ستر اسی سال کی عمر کے ایک بزرگ نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا صرف دو لفظوں میں بیان کیا
بعد میں دیکھیں گے
یہ واقعہ ایک ایسے شخص نے سنایا جو ایک دن آئی سی یو میں کسی سے ملنے گیا تھا۔
وہاں اس کی ملاقات ایک بزرگ سے ہوئی جن کی عمر تقریباً اسی سال تھی۔ کمزور جسم، دبی ہوئی آواز اور چہرے پر زندگی بھر کے تجربات کی جھلک۔
نرس نے ڈرپ تبدیل کرتے ہوئے پوچھا
انکل آج کوئی ملنے آیا ہے؟
وہ ہلکا سا مسکرائے اور بولے
’نہیں بیٹا میرے زیادہ تر ملنے والے تو پہلے ہی دنیا سے جا چکے ہیں۔
وہ چالیس سال لاجسٹکس کے شعبے میں ملازمت کی۔ کلرک سے آغاز کیا اور ترقی کرتے کرتے سپروائزر بن گئے۔ نہ بہت امیر ہوئے، نہ کبھی غربت دیکھی۔ اپنا گھر، دو بچے، مستقل ملازمت اور ایک عام سی مستحکم زندگی۔
بظاہر سب کچھ ٹھیک تھا۔
ان سے ملنے والے شخص نے پوچھا
انکل اگر آپ کو دوبارہ تیس سال کی عمر میں جانے کا موقع ملے تو کیا مختلف کریں گے؟
کچھ دیر خاموش رہے، کھڑکی سے باہر دیکھا اور پھر بولے
میں نے اپنی زندگی میں ہر بات کو بعد پر ڈالنا چھوڑ دیا ہوتا۔
یہ ’بعد میں‘ بھی بڑا عجیب لفظ ہے۔
بعد میں سفر کریں گے۔
بعد میں ورزش شروع کریں گے۔
بعد میں کاروبار کریں گے۔
بعد میں کسی کو اپنے دل کی بات بتائیں گے۔
بعد میں معافی مانگ لیں گے۔
بعد میں کوئی نیا ہنر سیکھیں گے۔
بعد میں بچوں کے ساتھ وقت گزاریں گے۔
اور یہ بعد میں کرتے کرتے کئی سال گزر جاتے ہیں۔
انہوں نے اپنی زندگی کے کچھ ایسے ہی قصے سنائے۔
جوانی میں ایک لڑکی انہیں پسند تھی۔ تین ماہ تک روزانہ کلاس کے بعد دونوں بس سٹاپ تک ساتھ جاتے رہے۔ وہ اسے اپنے دل کی بات بتانا چاہتے تھے مگر ہر بار سوچتے کہ ابھی نہیں امتحانات کے بعد، پھر گریجویشن کے بعد۔
جب واپس آئے تو وہ اپنے خاندان کے ساتھ بیرون ملک جا چکی تھی۔ کئی سال بعد فیس بک پر اس کی تصویر دیکھی۔ شادی شدہ تھی، دو بچے تھے۔
وہ مسکرائے اور بولے
خوش دکھائی دے رہی تھی، اچھی بات ہے۔
کرکٹ کھیلنے کا بھی بہت شوق تھا۔ ہر ہفتے دوستوں کے ساتھ میدان میں جاتے، لیکن ملازمت، اوور ٹائم، شادی اور بچوں کی ذمہ داریوں کے بعد کھیلنا کم ہوتا گیا۔
دوست بلاتے تو جواب ہوتا
’بعد میں آؤں گا ابھی کام بہت ہے۔
پھر ایک وقت آیا کہ دوستوں نے بلانا ہی چھوڑ دیا۔ اب گھٹنوں میں درد رہتا تھا اور زیادہ دیر کھڑے ہونا بھی مشکل ہو گیا تھا۔
اپنے گھٹنے پر ہاتھ رکھتے ہوئے بولے
پہلے پورا گراؤنڈ بھاگ لیتا تھا اب چلنے میں بھی رفتار نہیں رہی۔
ایک دوست کے ساتھ کاروبار شروع کرنے کا موقع بھی ملا تھا۔ چھوٹا سا لاجسٹکس کا کام تھا۔ دوست نے بہت سمجھایا، لیکن انہوں نے سوچا کہ پہلے بچوں کی تعلیم مکمل ہو جائے، گھر کی قسطیں کم ہو جائیں اور حالات کچھ مستحکم ہو جائیں۔
دوست نے اکیلے کام شروع کر دیا۔ دس سال بعد اس کی کمپنی میں چالیس ملازمین تھے۔
پھر اس کمپنی کے ٹرک سڑک پر دیکھتے تو کہتے
اچھی بات ہے وہ کامیاب ہو گیا۔
لیکن شاید دل میں کہیں یہ خیال بھی آتا تھا کہ کاش میں نے بھی کوشش کی ہوتی۔
زندگی کا ایک بڑا پچھتاوا صرف ناکام ہو جانا نہیں بلکہ کسی کام کو کبھی شروع ہی نہ کرنا بھی ہے۔
ہم میں سے اکثر لوگ سستی کی وجہ سے کام نہیں ٹالتے، بلکہ حالات کے مکمل سازگار ہونے کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔
کبھی پیسوں کی فکر، کبھی نقصان کا ڈر، کبھی لوگوں کی باتوں کا خوف اور کبھی یہ سوچ کہ ابھی وقت مناسب نہیں۔
لیکن زندگی میں ہر کام کے لیے پرفیکٹ وقت نہیں آتا۔ بعض اوقات چھوٹا سا قدم اٹھانا ہی آگے بڑھنے کا راستہ بناتا ہے۔
ان سے پوچھا گیا:
کیا آپ کو اپنی زندگی پر افسوس ہے؟
جواب ملا
نہیں، میرا خاندان اچھا ہے، بچے ٹھیک ہیں، کبھی بھوکے نہیں سوئے، کسی کے ساتھ برا نہیں کیا۔ لیکن ایک بات کا افسوس ہے کہ میں ضرورت سے زیادہ محتاط رہا۔‘
پھر انہوں نے ایک بات کہی
جوانی میں لگتا ہے کہ وقت ٹرین کی طرح ہے۔ ایک چھوٹ گئی تو دوسری آ جائے گی۔ لیکن کبھی کبھی وہ آخری ٹرین بھی ہوتی ہے۔
گفتگو کے اختتام پر انہوں نے نوجوانوں کے لیے ایک پیغام دیا
’’کسی سے کچھ کہنا چاہتے ہو تو ابھی کہہ دو۔ کچھ آزمانا چاہتے ہو تو ابھی کر لو۔ توانائی ہمیشہ نہیں رہتی، ہمت بھی ہمیشہ نہیں رہتی۔ ایک دن دل تو بہت کچھ کرنے کو چاہے گا، لیکن جسم ساتھ نہیں دے گا۔
ان کی بات میں واقعی وزن ہے
ہم زندگی میں اکثر کہتے ہیں
اگلے سال شروع کریں گے۔
پیسے جمع ہو جائیں تو کریں گے۔
بچوں کے بڑے ہونے کا انتظار کر لیتے ہیں۔
کام کا دباؤ کم ہو جائے تو وقت نکالیں گے۔
حالات بہتر ہوں گے تو اپنے لیے بھی کچھ کریں گے۔
لیکن وقت کسی کے لیے نہیں رکتا۔
اور ایک دن ایسا آتا ہے کہ جن کاموں کو ہم مسلسل کل پر ڈال رہے تھے، ان کے لیے نہ وقت بچتا ہے، نہ توانائی اور نہ پہلے جیسی ہمت۔
اس لیے ہر کام کو کل پر مت ڈالیں۔
جس سے بات کرنی ہے، کر لیں۔
جس سے معافی مانگنی ہے، مانگ لیں۔
جو ہنر سیکھنا ہے، شروع کر دیں۔
جس خواب کو پورا کرنا ہے، اس کی طرف پہلا قدم اٹھا لیں۔
اپنے بچوں، والدین اور دوستوں کے لیے وقت نکالیں۔
اور اپنی زندگی کو صرف ذمہ داریاں پوری کرنے میں نہ گزار دیں۔
آپ کی زندگی میں وہ کون سا کام ہے جسے آپ کافی عرصے سے صرف یہ کہہ کر ٹال رہے ہیں کہ ابھی نہیں، بعد میں دیکھیں گے؟
بعض اوقات بعد میں کا مطلب ہوتا ہے کبھی نہیں۔


