رفوگر

رفوگر

کہتے ہیں کہ ایک بادشاہ نے ایک رفوگر رکھا ہوا تھا۔ وہ کپڑا نہیں، باتیں رفو کرنے کا ماہر تھا۔ بادشاہ سلامت کی کوئی بھی بات ہو، وہ ایسی شاندار وضاحت کرتا کہ سننے والے سر دھننے لگتے اور کہتے واقعی بادشاہ سلامت نے ٹھیک فرمایا ہے۔

ایک دن بادشاہ نے دربار سجایا ہوا تھا اور اپنی جوانی کے شکار کے کارنامے بڑھا چڑھا کر بیان کر رہے تھے۔ جوش میں آکر کہنے لگے:

“ایک بار ایسا ہوا کہ میں نے آدھے کلومیٹر دور سے نشانہ لے کر ہرن پر تیر چلایا۔ تیر سنسناتا ہوا گیا، ہرن کی بائیں آنکھ میں لگا، وہاں سے دائیں کان سے گزرتا ہوا سیدھا پچھلی دائیں ٹانگ کے کھر میں جا ٹھہرا!”

بادشاہ کو توقع تھی کہ درباری اور عوام خوب داد دیں گے، مگر سب چپ رہے۔ کسی کو بات ہضم نہ ہوئی۔ بادشاہ بھی سمجھ گیا کہ آج وضخ زیادہ لمبی چھوڑ دی گئی ہے۔ اس نے فوراً اپنے رفوگر کی طرف دیکھا۔

رفوگر اٹھا اور نہایت اعتماد سے بولا:

“حضرات! میں اس واقعے کا چشم دید گواہ ہوں۔ حقیقت یہ ہے کہ بادشاہ سلامت ایک بلند پہاڑی پر کھڑے تھے، جبکہ ہرن بہت نیچے تھا۔ اس دن ہوا بھی پوری طرح موافق تھی، ورنہ آدھے کلومیٹر تک تیر کیسے جاتا!
رہا سوال آنکھ، کان اور کُھر کا، تو عرض ہے کہ جب تیر لگا اُس وقت ہرن دائیں کھر سے اپنا دایاں کان کھجا رہا تھا!”

عوام نے زور دار تالیاں بجا کر بادشاہ اور رفوگر کو خوب داد دی۔

اگلے دن رفوگر نے اپنا بوریا بستر سمیٹا اور محل سے نکلنے لگا۔ بادشاہ گھبرا گیا۔
پوچھا،
“کہاں جا رہے ہو؟”

رفوگر نے آہ بھری اور بولا،

“بادشاہ سلامت، میں چھوٹے موٹے تروپے لگا لیتا ہوں، لیکن کل جو شامیانہ میں نے جوڑا ہے، وہ تو میرے بس کا روگ نہیں۔ وہ کام کسی اور سے کروا لیجیے!”
#منقول 😅

Leave a Reply

NZ's Corner