چوہے اور بلی کی کہانی

چوہے اور بلی کی کہانی

یہ چوہے اور بلی کی کہانی نہ جانے کتنی پرانی ہے۔ شاید اس زمانے کی جب انسان بھی دنیا میں نہیں آئے تھے!

یہ اس وقت کی بات ہے جب چوہے اور بلی میں گہری دوستی ہوا کرتی تھی۔ دونوں ساتھ ساتھ رہتے تھے۔

ایک دن دونوں نے مل کر ڈھیر سارا حلوہ پکایا۔ گرمیوں کا موسم تھا اور اتنا سارا حلوہ ایک ساتھ کھایا نہیں جا سکتا تھا۔ اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ حلوے کو جنگل میں ایک گڑھا کھود کر دبا دیتے ہیں، تاکہ سردیوں تک محفوظ رہے۔

چنانچہ انہوں نے حلوہ ایک مرتبان میں ڈالا اور جنگل میں گڑھا کھود کر اسے زمین میں دبا دیا۔

بلی بہت لالچی تھی۔ اگلے ہی روز اس کا دل چاہا کہ تھوڑا سا حلوہ کھایا جائے۔ چنانچہ وہ حلوہ کھانے جانے لگی اور چوہے سے بولی:

“میاؤں! میں اپنی ایک سہیلی سے ملنے جا رہی ہوں۔”

بلی جنگل پہنچی، مرتبان نکالا اور حلوہ کھانے لگی۔ کھاتے کھاتے جب مرتبان میں حلوہ صرف گردن تک رہ گیا تو اس نے مرتبان بند کیا اور دوبارہ زمین میں دبا دیا۔

بلی گھر واپس آئی تو چوہے نے پوچھا:

“بی بلی! تم کس سہیلی سے ملنے گئی تھیں؟”

سہیلی کا تو کوئی نام تھا نہیں۔ بلی کو اور کوئی نام نہ سوجھا تو بولی:

“میاؤں! اس کا نام ہے گردن تک۔”

چوہا بولا:

“بڑا عجیب نام ہے!”

اگلے دن پھر بلی کا دل حلوہ کھانے کو چاہا۔ وہ ایک بار پھر چوہے سے بولی:

“میں اپنی سہیلی کے گھر جا رہی ہوں۔”

جنگل پہنچ کر اس نے مرتبان نکالا اور حلوہ کھانے لگی۔ کھاتے کھاتے مرتبان میں حلوہ آدھا رہ گیا۔ پھر وہ گھر واپس آ گئی۔

چوہے نے پوچھا:

“آج کس سہیلی کے ہاں گئی تھیں؟”

بلی کو پھر کوئی نام نہ سوجھا تو اس نے بہانہ بنایا:

“میاؤں! اس کا نام ہے آدھا ختم۔”

چوہا حیرت سے بولا:

“یہ بھی بہت عجیب نام ہے!”

لالچی بلی اگلے روز پھر سہیلی سے ملنے کا بہانہ بنا کر حلوہ کھانے جنگل پہنچ گئی۔ اس بار تو اس نے پورا مرتبان ہی چٹ کر لیا!

گھر واپس آئی تو چوہے نے پوچھا:

“بی بلی! آج کون سی سہیلی کے پاس گئی تھیں؟”

بلی نے فوراً جواب دیا:

“میاؤں! اس کا نام ہے پورا ختم۔”

یہ سن کر چوہے کا ماتھا ٹھنکا۔ اسے شک ہوا کہ کہیں بلی حلوہ تو نہیں ہڑپ کر گئی۔

وہ جلدی سے جنگل پہنچا، زمین کھود کر مرتبان نکالا تو وہ سارا کا سارا خالی تھا!

چوہا بہت رویا پیٹا اور گھر آ کر بلی پر چلّایا:

“او لالچی بلی! تو نے سارا حلوہ چٹ کر لیا! کتنی محنت سے میں گھی اور چینی لایا، حلوہ تیار کیا، پھر گڑھا کھود کر اسے محفوظ کیا، اور تو نے میرے لیے تھوڑا سا حلوہ بھی نہ چھوڑا!”

بلی نے بے شرمی سے جواب دیا:

“میاؤں! ہاں ہاں، میں سارا حلوہ ہڑپ کر گئی ہوں۔ اب تیری باری ہے!”

یہ کہہ کر بلی چوہے پر لپکی تاکہ اسے بھی ہڑپ کر جائے۔

چوہا آگے آگے اور بلی پیچھے پیچھے!

بڑی مشکل سے چوہے نے اپنی جان بچائی۔

بس اسی دن سے چوہے اور بلی کی دشمنی شروع ہو گئی۔

اور یہاں ختم ہوئی ہماری آج کی کہانی!

ہماری کہانی تو ختم ہو گئی، لیکن بلی اور چوہے کی پکڑن پکڑائی آج بھی جاری ہے!

Leave a Reply

NZ's Corner