کہتے ہیں، کسی زمانے میں ایک بادشاہ کا بیٹا وزیر کے بیٹے کے ساتھ تعلیم حاصل کرتا تھا۔ ایک روز شہزادے نے وزیر زادے سے کہا:
’’اگر ہم پڑھتے پڑھتے سو گئے تو ہم میں سے جو پہلے جاگے گا، وہ دوسرے کو بھی جگا دے گا۔‘‘
کچھ دیر بعد دونوں سو گئے۔ اگلی صبح وزیر زادے کی آنکھ پہلے کھلی تو اس نے وعدے کے مطابق شہزادے کو بھی جگا دیا۔ شہزادے نے آنکھیں کھولیں تو اچانک رونے لگا۔ وزیر زادے نے وجہ پوچھی، مگر وہ خاموش رہا۔ ملکہ اور بادشاہ نے بھی بہت پوچھا، لیکن شہزادے نے کسی کو کچھ نہ بتایا۔
بادشاہ نے اسے مسلسل روتے دیکھا تو وزیر زادے کو اس کا ذمہ دار ٹھہرا کر پھانسی کا حکم دے دیا۔ بادشاہ کا خیال تھا کہ اس نے رات کو شہزادے سے کوئی ایسی بات کہی ہے جس سے وہ صدمے میں چلا گیا ہے۔
آخر پھانسی کا دن آ پہنچا۔ جب جلاد وزیر زادے کو پھندے کے قریب لے گئے تو شہزادے نے اپنی خاموشی توڑ دی۔
’’اسے کچھ مت کہیے! اس نے مجھے نہ کوئی بری بات کہی، نہ کوئی تکلیف پہنچائی۔ ہم نے صرف یہ طے کیا تھا کہ جو پہلے جاگے گا، دوسرے کو بھی جگا دے گا۔ اس نے اپنا وعدہ پورا کیا، مگر جس وقت اس نے مجھے جگایا، میں ایک نہایت حسین خواب دیکھ رہا تھا۔ خواب میں ایک ایسا شہر تھا جہاں ہر چیز سبز تھی۔ شہر کے درمیان ایک سبز دریا بہتا تھا اور اس کے کنارے ایک سبز محل تھا۔ محل میں ایک ایسی حسین سبز پری کھڑی مسکرا رہی تھی کہ میں پہلی ہی نظر میں اس کا اسیر ہو گیا۔ میں اس سے بات کرنے ہی والا تھا کہ وزیر زادے نے مجھے جگا دیا۔ اب اس کا چہرہ میری آنکھوں سے ہٹتا ہی نہیں۔ جب تک میں اسے حاصل نہ کر لوں، مجھے سکون نہیں مل سکتا۔‘‘
بادشاہ نے خواب کی تفصیل سن کر وزیر زادے کو رہا کر دیا، مگر خود پریشان ہو گیا۔
’’بیٹا! ہم اس سبز شہر، دریا اور محل کو کہاں تلاش کریں گے؟‘‘
شہزادے نے جواب دیا، ’’خواب میں نے دیکھا ہے، لہٰذا اس پری کی تلاش بھی مجھے ہی کرنی ہوگی۔‘‘
بادشاہ نے اسے روکنے کی بہت کوشش کی، مگر شہزادہ اپنی ضد پر اڑا رہا۔ آخر بادشاہ نے ہار مان لی اور اسے اصطبل کا سب سے تیز رفتار گھوڑا دے کر روانہ کر دیا۔
کئی دن کے سفر کے بعد شہزادہ ایک خانقاہ کے قریب پہنچا۔ وہاں ایک درخت کے نیچے آرام کرنے بیٹھا ہی تھا کہ ایک بزرگ آ گئے۔ بزرگ نے اس سے جنگلوں میں بھٹکنے کی وجہ پوچھی تو شہزادے نے اپنا خواب سنا دیا۔
بزرگ نے اسے تسلی دی اور مدد کا وعدہ کیا۔
اس رات جب شہزادہ سو گیا تو بزرگ نے اپنے سامان سے مخصوص کھڑاویں نکالیں، پاؤں میں پہنیں اور کہا:
’’چل چل کھڑاویں چل، اس سبز شہر میں چل!‘‘
اگلے ہی لمحے وہ سبز شہر میں پہنچ گئے۔ پھر اسی طرح سبز دریا اور سبز محل تک جا پہنچے۔ بزرگ نے محل کے تمام کمروں کا جائزہ لیا اور آخرکار ایک کمرے میں سبز پری کو سویا ہوا پا لیا۔
وہ خانقاہ واپس آ گئے۔ اگلی دو راتیں بھی بزرگ اسی طرح محل میں گئے اور وہاں کے حالات کا جائزہ لیتے رہے۔ چوتھی صبح انہوں نے شہزادے کو بتایا:
’’بیٹا! سبز پری مل گئی ہے، مگر اسے حاصل کرنا آسان نہیں۔ وہ جنات کے قبضے میں ہے۔ بہتر ہے اسے بھول جاؤ۔‘‘
شہزادہ بولا، ’’خدا کے لیے مجھے اس کے پاس لے چلیں۔ اگر قسمت میں اسے پانا لکھا ہے تو پا لوں گا، ورنہ جو خدا کی مرضی۔‘‘
شہزادے کی محبت اور عزم دیکھ کر بزرگ نے اسے اپنی ایک کھڑاؤں دی اور دوسری خود پہن لی۔ پھر اسے آنکھیں بند کرنے کا کہا۔
’’چل چل کھڑاویں چل، اس سبز شہر میں چل!‘‘
کچھ ہی لمحوں بعد بزرگ نے شہزادے کو آنکھیں کھولنے کا اشارہ کیا۔ سامنے سبز شہر تھا۔ پھر دونوں سبز دریا اور وہاں سے سبز محل پہنچ گئے۔
بزرگ اسے اس کمرے تک لے گئے جہاں سبز پری قید تھی۔ شہزادے نے دروازے کی اوٹ سے جھانکا تو دیکھا کہ پری بین بجا رہی ہے اور اس کی گود میں ایک ہیبت ناک دیو سر رکھے سو رہا ہے۔
شہزادہ گھبرا گیا۔ بزرگ نے آہستہ سے کہا:
’’میں نے تمہیں پہلے ہی منع کیا تھا، مگر تم اپنی ضد پر قائم رہے۔‘‘
مگر شہزادہ ہمت کر کے سبز پری کے سامنے جا پہنچا۔
پری اسے دیکھ کر حیران رہ گئی۔ اس نے اپنی زندگی میں اتنا خوب صورت شہزادہ کبھی نہیں دیکھا تھا۔
شہزادے نے کہا، ’’جس دن سے تمہیں خواب میں دیکھا ہے، تمہاری تلاش میں بھٹک رہا ہوں۔ اب تمہیں یہاں سے آزاد کروانے آیا ہوں۔ کیا میرے ساتھ چلو گی؟‘‘
سبز پری بھی اسے دیکھتے ہی اس کی محبت میں گرفتار ہو چکی تھی۔ اس نے ہاں میں سر ہلایا، مگر پھر دیو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ جب تک بین بجتی رہے گی، دیو سوتا رہے گا۔ بین رکتے ہی وہ جاگ جائے گا اور کسی کو زندہ نہیں چھوڑے گا۔
شہزادہ بین لے کر اسے بجانے لگا تو بزرگ نے آگے بڑھ کر کہا:
’’بین مجھے دے دو۔ میں اسے بجاتا ہوں، تم سبز پری کو لے کر نکل جاؤ۔‘‘
شہزادے نے انکار کیا، ’’آپ نے پہلے ہی مجھ پر بہت احسان کیے ہیں۔ میں آپ کو مصیبت میں ڈال کر کیسے جا سکتا ہوں؟‘‘
بزرگ مسکرائے۔ ’’فکر نہ کرو، خدا نے مجھے ایسی کرامات عطا کی ہیں کہ یہ دیو میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔‘‘
انہوں نے شہزادے اور پری کو اپنی کھڑاویں دیں اور خانقاہ پہنچنے کا طریقہ سمجھایا۔ پری نے بتایا کہ وہ خود اڑ کر شہزادے کو وہاں لے جا سکتی ہے۔
شہزادے نے بین بزرگ کے حوالے کی اور سبز پری کے ساتھ محل سے نکل گیا۔ کچھ دیر بین بجانے کے بعد بزرگ نے کھڑاویں پہنیں اور کہا:
’’چل چل کھڑاویں چل، خانقاہ میں چل!‘‘
اگلے ہی لمحے وہ بھی خانقاہ پہنچ گئے۔
چند روز وہاں قیام کے بعد شہزادہ سبز پری کو لے کر اپنے وطن روانہ ہو گیا۔ راستے میں پری نے ایک شرط رکھی:
’’تمہارے شہر سے باہر ایک ایسا محل ہونا چاہیے جہاں صرف ہم دونوں رہیں۔ تمہارے خاندان کا کوئی فرد وہاں نہیں آئے گا۔‘‘
شہزادے نے شرط مان لی اور بتایا کہ اس کے دادا کا بنوایا ہوا ایک محل شہر سے باہر موجود ہے۔ دونوں وہیں رہیں گے۔
شہر پہنچ کر شہزادے نے پہرے داروں کے ذریعے بادشاہ کو اطلاع بھجوائی کہ وہ فی الحال اسی محل میں قیام کرے گا اور کسی کو وہاں آنے کی اجازت نہ دی جائے۔
اگلے روز اس نے بادشاہ سے ملاقات کی اور سب کچھ بتا دیا۔ بادشاہ نے بیٹے کی خوشی کی خاطر خاندان کے تمام افراد کو محل میں جانے سے منع کر دیا۔
چند روز بعد خاندان کی کچھ عورتیں ملکہ کے پاس آئیں اور سبز پری کو دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ ملکہ انہیں ساتھ لے کر محل پہنچ گئی۔
عورتیں سبز پری کے حسن کی تعریف کرنے لگیں تو اس نے کہا:
’’ابھی آپ نے میرا اصل روپ کہاں دیکھا ہے؟ اگر دیکھ لیں تو حیران رہ جائیں گی۔‘‘
ملکہ نے کہا، ’’تو پھر دیر کس بات کی؟ جاؤ، اپنا اصل لباس پہن کر آؤ۔‘‘
سبز پری تیار ہو کر واپس آئی تو عورتیں اس کے حسن کو دیکھتی رہ گئیں۔ مگر اسی لمحے وہ اڑ کر غائب ہو گئی۔
جب شہزادے کو اس کی گمشدگی کا علم ہوا تو غم سے نڈھال ہو گیا۔ آخر ایک روز اس نے بادشاہ سے دوبارہ تلاش پر جانے کی اجازت مانگی۔ بادشاہ نے مجبوراً اسے اجازت دے دی۔
کئی دن کے سفر کے بعد شہزادہ اسی خانقاہ پہنچا جہاں وہ بزرگ مقیم تھے۔ اس نے انہیں ساری بات بتائی اور مدد کی درخواست کی۔
بزرگ اسے دوبارہ سبز شہر لے گئے۔ وہاں سبز پری اکیلی موجود تھی۔ شہزادے کو دیکھتے ہی وہ بولی:
’’تم دوبارہ یہاں کیسے پہنچ گئے؟ اب دیو نے ایسا جادو کر دیا ہے کہ میرے محل سے نکلتے ہی اسے خبر ہو جائے گی۔ جب تک وہ زندہ ہے، میں تمہارے ساتھ نہیں جا سکتی۔‘‘
شہزادہ مایوس ہو گیا۔ بزرگ نے اس کے سر پر ہاتھ پھیرا اور دو پڑیاں دیتے ہوئے کہا:
’’بیٹا! ان میں سے ایک سرخ اور دوسری پیلی ہے۔ جب دیو آئے تو سرخ پڑیا کا سفوف اس کی آنکھوں میں ڈال دینا۔ وہ اندھا ہو جائے گا۔ پھر اس سے وعدہ لینا کہ بینائی واپس ملنے پر وہ سبز پری کو آزاد کر دے گا۔ وعدہ کرنے کے بعد پیلی پڑیا کا سفوف اس کی آنکھوں میں ڈال دینا۔ یوں اس کی بینائی بھی لوٹ آئے گی اور تمہارا کام بھی ہو جائے گا۔‘‘
بزرگ ابھی اسے سمجھا ہی رہے تھے کہ محل میں زبردست شور اٹھا اور ہر طرف دھواں پھیل گیا۔
’’دیو آ گیا ہے! جلدی سے چھپ جائیں۔‘‘ سبز پری نے گھبرا کر کہا۔
شہزادہ اور بزرگ دروازے کے پیچھے چھپ گئے، جبکہ سبز پری کمرے میں کھڑی ہو گئی۔
دیو اندر داخل ہوا تو اسے انسانوں کی بو محسوس ہوئی۔ وہ غصے میں ادھر ادھر دیکھنے لگا۔ اسی لمحے شہزادہ دروازے کے پیچھے سے نکلا اور اچھل کر سرخ پڑیا کا سفوف دیو کی آنکھوں میں ڈال دیا۔
دیو اندھا ہو کر اپنا سر پکڑ بیٹھا۔
شہزادے نے کہا، ’’میں تمہیں مارنے نہیں آیا۔ تم سے میری کوئی دشمنی نہیں، مگر تم نے ایک معصوم کو زبردستی قید کر رکھا ہے۔ اسی لیے تمہیں یہ سزا ملی ہے۔‘‘
دیو نے کہا، ’’اگر میری بینائی واپس آ جائے تو میں سبز پری کو آزاد کر دوں گا اور آئندہ کسی کو زبردستی قید نہیں کروں گا۔‘‘
شہزادے نے اس سے وعدہ لیا اور پیلی پڑیا کا سفوف اس کی آنکھوں میں ڈال دیا۔ دیو کی بینائی واپس آ گئی۔ اس نے شہزادے اور بزرگ کا شکریہ ادا کیا اور اپنا جادو ختم کرنے کے لیے منتر پڑھنے لگا۔
اچانک آندھی چلی اور گھپ اندھیرا چھا گیا۔ جب اندھیرا چھٹا تو سبز شہر، سبز دریا، سبز محل اور دیو سب غائب ہو چکے تھے۔ وہاں صرف شہزادہ، سبز پری اور بزرگ کھڑے تھے۔
تینوں خوشی خوشی خانقاہ واپس پہنچے۔ کچھ دیر بزرگ کے پاس ٹھہرنے کے بعد شہزادہ سبز پری کو لے کر اپنے وطن روانہ ہو گیا۔
راستے میں سبز پری نے شہزادے سے کہا:
’’اب میں ہمیشہ تمہارے ساتھ رہوں گی۔ تمہارے خاندان کے افراد بھی جب چاہیں مجھ سے مل سکیں گے۔‘‘
یوں شہزادہ اپنی محبت کو پا کر خوشی خوشی وطن لوٹ آیا۔


