قیاس آرائی,,,,,,,,

قیاس آرائی,,,,,,,,


ایک دوکاندار نے ایک خوبصورت طوطا پال رکھا تھا۔ اس خوش آواز سبز رنگ کے طوطے سے اس دوکاندار کو بہت محبت تھی۔ یہ بلبل ہزار داستان اپنی دلریب باتوں سے گاہکوں کے دل بھی خوش کرتا تھا۔ اسے جو بات سکھا دی جاتی فوراً سمجھ جاتا تھا۔ مالک کی غیر موجودگی میں نہ صرف دوکان کی نگہبانی کرتا، بلکہ گاہکوں سے مزے مزے کی باتیں کرتا رہتا۔ راستے میں آنے جانے والے لوگ بھی اس کی سحر انگیز باتوں سے خوش ہوتے تھے۔ ایک دن دوکاندار کسی ضروری کام کے لیے کہیں گیا ہوا تھا کہ اچانک ایک بلی دوکان کے اندر گھس آئی اور ایک چوھے کے پیچھے بھگی، طوطے نے سمجھا آج میری خیر نہیں، اپنی جان بچانے کی خاطر دوکان میں آگئے….. پیچھے پھڑ پھڑانے لگا۔ اس سے چند روغن بادام کی شیشیاں نیچے گر کر ٹوٹ گئیں۔ دوکاندا واپس آیا تو ہر طرف تیل بکھرا ہوا اور شیشیاں ٹوٹی ہوئی دیکھ کر اسے بہت غصہ آیا۔ اس نے طوطے کو مار مار کر اس کا سر گنجا کر دیا….. طوطے کو بے قصور سزا ملی تھی جس کا اسے بہت رنج ہوا۔ چند لمحے پہلے کہاں وہ بلبل ہزار داستان بنا ہوا تھا اب اس نے بول چال ترک کر دی۔ اس کی شیریں بیانی اور شکر فشانی بالکل جاتی رہی، طوطے کے اس فعل سے دوکاندار کو سخت پریشانی اور ندامت ہوئی اور اپنے کیے پر پچھتایا، دوکاندار کو طوطے سے بڑی محبت تھی، طوطے کی خاموشی اس کیلئے ناقابل برداشت بنتی جا رہی تھی۔ اس نے سوچا اب کیا کروں کیونکہ اس کی توتلی باتوں سے دوکاندار کو بڑا لطف ملتا تھا۔ اس نے کئی دن تک طوطے کی خوشامد کی اور طرح طرح کے پھل دیئے کہ وہ کسی طریقے سے خوش ہو جائے لیکن طوطا بالکل خاموش تھا۔ اس کی دوکان پر جو گاہک آتے تھے، وہ بھی اس کی خاموشی پر تعجب اور افسوس کرتے تھے، دوکاندار نے بڑے جتن کئے لیکن طوطے کی مہرِ سکوت نہ ٹوٹی۔ اس طرح کئی دن گزر گئے، ایک دن بیچارہ دوکاندار اسی غم میں حیران و پریشان دوکان میں بیٹھا ہوا تھا کہ اتنے میں ایک چار ابرو کا صفایا کئے ہوئے گنجا درویش دوکان کے سامنے سے گزرا۔ طوطے نے جونہی اس گنجے فقیر کودیکھا فوراً بلند آواز سے بولا:
’’ سائیاں تو کس سبب سے گنجا ہوا؟ شاید تو نے بھی بوتل سے تیل گرا دیا ہوگا۔‘‘
جو لوگ وہاں موجود تھے طوطے کی اس بات پر ہنس پڑے کہ اس طوطے نے درویش کو بھی اپنے جیسا سمجھا۔

کارِ باکاں را قیاس از خود مگیر
گرچہ باشد در نوشتن شیر شِیر

اللہ کے پاک بندوں کو اپنے جیسا مت سمجھو۔ اگرچہ لکھنے میں شیر اور شِیر کو ایک ہی طرح لکھا جاتا ہے۔ لیکن ان کے معنوں میں فرق ہے۔ شِیر (دودھ) انسان کی خوراک ہے، اور دوسرا شیر جنگل کا بادشاہ، جس کی انسان خوراک ہے۔ دنیا میں بہت سے لوگ اس غلط قیاس آرائی کے سبب گمراہ ہوگئے۔ اپنے غلط قیاس سے کبھی انہوں نے انبیائے علیہم السلام کے ساتھ برابری کا دعویٰ کیا اور کبھی اولیاء اللہ رحمۃ اللہ اجمعین کو اپنے برابر سمجھتے رہے۔ اگر کوئی اس بے ادبی پر اعتراض کرے تو کہتے ہیں ’’ارے ہم بھی انسان ہیں اور یہ بھی انسان‘‘، نبی اگر اپنا لعاب دہن ہنڈیا میں ڈالے…… تو ہزاروں کا لشکر جی بھر کر کھانا کھا لے کھانے میں ذرا برابر بھی کمی واقع نہ ہو۔
برابری کرنے والا یہ بدبخت کھانے کی بھری ہوئی دیگ میں اگر تھوک دے تو دوسرے لوگ تو درکنار اس کے اہلِ خانہ میں سے بھی کوئی اس دیگ سے کھانا نہ کھائے گا۔
وما توفيقی الا بالله

درسِ حیات:
تحقیق کے بغیر کسی کے متعلق یونہی قیاس آرائیاں نہ کرو!

حضرت مولانا جلال الدین رومی رحمۃ اللّٰہ علیہ
کتاب. حکایاتِ رومیؒ


“

Leave a Reply

NZ's Corner