ایک مکڑی اپنے جال کے درمیان خاموش بیٹھی ہے۔ اس نے بڑی محنت سے یہ جالا تیار کیا ہے۔ اس کے باریک ریشمی دھاگے اردگرد کی شاخوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ کوئی مکھی، مچھر یا دوسرا کیڑا اس جال میں پھنس جائے تو اس کی معمولی سی حرکت بھی مکڑی تک پہنچ جاتی ہے۔ مکڑی کو اپنے جال پر بہت بھروسا ہے۔ آخر یہی تو اس کا گھر ہے، یہی شکار پکڑنے کا ذریعہ اور یہی خطرے سے خبردار کرنے والا نظام۔
اچانک جال کے ایک کونے میں ہلکی سی لرزش پیدا ہوتی ہے۔
مکڑی فوراً متوجہ ہوجاتی ہے۔
شاید کوئی چھوٹا کیڑا پھنس گیا ہے….. وہ کچھ دیر انتظار کرتی ہے۔ پھر جال میں دوبارہ حرکت ہوتی ہے۔ اس مرتبہ وہ آہستہ آہستہ اس سمت بڑھنے لگتی ہے۔ لیکن اسے معلوم نہیں کہ جال میں کوئی کیڑا نہیں پھنسا۔
وہاں ایک دوسری مکڑی موجود ہے، جو نہایت احتیاط سے ریشمی دھاگوں کو ہلا رہی ہے۔اور اس کا مقصد جال کی مالک کو اپنے قریب بلانا ہے…
اس شکاری مکڑی کا تعلق Portia نامی جنس سے ہے، جو چھلانگ لگانے والی مکڑیوں کے خاندان Salticidae میں شامل ہے۔ عام طور پر چھلانگ لگانے والی مکڑیاں اپنی تیز نظر اور اچانک حملہ کرنے کی صلاحیت کے لیے مشہور ہیں، لیکن پورشیا کی بعض انواع نے شکار کرنے کا ایک ایسا انداز اختیار کیا ہے جو غیرمعمولی طور پر پیچیدہ ہے۔
یہ دوسری مکڑیوں کا شکار کرتی ہیں۔
اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا شکار خود بھی ایک شکاری ہوتا ہے… ذرا سوچیں، ایک ایسی مخلوق جو دوسرے کیڑوں کو جال میں پھنسا کر کھاتی ہے، اب خود کسی دوسری مکڑی کے نشانے پر ہے۔ پورشیا جب کسی مکڑی کے جال کے قریب پہنچتی ہے تو ہمیشہ فوراً حملہ نہیں کرتی۔ وہ پہلے جال کی ساخت، شکار کی موجودگی اور اس کی حرکات کا جائزہ لے سکتی ہے۔
پھر مناسب موقع پر جال کے ریشمی دھاگوں کو اپنی ٹانگوں اور منہ کے قریب موجود مخصوص اعضا کی مدد سے ہلانا شروع کرتی ہے۔
یہاں ایک دلچسپ بات سمجھنا ضروری ہے۔ جال بنانے والی بہت سی مکڑیوں کے لیے ان کا جالا محض شکار پکڑنے کا پھندا نہیں ہوتا بلکہ اردگرد کی دنیا سے معلومات حاصل کرنے کا ایک حساس ذریعہ بھی ہوتا ہے۔
جال کے دھاگوں میں پیدا ہونے والی لرزش سے مکڑی کو اندازہ ہوسکتا ہے کہ کوئی کیڑا پھنسا ہے، کوئی دوسرا جاندار قریب آیا ہے یا جال میں کوئی اور حرکت ہوئی ہے۔ پورشیا اسی نظام کو اس کے مالک کے خلاف استعمال کرتی ہے. وہ بعض اوقات ایسی لرزش پیدا کرتی ہے جو جال میں پھنسے ہوئے کسی کیڑے کی حرکت سے مشابہ ہوتی ہے۔
جال کی مالک مکڑی اسے ممکنہ شکار سمجھ کر قریب آنے لگتی ہے۔
لیکن یہاں کہانی ایک نیا رخ اختیار کرتی ہے۔ فرض کریں کہ جال کی مالک مکڑی اس اشارے پر کوئی ردعمل نہیں دیتی۔
تو کیا پورشیا مایوس ہوکر واپس چلی جاتی ہے؟
ضروری نہیں.
سائنسی تجربات میں دیکھا گیا ہے کہ پورشیا مختلف قسم کے ارتعاشی اشارے آزما سکتی ہے۔
کبھی دھاگے کو ہلکے سے کھینچتی ہے، کبھی مختلف انداز میں حرکت دیتی ہے اور کبھی اشاروں کی ترتیب بدل دیتی ہے۔
پھر وہ شکار کے ردعمل کو دیکھتی ہے۔ اگر کسی مخصوص اشارے پر جال کی مالک مکڑی مطلوبہ انداز میں حرکت کرے تو پورشیا اسی اشارے کو دہرانے لگتی ہے۔ اگر وہ اشارہ مؤثر نہ رہے تو پورشیا دوبارہ دوسرے طریقے آزما سکتی ہے۔
یعنی یہ مکڑی محض ایک ہی طریقے سے شکار نہیں کرتی بلکہ بعض حالات میں آزمائش اور ردعمل کی بنیاد پر اپنی حکمتِ عملی بدلتی ہے. اب ذرا اس منظر کو دوبارہ تصور کریں۔
ایک مکڑی اپنے جال کے درمیان بیٹھی ہے۔ کوئی اجنبی اس کے جال پر ایسے اشارے بھیج رہا ہے جنہیں وہ ممکنہ خوراک یا دوسری معمول کی حرکت سمجھ سکتی ہے۔ وہ قریب آتی ہے۔ اجنبی مزید اشارے پیدا کرتا ہے۔ اور پھر مناسب فاصلے پر پہنچتے ہی اچانک حملہ کردیتا ہے!
لیکن پورشیا کی حیران کن صلاحیتیں یہاں ختم نہیں ہوتیں۔ محققین نے اس کے شکار کرنے کے انداز میں ایک اور غیرمعمولی رویہ دریافت کیا ہے۔
یہ مکڑی بعض اوقات ہوا کو بھی اپنے شکار کے لیے استعمال کرتی ہے. جب تیز ہوا چلتی ہے تو مکڑی کے جال میں بہت سی غیرضروری لرزشیں پیدا ہوتی ہیں۔ جال کی مالک کے لیے ان تمام ارتعاشات میں فرق کرنا نسبتاً مشکل ہوسکتا ہے۔
پورشیا اس موقع سے فائدہ اٹھاتی ہے۔ تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ پورشیا کی بعض انواع جال میں پیدا ہونے والی بیرونی لرزشوں کے دوران زیادہ حرکت کرتی ہیں اور شکار کے قریب پہنچنے کی کوشش کرتی ہیں۔
یعنی جب ہوا جال کو ہلا رہی ہوتی ہے تو پورشیا کی اپنی حرکات سے پیدا ہونے والے اشارے دوسری لرزشوں میں دب سکتے ہیں۔ یہ کچھ ایسا ہے جیسے کوئی شخص شور شرابے کے دوران خاموشی سے کسی کے قریب پہنچ جائے، کیونکہ اس کے قدموں کی آواز اردگرد کے شور میں چھپ جائے۔ اس رویے کو سائنس دانوں نے ایک قسم کی موقع شناس پوشیدہ پیش قدمی قرار دیا ہے۔
لیکن اب اس کہانی کا شاید سب سے حیران کن حصہ سنیں۔
پورشیا بعض حالات میں اپنے شکار تک پہنچنے کے لیے سیدھا راستہ چھوڑ کر ایک لمبا اور پیچیدہ راستہ بھی اختیار کرسکتی ہے. عام طور پر ہم سمجھتے ہیں کہ ایک چھوٹا سا جاندار اپنے سامنے موجود شکار کو دیکھ کر سیدھا اس کی طرف بڑھے گا۔ لیکن پورشیا کے ساتھ ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا۔
سائنس دانوں نے تجربات میں اس کے سامنے ایسے راستے رکھے جن میں شکار تک براہِ راست پہنچنا ممکن نہیں تھا۔
مکڑی کو پہلے اپنے شکار کی جگہ دیکھنی پڑتی تھی، پھر ایک ایسا راستہ اختیار کرنا پڑتا تھا جو ابتدا میں اسے شکار سے دور لے جاتا تھا۔ بعض تجربات میں راستے کے دوران شکار اس کی نظروں سے بھی اوجھل ہوجاتا تھا۔ اس کے باوجود پورشیا کئی مواقع پر درست راستہ منتخب کرنے میں کامیاب رہی۔
ایک ننھی سی مکڑی اپنے سامنے موجود شکار کو دیکھتی ہے، پھر اس تک پہنچنے کے لیے ایسے راستے پر چل پڑتی ہے جو بظاہر غلط سمت میں جاتا ہے۔ وہ فوراً شکار کی طرف چھلانگ نہیں لگاتی بلکہ راستے کی ساخت کے مطابق اپنی پیش قدمی کرتی ہے۔سائنس دان اس رویے کو راستہ منتخب کرنے، بصری معلومات استعمال کرنے اور محدود درجے کی منصوبہ بندی جیسی علمی صلاحیتوں کے تناظر میں مطالعہ کرتے ہیں۔
اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ پورشیا انسانوں کی طرح سوچتی ہے یا اس کے دماغ میں انسانی منصوبہ بندی جیسا نظام موجود ہے۔ لیکن اتنے چھوٹے اعصابی نظام کے ساتھ اس طرح کے پیچیدہ رویے دکھانا واقعی حیران کن ہے۔
اور ایک بات تو ہم ابھی بھول ہی گئے. پورشیا جس مکڑی کا شکار کرنے جاتی ہے، وہ خود بھی اسے پکڑ کر کھا سکتی ہے۔
یعنی یہاں معمولی سی غلطی شکاری کو شکار بنا سکتی ہے۔
اسی لیے اس کی کامیابی صرف طاقت یا تیز رفتاری پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ مناسب اشارے، درست وقت، محتاط حرکت اور حالات کے مطابق رویہ بدلنے کی صلاحیت بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
بیالوجی میں کسی شکاری کی طرف سے ایسے اشاروں کی نقل کرنا جو شکار کو دھوکے سے قریب لے آئیں، جارحانہ نقالی Aggressive Mimicry کہلاتا ہے۔ پورشیا اس کی ایک غیرمعمولی مثال ہے۔
ایک طرف جال بنانے والی مکڑیوں میں اپنے جال کے ارتعاشات کو پہچاننے کی صلاحیتیں ارتقا پذیر ہوئی ہیں، دوسری طرف پورشیا جیسی شکاری مکڑیوں میں انہی حسی نظاموں سے فائدہ اٹھانے کے طریقے پیدا ہوئے ہیں۔ یہ قدرت میں شکاری اور شکار کے درمیان جاری ارتقائی مقابلے کی ایک شاندار مثال ہے۔
ہم انسان اکثر ذہانت کو بڑے دماغ، پیچیدہ زبان اور جدید آلات کے ساتھ جوڑتے ہیں.
لیکن پورشیا سے یہ سبق ملتا ہے کہ پیچیدہ مسائل حل کرنے کی صلاحیتیں جانوروں کی دنیا میں مختلف شکلوں میں پائی جاتی ہیں۔ اس مکڑی کے پاس نہ انسانی زبان ہے، نہ کوئی ہتھیار، نہ ہی ایسا دماغ جس کا حجم ہماری انگلی کے ناخن کے برابر ہو۔ اس کے باوجود یہ اپنے شکار کے حسی نظام سے فائدہ اٹھاتی ہے، مختلف اشارے آزماتی ہے، موقع کے مطابق اپنی حرکت بدلتی ہے اور بعض حالات میں پیچیدہ راستے بھی منتخب کرسکتی ہے۔
اور قدرت کا سب سے حیران کن پہلو شاید یہی ہے کہ کبھی کبھی جس نظام پر کوئی جاندار اپنی زندگی کے لیے انحصار کرتا ہے، کوئی دوسرا جاندار اسی نظام کو اس کی موت کا ذریعہ بنا دیتا ہے.


