ایک صبح ایک مرغے نے فیصلہ کیا کہ آج وہ بانگ نہیں دے گا۰ اس کے ذہن میں یہ غرور پیدا ہو چکا تھا کہ سورج صرف اسی کی آواز سے طلوع ہوتا ہے۰ اسے یقین تھا کہ اگر اس نے صبح بانگ نہ دی تو پوری دنیا اندھیرے میں ڈوبی رہے گی۰
اگلی صبح وہ مرغیوں کے ڈربے کی چھت پر جا بیٹھا، اپنے پر سمیٹے اور خاموشی سے انتظار کرنے لگا کہ اب دنیا میں کیا ہوتا ہے۰ آسمان پر روشنی پھیلنے لگی، سورج طلوع ہوا، کسان کھیتوں کی طرف روانہ ہو گئے، بچے اسکول پہنچنے لگے اور گاؤں میں زندگی معمول کے مطابق شروع ہو گئی۰ حیرت کی بات یہ تھی کہ کسی کو احساس تک نہیں ہوا کہ آج مرغے نے بانگ نہیں دی۰
یہ دیکھ کر مرغا شرمندہ ہو گیااوراس نے فوراً پوری طاقت سے بانگ دینا شروع کر دی، مگر اب بہت دیر ہو چکی تھی۰ ایک بوڑھی عورت نے اسے دیکھ کر ہنستے ہوئے کہا، ’’اب کس بات کا شور مچا رہے ہو؟ سورج کو طلوع ہوئے تو کئی گھنٹے گزر چکے ہیں!‘‘
مرغا خاموشی سے اپنی جگہ واپس جا بیٹھا۰ آخرکار اسے سمجھ آ گیا کہ سورج اس کی بانگ کامحتاج کبھی تھا ہی نہیں۰
حقیقت یہ ہے کہ ہم بھی اکثر یہی غلطی کرتے ہیں۰ اپنی اہمیت کے زعم میں اس قدر مبتلا ہو جاتے ہیں کہ خود کو دوسروں کے لیے ناگزیر سمجھنے لگتے ہیں۰ دفتر میں کام کرنے والا سوچتا ہے کہ میرے بغیر یہ ادارہ نہیں چل سکتا، کاروبار کرنے والا سمجھتا ہے کہ میرے بغیر سب کچھ ختم ہو جائے گا، اور رشتوں میں بعض لوگ یہ خوش فہمی پال لیتے ہیں کہ اگر ہم نے منہ موڑ لیا تو دوسرا شخص زندگی بھر بکھرا رہے گا۰ کچھ لوگ جان بوجھ کر اپنی ذمہ داریاں چھوڑ دیتے ہیں، رابطے ختم کر دیتے ہیں یا کام سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں تاکہ دوسروں کو ان کی اہمیت کا احساس ہو۰ لیکن انہیں یہ سمجھنے میں دیر لگ جاتی ہے کہ دنیا کسی کے غرور، ضد یا غیر موجودگی کے انتظار میں نہیں رکتی۰ ان کی جگہ کوئی دوسرا لے لیتا ہے، ذمہ داریاں کسی اور کے کندھوں پر منتقل ہو جاتی ہیں اور لوگ حالات کے مطابق جینا سیکھ لیتے ہیں
اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ تمہاری محنت، قربانیاں اور وجود بے وقعت ہیں۰ تم اہم ہو، تمہاری صلاحیتیں اہم ہیں اور تمہاری موجودگی دوسروں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۰ لیکن اہم ہونا اور ناگزیر ہونا دو مختلف باتیں ہیں۰ اپنی محنت پر فخر کرو، مگر یہ گمان کبھی مت پالو کہ تمہارے بغیر سب کچھ ختم ہو جائے گا۰
اگر آپ واقعی قابل ہو تو اپنی اہمیت ثابت کرنے کے لیے کام چھوڑنے کی ضرورت نہیں۰ اگر واقعی مضبوط ہو تو دوسروں کو نیچا دکھانے کی ضرورت نہیں۰ اور اگر واقعی کامیاب ہو تو ہر وقت اپنی تعریف سننے کی بھوک بھی نہیں ہونی چاہیے۰
یاد رکھو، آج آپ کسی عہدے پر ہو تو کل کوئی دوسرا بھی وہاں پہنچ سکتا ہے۰ آج لوگ تمہارے ساتھ ہیں تو کل حالات بدل سکتے ہیں۰ وقت کسی کے لیے نہیں رکتا اور دنیا کسی ایک انسان کے گرد نہیں گھومتی۰ اس لیے اپنی انا کو قابو میں رکھو۰ سورج تمہارے بانگ دینے سے طلوع نہیں ہوتا اور نہ ہی تمہارے
خاموش رہنے سے اس کی روشنی ختم ہوتی ہے۰


