مماثلت محض اتفاق ہوگی!

ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ بھیڑیوں کے ایک جتھے نے بھیڑوں کے ریوڑ پر حملہ کیا اور چار بھیڑیں اٹھا کر لے گئے۔ اپنی بھوک اور پیاس مٹائی اور واپس جنگل چلے گئے۔

بھیڑوں میں خوب شور مچا۔ کچھ نے احتجاج کیا، کچھ نے مذمت کی اور کچھ سینگوں والی بکریوں کو آگے کر دیا کہ جاؤ، بڑے بھیڑیوں سے بات کرو۔ انہیں یاد دلاؤ کہ ہمارا آپس میں معاہدہ ہے۔ ہم وعدے کے مطابق آپ کی بھوک اور پیاس مٹانے کا بندوبست کرتے رہیں گے، لیکن اس کے لیے زبردستی ہماری بھیڑیں اٹھانا ضروری نہیں۔

بکریاں بھیڑیوں کے سرداروں کے پاس پہنچیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ پہلے تو بھیڑیوں نے ان کی بات پر کوئی توجہ نہ دی، لیکن جب شور کچھ زیادہ بڑھا تو ایک بوڑھے اور تجربہ کار بھیڑیے نے آگے بڑھ کر بڑے ہی سنجیدہ انداز میں کہا:

’’ہمیں اس واقعے پر افسوس ہے۔ آئندہ ایسی غلطی نہیں ہوگی۔‘‘

بس پھر کیا تھا! بھیڑوں کے ریوڑ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ سب نے تالیاں بجائیں، بھیڑیوں کے حق میں نعرے لگائے اور ان کی فراخ دلی کا شکریہ ادا کیا۔

کچھ بھیڑیں تو اتنی جذباتی ہو گئیں کہ انہوں نے پڑوسی جنگل کے درندوں کے خلاف بھی نعرے لگانا شروع کر دیے، حالانکہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

بھیڑوں کو خوشی تھی کہ ان کا احتجاج کامیاب ہو گیا، بھیڑیوں کو اطمینان تھا کہ ان کی ایک معذرت سے معاملہ ختم ہو گیا اور چار بھیڑوں کا حساب بھی برابر ہو چکا تھا۔

اخلاقی سبق:

بھیڑیا بھیڑیں کھانا نہیں چھوڑے گا، صرف اس لیے کہ بھیڑوں نے احتجاج کر دیا ہے۔

بھیڑیا بکریوں کے سینگوں اور بھیڑوں کی منت سماجت سے نہیں ڈرتا، اسے صرف شیر کے پنجے کا خوف ہوتا ہے۔

محض مذمت کرنے سے کسی کا کچھ نہیں بگڑتا۔

اور جہاں ووٹ کی حیثیت ہی نہیں، وہاں ویٹو کی طاقت فیصلہ کرتی ہے!
#منقول

Leave a Reply

NZ's Corner