کھوپڑی میں شراب پینے کی قسم

کھوپڑی میں شراب پینے کی قسم

کھوپڑی میں شراب پینے کی قسم سے قبولِ اسلام تک: سیدہ سلافہ بنت سعد رضی اللہ عنہا کا ایمان افروز سفر۔
نام سلافہ، والد کا نام سعد تھا۔ سلافہ کی شادی زمانہ جاہلیت میں طلحہ بن ابی طلحہ کے ساتھ ہوئی اور اس نے کئی بیٹوں کو جنم دیا۔ ان بیٹوں کے نام یہ تھے: مسالح ، حارث ، کلاب اور جلاس۔ اس خاندان نے اپنے تئیں یہ عزم کر لیا تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ انتہا درجے کی دشمنی کرنی ہے اور جتنا زیادہ ہم سے ہو سکے آپ کے ساتھ کینہ اور بغض رکھنا ہے۔ انھوں نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ لوگوں کو بھی اس بات پر انگیخت کیا کہ جتنا زیادہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے پیروکار مسلمانوں کے ساتھ کینہ، بغض اور دشمنی کر سکیں کریں۔ اس خاندان نے اس دن اپنی کمینگی کا کھل کر مظاہرہ کیا جب یہ جنگ اُحد میں حصہ لینے کے لیے نکلا تھا ، تا کہ جنگ بدر میں اپنے پیاروں کے قتل کا بدلہ لے سکیں۔ سلافہ قریش کی خواتین کے ساتھ روانہ ہوئی، تا کہ یہ عورتیں مل کر اپنے مردوں کا حوصلہ بلند کریں۔ ان کے دلوں میں جوش و ولولہ پیدا کریں، تا کہ وہ بہادری کے ساتھ میدان جنگ میں مسلمانوں کا مقابلہ کریں اور اپنے مقتولین کا بدلہ لے سکیں ۔ ان عورتوں نے اپنے مردوں سے کہہ رکھا تھا کہ دیکھنا کہیں مسلمانوں کے ہاتھوں گرفتار نہ ہو جانا ۔ خم ٹھونک کر مقابلہ کرنا ، شیر بن کر میدان میں کودنا، جنگ اُحد کے لیے روانہ ہونے والی خواتین جو سلافہ کے ساتھ تھیں، ، ان میں سے نمایاں یہ ہیں: 1 یہ تھیں: ابو سفیان بن حرب کی بیوی ہند بنت عتبہ، عکرمہ بن ابی جہل کی بیوی ام حکیم بنت حارث، عمرو بن عاص کی بیوی ریطہ بنت منبہ اور صفوان بن امیہ کی بیوی برزه یا بره

سب خواتین بڑے جوش و ولولے کے ساتھ مشرکین مکہ کے ہمراہ جنگ اُحد کے لیے روانہ ہوئیں۔ میدان احد میں تلواروں کی جھنکار سنائی دی اور گھمسان کا رن پڑا۔ معرکے کے آغاز میں مسلمانوں کا پلہ بھاری رہا، پھر جنگ نے پلٹا کھایا اور مشرکین کا پلہ بھاری ہو گیا۔

ہوا یہ کہ پہاڑی کے درے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تیراندازوں کا ایک جتھا متعین کیا تھا

اور انھیں یہ حکم دیا کہ جنگ کی کوئی بھی صورت ہو تم نے اس درے کو نہیں چھوڑنا، یہاں ہر صورت جمے رہنا ہے۔ لیکن انھوں نے جب دیکھا کہ لشکر اسلام کا پلہ بھاری ہے، کافر میدان چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں ، مال غنیمت کو اکٹھا کیا جا رہا ہے تو یہ تیر انداز درے کو چھوڑ کر میدان میں اتر آئے اور مال غنیمت اکٹھا کرنے لگے۔

لشکر کفار کے شہسواروں کے قائد خالد بن ولید نے درے کو خالی دیکھا تو اس راستے سے لشکر اسلام پر اچانک حملہ کر دیا اور کثیر تعداد میں مسلمانوں کو قتل کیا۔ جنگ کا پانسہ پلٹ گیا، مسلمانوں کے پاؤں میدان میں جم نہ سکے ۔ ادھر وحشی بن حرب نے موقع پاکر نیزہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چچا سید نا حمزہ بن عبد المطلب رضی اللّہ عنہ کے سینے میں اتار دیا، جس سے وہ جام شہادت نوش کر گئے ۔ اس دن غسیل الملائکہ سید نا حنظلہ ، سیدنا عبد اللہ بن عمرو بن حرام ، سیدنا سعد بن ربیع ، سیدنا انس بن نضر ، سیدنا عمرو بن جموح ، سیدنا مصعب بن عمیر اور سید نا عبد اللہ بن جحش بینی رضوان اللہ علیہم اجمعین جیسے جلیل القدر صحابہ کرام جام شہادت نوش کر گئے ۔ ۔ .

سلافہ کی سید نا عاصم رضی اللّہ عنہ کے خلاف نذر ماننا:

سلافہ کو اس دن بڑا صدمہ پہنچا جب اس کا خاوند اور چار بیٹے قتل کر دیے گئے، عاصم بن ابی افلح رضی اللّہ عنہ نے اس کے دونوں بیٹوں مسافع اور اس کے بھائی کلاب کو قتل کیا۔ جس کو بھی عاصم رضی اللّہ عنہ  کا تیر لگتا تو وہ زخمی حالت میں اپنی والدہ سلافہ کے پاس آکر اپنا سر اس کی گود میں رکھ دیتا اور درد سے کراہتا ۔ سلافہ نے درد بھرے انداز میں پوچھا: میرے بیٹو! یہ تیر تمھیں کس نے مارے؟ انھوں نے بتایا جس شخص نے  تیر مارا اس نے تیر مارتے وقت بآواز بلند کہا تھا، لیجیے  افلح کے فرزند کی طرف سے تحفہ ، سن لو کہ میں افلح کا فرزند ہوں ۔

سلافہ نے اسی دن نذر مان لی کہ اگر کسی وقت عاصم رضی اللّہ عنہ اس کی گرفت میں آیا تو میں اس کے سر کی کھوپڑی میں شراب پیوں گی ۔

سید نا عاصم رضی اللہ عنہ نے اللہ تعالی سے دعا کی تھی کہ کوئی مشرک اس کے بدن کو چھو نہ سکے۔

جب جنگ رجیع میں سیدنا عاصم رضی اللّہ عنہ کو شہید کر دیا گیا تو قبیلہ بنو ہذیل کے ساتھ تعلق رکھنے والے اس کے قاتلوں نے یہ ارادہ کیا کہ سید نا عاصم رضی اللّہ عنہ کا سر سلافہ کو بیچ دیا جائے ، تاکہ وہ اپنی نذر پوری کر سکے۔ جب قریش کو پتا چلا کہ سیدنا عاصم رضی اللّہ عنہ شہید ہو گئے ہیں تو قریش نے چند افراد کو بھیجا کہ اس کے جسم کا کوئی حصہ کاٹ کر لے آئیں ۔ کیونکہ اس نے قریش کے ایک نامی گرامی سردار کو جنگ بدر میں قتل کیا تھا۔ ادھر اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے شہد کی مکھیوں کا لشکر سید نا عاصم رضی اللّہ عنہ کی حفاظت کے لیے بھیج دیا۔ شہد کی مکھیوں نے سید نا عاصم رضی اللّہ عنہ کے جسم کو اپنے گھیرے میں لے لیا۔

قریش کے جو نمائندے وہاں آئے تھے ان کے لیے سیدنا عاصم رضی اللّہ عنہ کے جسم کا گوشت کاٹنا ممکن نہ رہا۔ وہ صورت حال دیکھ کر کہنے لگے: رات آنے کا انتظار کرتے ہیں، جب رات کا اندھیرا چھا جائے گا تو مکھیاں چلی جائیں گی اور ہم آسانی سے لاش تک پہنچ سکیں گے۔ لیکن جب رات آئی تو اللہ تعالیٰ نے سیلاب کا ریلا بھیجا جو سیدنا عاصم رضی اللّہ عنہ کی لاش کو بہا کر لے گیا، اس طرح اللہ تعالیٰ نے مشرکین کی دست برد سے سید نا عاصم رضی اللّہ عنہ کے جسم کو بچالیا۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفا سلافہ کے اسلام قبول کرنے کا سبب بنی:

جب عثمان بن ابی طلحہ رضی اللّہ عنہ مسلمان ہوئے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی والدہ سلافہ سے کعبہ کی چابیاں لائے ، یہ فتح مکہ کا دن تھا۔ سیدنا علی بن ابی طالب علیہ السلام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مطالبہ کیا سقایہ اور حجابہ کے عہدے بنو عبد المطلب کے حوالے کر دیے جائیں، لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا اور فرمایا، اللہ تعالیٰ کا حکم ہے:

﴾ (النساء: ۳/ ۵۸) اللہ تمھیں حکم دیتا ہے کہ امانتیں اہل امانت کے سپرد کر دو۔“

پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کعبہ کی چابی عثمان بن ابی طلحہ کو واپس کر دی ۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم   نے ا چابی دیتے ہوئے فرمایا: اے بنوابی طلحہ ! یہ چابی قیامت تک تمہارے ہی خاندان میں رہے گی۔ اسے سنبھال لو، اسے کوئی ظالم ہی تم سے لے گا۔

جب عثمان بن ابی طلحہ رضی اللّہ عنہ نے چابی اپنی والدہ سلافہ کو واپس کی تو سلافہ دیکھتی ہی رہ گئی۔ اس کے وہم و گمان میں بھی یہ نہیں تھا کہ یہ چابی واپس ملے گی۔ لیکن جب اس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ۔

کی طرف سے عام معافی کا اعلان سنا کہ آپ نے فرمایا :

جاؤ تم سب آزاد ہو۔“

تو اسے یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ اتنی بڑی معافی کا اعلان بھی ہو سکتا ہے۔ وہ سن کر خوشی سے جھوم اٹھی اور اسی وقت اپنے بیٹے عثمان بن ابی طلحہ کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر اسلام قبول کر لیا اور پھر بقیہ زندگی اسلام کے ساتھ وابستہ رہیں اور اسلام ہی کی حالت میں وفات پا کر اپنے خالق حقیقی سے جاملیں۔ اللہ سبحانہ و تعالی سیدہ سلافہ رضی اللّہ عنہا ا پر اپنی

رحمت کا سایہ دراز کرے۔ آمین یا رب العالمین !
دوستو….!!! چلتے چلتے ایک آخری بات عرض کرتا چلوں کہ اگر کبھی کوئی ویڈیو، قول، واقعہ کہانی یا تحریر وغیره اچھی لگا کرئے تو مطالعہ کے بعد مزید تھوڑی سے زحمت فرما کر اپنے دوستوں سے بھی شئیر کر لیا کیجئے، یقین کیجئے کہ اس میں آپ کا بمشکل ایک لمحہ صرف ہو گا لیکن ہو سکتا ہے اس ایک لمحہ کی اٹھائی ہوئی تکلیف سے آپ کی شیئر کردا تحریر ہزاروں لوگوں کے لیے سبق آموز ثابت ہو دوستو ہماری سپورٹ کے لیے پوسٹ اچھی لگے تو فالو ضرور کیا کریں بہت شکریہ۔❤️

جزاک اللہ خیرا کثیرا۔
وَصَلَّى اللَّهُ عَلَى النَّبِيِّ مُحَمَّدٍ وَ عَلَى آلِهِ وَ أَصْحَابِهِ وَسَلَّمَ

صحیح بخاری کتاب المغازی باب غزوة الرجيع واعلى: ۳۰۸۶
سيرة ابن هشام (۲۵۲) و ما بعده سيرة ابن اسحاق (ص: ۱۱۳) وما بعده) سيرة النبي لابن کثیر (۳/ ۲۵) و ما بعده) نیز دیکھئے: صحیح بخاری، کتاب المغازی باب غزوة وصحيح مسلم۔ كتاب الجهاد باب غزوة احد.

سيرة ابن هشام (۲) ۷۴ ، (۱۷۱) سیره ابن اسحاق (۱) ص / ١١٦) دلائل النبوة للبيهقى (۲) ۴۰۳) حلية الأولياء (1/ 111) تاریخ طبری (۲) ۷۷) سيرة النبي لابن كثير (۳/ ۱۳۵)

Leave a Reply

NZ's Corner