف آدمی مجھے اینٹیں مارنے سے تجھے کیا نفلوں کا ثواب مل رہا ہے؟ اس فضول مشقت سے باز آ۔ اس میں تمہارا کیا فائدہ ہے‘‘
تشنہ لب نے یوں جواب دیا: ’’اے ندی کے شیریں اور ٹھنڈے پانی! اس میں میرے دو فائدے ہیں۔ پہلا فائدہ تو یہ ہے کہ جب اینٹ پھینکنے کے بعد آواز آتی ہے تو اس سے میرے تن مردہ میں جان سی پڑ جاتی ہے یہ معمولی آواز میرے لئے دنیا کے بہترین ساز کی آواز سے بھی زیادہ دلفریب اور سریلی ہے۔ پیاسوں کے لئے یہ آواز مثل سازِ خوش آواز ہے، دوسرا فائدہ یہ ہے کہ اس دیوار کی جتنی اینٹیں اکھاڑ کر ندی میں پھینکتا جاتا ہوں اسی قدر پانی سے قرب بڑھتا جا رہا ہے اور دیوار کے گرانے سے جوں جوں فاصلہ کم ہوتا جا رہا ہے محبوب سے وصل کا لمحہ قریب آتا جا رہا ہے۔‘‘
’’صلائے عام ہے یارانِ نقطہ داں کے لیے‘‘
جب تک تیرے نفسِ امارہ کی دیوار سر اُٹھا کر کھڑی ہے وہ سجدہ ادا کرنے میں مانع رہے گی۔
ہمیں غنیمت واں جوانی اے پسر
سر فرود آور بکن خشت و مدر
درسِ حیات:
اے عزیزم! اس جوانی کی عمر کو غنیمت سمجھ اللہ تعالیٰ کے حضور میں جھک جا اور نفس امّارہ کی دیوار کے ڈھیلوں اور اینٹوں کو اکھاڑ ڈال۔


