یقین

یقین

ایک بار ایک آدمی صحرا میں راستہ بھٹک گیا۔ اس کے پاس جو تھوڑا سا کھانا اور پانی تھا، وہ ختم ہو چکا تھا۔ پچھلے دو دنوں سے وہ ایک قطرہ پانی کے لیے بھی ترس رہا تھا۔

اسے معلوم تھا کہ اگر جلد پانی نہ ملا تو وہ چند گھنٹوں میں مر جائے گا۔ پھر بھی اس کے اندر ایک چھوٹی سی امید زندہ تھی، اس نے تلاش جاری رکھی۔ وہ ہمت نہیں ہارا۔

اسے یقین تھا کہ کہیں نہ کہیں پانی ضرور ملے گا۔ تبھی اسے ایک جھونپڑی نظر آئی۔ پہلے تو اس نے اپنی آنکھوں پر یقین نہ کیا۔

اس سے پہلے بھی وہ کئی بار صحرا کے سراب سے دھوکہ کھا چکا تھا۔ مگر اس بار اس کے پاس یقین کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔ آخر یہی اس کی آخری امید تھی۔

اس نے اپنی بچی کھچی طاقت جمع کی اور جھونپڑی کی طرف بڑھا۔ جتنا قریب گیا، اتنی ہی امید بڑھتی گئی۔ اس بار قسمت اس کے ساتھ تھی۔ جھونپڑی واقعی موجود تھی۔

مگر جب وہ اندر پہنچا، تو دیکھا کہ جھونپڑی سنسان تھی۔ جیسے وہاں سالوں سے کوئی نہ آیا ہو۔ پھر بھی، پانی کی امید میں وہ اندر چلا گیا۔

اندر جا کر وہ حیران رہ گیا۔ وہاں ایک ہاتھ سے چلنے والا پانی کا پمپ تھا۔ اس منظر سے اسے نئی توانائی ملی۔ وہ دوڑا، اور فوراً پمپ چلانے لگا۔

مگر پمپ خشک تھا۔ لگتا تھا کافی عرصے سے استعمال نہیں ہوا تھا۔ مایوس ہو کر وہ زمین پر گر پڑا۔ اب اسے یقین ہو چلا تھا کہ وہ مر جائے گا۔

اسی لمحے اس نے چھت سے لٹکی ہوئی ایک بوتل دیکھی۔ کسی طرح وہ بوتل تک پہنچا۔ وہ اسے کھول کر پینا چاہتا تھا کہ اس پر ایک پرچی چپکی ہوئی دیکھی۔ پرچی پر لکھا تھا:

“یہ پانی پمپ میں ڈالیں تاکہ وہ چل سکے۔ اور اگلے شخص کے لیے دوبارہ بوتل بھرنا نہ بھولیں۔”

وہ الجھن میں پڑ گیا۔ کیا وہ یہ پانی پی لے اور اپنی جان بچا لے؟ یا پمپ میں ڈالے، اس امید پر کہ وہ کام کرے گا؟

کئی خیالات اس کے ذہن میں آئے۔ اگر پمپ نے پانی نہ دیا تو؟ اگر پرچی جھوٹ نکلی اور نیچے زمین میں بھی پانی نہ ہوا؟ مگر اگر پمپ نے کام کر دیا تو؟ اور خوب پانی مل گیا؟ وہ غیر یقینی میں تھا۔

آخرکار اس نے پرچی پر یقین کرنے کا فیصلہ کیا۔ کانپتے ہاتھوں سے اس نے پانی پمپ میں ڈال دیا۔

پھر اُس نے امید کے ساتھ پمپ چلانا شروع کیا۔

چند بار کوشش کے بعد، پانی بہنے لگا۔ ٹھنڈا، تازہ پانی! وہ جتنا چاہا پیتا رہا۔ اس کا دماغ صاف ہو گیا، زندگی کی رمق لوٹ آئی۔

اس نے بوتل دوبارہ پانی سے بھری اور اُسے دوبارہ چھت سے باندھ دیا، جیسا کہ پرچی میں لکھا تھا۔

اسی دوران، اس نے ایک اور شیشے کی بوتل دیکھی۔ اس میں ایک پنسل اور ایک نقشہ تھا جو صحرا سے نکلنے کا راستہ دکھاتا تھا۔

اس نے راستہ یاد کیا، نقشہ وہیں رکھا، اپنی پانی کی بوتلیں بھریں، اور روانہ ہونے لگا۔

کچھ دور جا کر رُکا، پلٹ کر جھونپڑی کو دیکھا۔ ایک لمحے کو سوچا، پھر واپس آیا اور پرچی پر لکھ دیا:

“مجھ پر یقین کرو، یہ پمپ واقعی کام کرتا ہے!”

یاد رکھیں!
زندگی میں اپنے لیے تو عمر بھر ہی کچھ نا کچھ کرنا ہے۔ لیکن پیچھے آنے والوں کے لیے بھی بہتر مواقع چھوڑیں۔ کم از کم دوسروں کے لیے بہتر راستے کی نشاندہی ضرور کریں۔ کامیابی یہ نہیں کہ آپ نے اپنی زندگی میں بہتری کیسے حاصل کی۔ کامیابی یہ ہے کہ آپ کی وجہ سے کتنے لوگوں نے خود کو بہتر بنایا۔

Leave a Reply

NZ's Corner