ایک شخص ہر روز رات کی تنہائی میں اللہ تعالیٰ کا ذکر کیا کرتا تھا۔ اس معمول میں اس نے کبھی ناغہ نہیں کیا تھا۔
ایک روز شیطان نے اس کے دل میں وسوسہ ڈالا:
’’اے شخص! تو ہر روز رات کو اللہ اللہ کرتا ہے۔ اس بات کو ایک مدت گزر چکی ہے، مگر کیا کبھی ایک بار بھی اللہ تعالیٰ کی بارگاہ سے جواب میں لبیک سنائی دی ہے؟ تو کس عاجزی اور انکساری سے اللہ اللہ کی ضربیں لگاتا ہے، لیکن بارگاہِ خداوندی سے تجھے ایک جواب تک نہیں ملا!‘‘
یہ خیال دل میں آتے ہی وہ شخص پریشان ہوگیا اور شکستہ خاطر ہو کر لیٹ گیا۔
اسی رات خواب میں اسے حضرت خضرؑ کی زیارت ہوئی۔ آپؑ نے اس سے پوچھا:
’’اے اللہ کے بندے! تو نے اللہ کے ذکر سے منہ کیوں موڑ لیا؟‘‘
اس شخص نے عرض کیا:
’’میں ہر روز اللہ اللہ کیا کرتا تھا، لیکن جواب میں کبھی لبیک سنائی نہیں دی۔ اس لیے مجھے ڈر محسوس ہونے لگا کہ شاید میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مردود ہوں۔‘‘
یہ سن کر حضرت خضرؑ نے فرمایا:
’’اے شخص! اللہ تعالیٰ نے مجھ سے فرمایا ہے کہ جاؤ، میرے اس بندے سے کہہ دو کہ تیرا اللہ اللہ کہنا میرے ہی کرم کا نتیجہ ہے۔ کیا میں نے تجھے اپنے ذکر میں مشغول نہیں کر رکھا؟‘‘
یہ خواب دیکھتے ہی وہ شخص ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھا، صدقِ دل سے توبہ کی اور دوبارہ اللہ تعالیٰ کے ذکر میں مشغول ہوگیا۔
پیارے قارئین!
اسے انسان کی ناسمجھی کہیں یا شیطان کی چال کہ انسان اس کے وسوسوں کے شکنجے میں آ ہی جاتا ہے۔ شیطان اپنی ازلی دشمنی کے باعث انسان کے دل میں طرح طرح کے وسوسے پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
لیکن یاد رکھیے! جب ہمارے دل میں نیکی اور بھلائی کا خیال پیدا ہوتا ہے اور ہم کسی اچھے کام کی طرف قدم بڑھاتے ہیں تو یہ بھی ہمارے پروردگار کا خاص کرم اور اس کی عطا کردہ توفیق ہوتی ہے کہ اس نے ہمارے دل کو نیکی کی طرف مائل کیا اور ہمیں سیدھے راستے پر چلنے کی ہمت بخشی۔
وہی رب دلوں کو پھیرنے والا اور ہر معاملے میں کارساز ہے۔
اللہ پاک ہم سب کے دلوں کو نورِ ایمان سے روشن رکھے، نیکی کی توفیق عطا فرمائے اور شیطانِ مردود کے شر سے محفوظ رکھے۔
آمین یا رب العالمین!
مزید اس طرح کے اچھی باتوں کے لئے ہمیں فالو کریں شکریہ


