ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ایک گاؤں میں درخت پر چڑیوں کا ایک چھوٹا سا مگر خوشحال کنبہ رہتا تھا۔
ایک دن گھر کے سربراہ چڑے کو بھوک لگی تو وہ بیوی کے پاس پہنچا اور بولا:
’’کھانا بناؤ!‘‘
چڑیا نے کہا:
’’سرتاج! آپ سامنے والے کھیت سے چاول کا ایک دانا لے آئیں، میں مکان مالکن سے مسور کی دال کا ایک دانا لے آتی ہوں۔ پھر ہمیشہ کی طرح کھچڑی بنائیں گے، تھوڑے کو بہت جانیں گے، اللہ کا شکر ادا کریں گے اور شام کو سکون سے سو جائیں گے۔‘‘
چڑا بولا:
’’نہ بابا نہ! برسوں سے وہی کھچڑی کھا کھا کر میرا تو پیٹ خراب ہو گیا ہے۔ تمہارے میکے والوں نے کچھ اور پکانا نہیں سکھایا؟ کبھی تو کوئی نئی ڈش بنا لیا کرو!‘‘
چڑیا بولی:
’’سرکار! کام کاج تو آپ کرتے نہیں، مگر فرمائشیں مغل بادشاہوں جیسی ہیں۔ حرام ہے جو کبھی اپنی محنت کی کمائی کا ایک دھیلا بھی گھر لائے ہوں۔ گھر میں اناج کا ایک دانہ تک موجود نہیں، نئی ڈش کہاں سے بناؤں؟
اور خبردار! آئندہ میرے میکے کے بارے میں ایک لفظ بھی منہ سے نکالا تو۔ ہمارے گھر میں تو کھانا پکانے کے لیے نوکر چاکر ہوا کرتے تھے۔ ہائے! کیا دور تھا! امّاں کی نیم جیسی ٹھنڈی چھاؤں، ابّا کی پیپل جیسی مضبوط شفقت، بھائیوں کا تحفظ، بہنوں کا ساتھ اور سہیلیوں کی محفلیں! میرا میکا تو گویا جنت تھا۔
پتا نہیں کون سی منحوس گھڑی تھی جب میرے والدین نے تم جیسے ٹٹ پونجیے کے ساتھ میرا نصیب جوڑ دیا۔ تب سے ہانڈی چولہا، بچے اور گھر سنبھالتے سنبھالتے میری تو کمر ہی جواب دے گئی ہے!‘‘
چڑا جھنجھلا کر بولا:
’’نیک بخت! ایک تو تم انسانوں کی بیویوں کی طرح کام کم اور بک بک زیادہ کرتی ہو۔ روز کی چیں چیں سے دماغ پھٹنے لگتا ہے۔ خیر، آج کچھ ڈھونڈ کر لاتا ہوں تاکہ کھچڑی کے بجائے چٹ پٹی بریانی بنائی جا سکے۔‘‘
یہ کہہ کر چڑا پھُر سے اڑا اور بریانی کا سامان جمع کرنے نکل پڑا۔
گوشت کے لیے قصاب کی دکان پر پہنچا تو چھیچھڑوں میں پڑا ایک چھوٹا سا ٹکڑا منہ میں دبایا اور اڑنے لگا۔ مگر وہاں پہلے سے تاک میں بیٹھی ایک بلی نے اسے دبوچ لیا۔
بلی اسے کھانے لگی تو چڑا گڑگڑا کر بولا:
’’بی بلی! میری ننھی سی جان بخش دو۔ اگر تم نے مجھے کھا لیا تو میری معصوم بیوی بیوہ اور میرے ننھے منے بچے یتیم ہو جائیں گے!‘‘
بلی بچپن سے ایسی فریادیں نہ جانے کتنے چوہوں، چڑیوں اور کبوتروں سے سن چکی تھی۔ اس نے چڑے کی التجاؤں پر ذرا کان نہ دھرا اور ایک ہی لقمے میں اسے ہڑپ کر گئی۔
جب بیوی کو پڑوسیوں سے اس اندوہناک حادثے کی خبر ملی تو اس نے ایک سرد آہ بھری اور غم سے نڈھال ہو کر وہیں دم توڑ دیا۔
سبق:
– گھر کا مرد محنت نہ کرے تو معاشی تنگی گھر کا مقدر بن جاتی ہے۔
– بے جا خواہشات اور اپنی حیثیت سے بڑھ کر توقعات نقصان کا باعث بنتی ہیں۔
– میاں بیوی کی مسلسل تلخ کلامی گھر کا سکون برباد کر دیتی ہے۔
– لڑائی جھگڑے کا مطلب یہ نہیں کہ میاں بیوی کے درمیان محبت باقی نہیں رہی۔
– دنیا میں کون شکاری کس کی گھات میں بیٹھا ہے، اس کا اندازہ نہ ہو تو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
– جس کی زندگی کسی دوسرے کی موت پر منحصر ہو، اس سے رحم کی امید رکھنا عبث ہے۔
– جس سے رحم کی امید نہ ہو، اس کے سامنے رحم کی بھیک مانگنا بھی کارِ ہے


