بچپن میں دادی اماں ایک کہانی سنایا کرتی تھیں۔کسی بستی میں ایک بوڑھی عورت اپنے جوان بیٹے کے ساتھ رہتی تھی۔ بیٹا انتہائی نکما اور نکٹھو تھا۔ کوئی کام کاج نہیں کرتا تھا، سارا دن گھر میں ویلا پڑا رہتا۔ ماں لوگوں کے گھروں میں کام کرتی، بدلے میں آٹا روٹی لے آتی اور بیٹے کو کوستی رہتی۔
’’تم کوئی کام کیوں نہیں کرتے؟ میں بوڑھی اور کمزور ہو چکی ہوں۔ آخر کب تک تمہیں پالتی رہوں گی؟‘‘
مگر بیٹے پر ان باتوں کا کوئی اثر نہ ہوتا۔
ایک دن ماں کا صبر جواب دے گیا۔ اس نے ڈنڈا اٹھایا اور بیٹے کو مارتے ہوئے محلے کی گلیوں میں گھمانے لگی۔ پورا گاؤں اس کی بے عزتی کا تماشا دیکھ رہا تھا۔ بیٹے کو شدید شرمندگی ہوئی اور اس نے فیصلہ کر لیا کہ اب شہر جا کر اپنی قسمت آزمائے گا۔
اس روز وہ سارا دن گھر سے باہر رہا۔ رات گئے واپس آیا تو دروازہ بند تھا۔ دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوا اور اپنے بستر پر سو گیا۔
صبح ماں نے اسے دیکھا تو پھر ڈنڈا اٹھا لیا۔
’’جلدی سے گھر سے نکلو! جب تک کچھ کما کر نہیں لاؤ گے، اس گھر میں تمہاری کوئی جگہ نہیں!‘‘
بیٹے نے کہا، ’’اچھا اماں، جا رہا ہوں، مگر مجھے مارنا مت۔‘‘
ماں تو آخر ماں ہوتی ہے۔ غصے کے باوجود اس نے روٹیاں پکا کر کپڑے میں باندھ دیں۔
’’راستے میں بھوک لگے تو کھا لینا۔‘‘
بیٹا روٹیاں لے کر شہر کی طرف روانہ ہو گیا۔
گاؤں اور شہر کے درمیان ایک گھنا جنگل پڑتا تھا۔ پورا دن سفر کرنے کے بعد جب وہ جنگل کے قریب پہنچا تو شام ہو چکی تھی۔ اس نے سوچا کہ رات یہیں گزار کر صبح سفر جاری رکھے گا۔
آس پاس نظر دوڑائی تو کچھ فاصلے پر ایک پرانا، کھنڈر نما مکان دکھائی دیا۔ دور دور تک کوئی دوسرا گھر نہیں تھا۔ وہ مکان کے دروازے پر پہنچا اور دستک دی۔
ایک شخص باہر نکلا۔
لڑکے نے کہا، ’’میں پردیسی ہوں، شہر جا رہا ہوں۔ رات ہو گئی ہے، اگر اجازت دیں تو ایک رات آپ کے ہاں گزار لوں۔‘‘
اس شخص نے خوش دلی سے اسے اندر بلا لیا، کھانا دیا اور سونے کے لیے بستر بھی لگا دیا۔
اگلی صبح لڑکا اپنے سفر پر روانہ ہو گیا۔
کچھ دور چلنے کے بعد وہ جنگل میں داخل ہو چکا تھا کہ اچانک جھاڑیوں میں سرسراہٹ سنائی دی۔ قریب جا کر دیکھا تو دو سانپ آپس میں لڑ رہے تھے۔ ان میں سے ایک بری طرح زخمی ہو چکا تھا۔
لڑکے نے ایک لمبا ڈنڈا اٹھایا اور دونوں سانپوں کو الگ کر دیا۔ ایک سانپ اپنی بل میں گھس گیا، جبکہ دوسرا زخمی حالت میں وہیں پڑا رہا۔
لڑکے کو اس پر ترس آیا۔ اس نے ڈنڈے کی مدد سے اسے اٹھایا اور ایک درخت کے نیچے رکھ دیا۔ پھر آگے بڑھنے لگا۔
ابھی چند قدم ہی چلا تھا کہ پیچھے سے آواز آئی:
’’اے مہربان! ذرا رکو۔‘‘
وہ حیران ہو کر پلٹا تو دیکھا کہ زخمی سانپ اسے آواز دے رہا تھا۔
وہ اس کے قریب گیا تو سانپ بولا:
’’تمہارا بہت شکریہ! اگر مجھ پر ایک اور مہربانی کر سکو تو جنگل کے درمیان ایک ندی بہتی ہے۔ مجھے اس میں ڈال دو۔‘‘
لڑکے نے سانپ کو ڈنڈے پر اٹھایا اور ندی کی طرف چل پڑا۔
جیسے ہی سانپ ندی کے پانی میں پہنچا، اس کے تمام زخم بھر گئے اور وہ بالکل تندرست ہو گیا۔
سانپ نے لڑکے کا شکریہ ادا کیا اور پوچھا، ’’اب کہاں کا ارادہ ہے؟‘‘
لڑکے نے اپنی ساری داستان سنا دی کہ وہ روزگار کی تلاش میں شہر جا رہا ہے۔
سانپ نے کہا، ’’تمہیں اب کہیں جانے کی ضرورت نہیں۔ میں تمہیں ایک گدھا دیتا ہوں۔ یہ عام گدھا نہیں، تم اس سے جو کچھ مانگو گے، یہ تمہیں لا کر دے گا۔‘‘
لڑکے نے حیرت سے پیچھے دیکھا تو واقعی ایک گدھا کھڑا تھا۔
سانپ نے کہا، ’’اسے اپنے گھر لے جاؤ۔ اور ہاں، جب کبھی اس جنگل میں آؤ تو مجھے ضرور پکارنا۔ اب ہم دوست ہیں۔‘‘
لڑکا خوشی خوشی گدھے کو لے کر گھر کی طرف روانہ ہو گیا۔ راستے بھر سوچتا رہا کہ اب وہ امیر ہو جائے گا اور اس کی ماں بھی اس پر فخر کرے گی۔
واپسی پر رات ہو گئی تو وہ اسی پرانے مکان میں جا پہنچا جہاں آتے ہوئے رات گزاری تھی۔ دروازہ کھٹکھٹایا تو وہی شخص باہر نکلا۔
لڑکے نے کہا، ’’آج پھر ایک رات آپ کے ہاں گزارنے کی اجازت دے دیں۔ صبح روانہ ہو جاؤں گا۔‘‘
اس شخص نے اسے اندر بلا لیا۔ لڑکے نے اپنا گدھا صحن میں ایک درخت کے ساتھ باندھا اور مکان کے مالک سے کہا:
’’یہ میرا گدھا ہے، مگر خبردار! اس سے کچھ مانگنے کی کوشش مت کرنا۔‘‘
مالک نے اطمینان سے جواب دیا، ’’فکر نہ کرو، میں کچھ نہیں مانگوں گا۔‘‘
آدھی رات کو مکان کا مالک اٹھا اور چپکے سے گدھے کے پاس جا پہنچا۔
اس نے گدھے سے کہا، ’’مجھے ہیرے جواہرات دو!‘‘
ابھی اس کے منہ سے یہ الفاظ نکلے ہی تھے کہ گدھے نے ہیرے جواہرات کا ڈھیر لگا دیا۔
مالک کی آنکھیں چمک اٹھیں۔ اس نے تمام ہیرے جواہرات سمیٹے، اصلی گدھا وہاں سے ہٹایا اور بالکل ویسا ہی ایک عام گدھا لا کر اس کی جگہ باندھ دیا۔
صبح لڑکا اٹھا، گدھا کھولا اور مالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گھر روانہ ہو گیا۔
گھر پہنچا تو ماں نے گدھے کو دیکھتے ہی کوسنا شروع کر دیا۔
’’نکمے! اب یہ گدھا کہاں سے اٹھا لائے ہو؟ اس کا کیا کرو گے؟‘‘
لڑکے نے مسکرا کر کہا، ’’اماں! یہ بہت قیمتی چیز ہے۔ ذرا ایک سفید چادر لے کر آؤ۔‘‘
ماں حیران تو ہوئی، مگر چادر لے آئی۔
لڑکے نے گدھے کے نیچے چادر بچھائی اور حکم دیا:
’’ہیرے جواہرات دو!‘‘
گدھا خاموش کھڑا رہا۔
اس نے دوبارہ حکم دیا، پھر تیسری بار کہا، مگر گدھے نے کوئی حرکت نہ کی۔ اتنے میں گدھے نے چادر پر لید کر دی۔
ماں کا غصہ آسمان پر پہنچ گیا۔ اس نے ڈنڈا اٹھایا اور بیٹے کی خوب درگت بنائی۔
لڑکا مار کھا کر غصے میں گدھا لے کر سیدھا ندی پر پہنچا اور زور زور سے پکارنے لگا:
’’اے دھوکے باز! کہاں ہو؟ باہر نکلو! تم نے مجھے دھوکا دے دیا۔ یہ تو ایک عام گدھا ہے! تمہاری وجہ سے آج پھر ماں سے مار کھانی پڑی ہے۔‘‘
سانپ نے پانی سے سر نکالا اور حیرت سے پوچھا، ’’کیا ہوا میرے دوست؟‘‘
لڑکے نے سارا واقعہ سنایا تو سانپ سمجھ گیا کہ راستے میں کسی نے گدھا بدل دیا ہے۔
اس نے کہا، ’’اچھا، یہ چادر لے جاؤ۔ یہ تمہیں مایوس نہیں کرے گی۔‘‘
لڑکا چادر لے کر واپس چل پڑا۔
راستے میں پھر رات ہو گئی تو وہ اسی مکان میں جا ٹھہرا۔ مکان کے مالک سے کہا:
’’یہ میری چادر ہے۔ اس سے کچھ مانگنے کی کوشش مت کرنا۔‘‘
مالک نے فوراً یقین دلایا کہ وہ ایسا کچھ نہیں کرے گا۔
مگر آدھی رات کو اس کا لالچ پھر جاگ اٹھا۔ اس نے سوچا کہ گدھے کی طرح یہ چادر بھی کوئی جادوئی چیز ہو گی۔ چنانچہ اس نے لڑکے کی چادر چھپا دی اور اس کی جگہ ایک عام چادر رکھ دی۔
صبح لڑکا چادر لے کر خوشی خوشی گھر پہنچا۔
ماں سے کہنے لگا، ’’اماں! آج میں ایسی چیز لایا ہوں کہ تم بھی حیران رہ جاؤ گی۔‘‘
اس نے چادر بچھائی اور حکم دیا:
’’میرے لیے کھانا حاضر کرو!‘‘
مگر چادر خاموش رہی۔ اس نے دو تین بار حکم دہرایا، لیکن کچھ نہ ہوا۔
ماں نے ڈنڈا اٹھایا اور ایک بار پھر اس کی پٹائی شروع کر دی۔ پھر اسے گھر سے نکال دیا۔
اب لڑکا غصے سے بھرا ہوا سیدھا ندی پر پہنچا۔
’’اے دھوکے باز سانپ! باہر نکلو! تم نے مجھے دو مرتبہ دھوکا دیا ہے!‘‘
سانپ نے سر نکالا تو لڑکے کی حالت دیکھ کر حیران رہ گیا۔ ساری بات معلوم ہوئی تو اسے بھی سمجھ آ گئی کہ مکان کا مالک ہی دونوں مرتبہ اس کے ساتھ ہاتھ کر گیا ہے۔
اس بار سانپ نے اسے ایک ڈنڈا دیا اور کہا:
’’یہ لو! جب اسے کہو گے ’اپنا کمال دکھا‘ تو یہ اپنا کمال دکھانے لگے گا۔‘‘
لڑکے نے ڈنڈا پکڑا اور کہا:
’’یہ آخری بار ہے۔ اگر اس مرتبہ بھی دھوکا ہوا تو میں کبھی تمہیں معاف نہیں کروں گا۔‘‘
یہ کہہ کر وہ گھر کی طرف روانہ ہو گیا۔
راستے میں ایک بار پھر رات ہو گئی اور اسے اسی مکان میں پناہ لینی پڑی۔
مکان کے مالک نے اسے دیکھتے ہی بستر لگا دیا۔ لڑکے نے سونے سے پہلے ڈنڈا دکھاتے ہوئے کہا:
’’یہ میرا ڈنڈا ہے۔ اسے کبھی یہ مت کہنا کہ اپنا کمال دکھا۔‘‘
مالک نے حسبِ معمول وعدہ کر لیا۔
آدھی رات کو اس کا لالچ پھر جاگ اٹھا۔ اس نے ڈنڈا اٹھایا، اپنے کمرے میں لے گیا اور آہستہ سے کہا:
’’اپنا کمال دکھا!‘‘
بس پھر کیا تھا! ڈنڈا اس پر برس پڑا۔ چند لمحوں میں اس کے گٹے گوڈے لال کر دیے۔ وہ چیختا چلاتا لڑکے کے پاس بھاگا اور گڑگڑانے لگا:
’’خدا کے لیے اس ڈنڈے کو روکو! میں تمہیں تمہارا اصلی گدھا بھی دے دیتا ہوں اور اصلی چادر بھی!‘‘
لڑکا ساری بات سمجھ گیا۔ اس نے ڈنڈے سے کہا، ’’رک جاؤ!‘‘
مگر ڈنڈا رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا۔ لڑکے نے بہت کوشش کی، لیکن بے سود۔
صبح ہوتے ہی وہ دوبارہ ندی پر پہنچا اور سانپ کو آواز دی۔
سانپ نے سر نکالا تو لڑکے نے ساری صورتِ حال بیان کی۔
سانپ نے کہا، ’’ارے بھئی! اسے روکنے کا طریقہ بھی تو بتاتا ہوں۔ ڈنڈے سے کہو: ’اپنا کمال روک!‘‘‘
لڑکا فوراً واپس مکان کی طرف بھاگا۔
مکان کا مالک دروازے کے قریب اوندھے منہ پڑا تھا اور ڈنڈا ابھی تک اس کی تواضع کر رہا تھا۔
لڑکے نے قریب پہنچ کر حکم دیا:
’’اپنا کمال روک!‘‘
ڈنڈا فوراً رک گیا۔
مکان کا مالک بے ہوش ہو چکا تھا۔ لڑکے نے اپنا اصلی گدھا، چادر اور ڈنڈا اٹھایا اور گھر کی طرف روانہ ہو گیا۔
راستے میں سوچتا رہا کہ اب تو ماں دروازہ بھی نہیں کھولے گی، نہ ہی اس کی کسی بات پر یقین کرے گی۔
خیر، گھر پہنچا تو ماں کہیں باہر گئی ہوئی تھی۔ اس نے موقع غنیمت جانا، تینوں چیزیں اندر لے گیا اور سب سے پہلے گدھے کو حکم دیا:
’’سونا چاندی حاضر کرو!‘‘
دیکھتے ہی دیکھتے سونے چاندی کے ڈھیر لگ گئے۔
پھر اس نے چادر بچھائی اور حکم دیا:
’’طرح طرح کے کھانے حاضر کرو!‘‘
پلک جھپکتے ہی چادر پر رنگ برنگے کھانے سج گئے۔
اتنے میں ماں گھر واپس آ گئی۔ اندر داخل ہوئی تو سونے چاندی کے ڈھیر اور انواع و اقسام کے کھانے دیکھ کر حیران رہ گئی۔
بیٹا مسکرا کر بولا:
’’دیکھا اماں! کہا تھا نا، اب تمہیں مجھ پر فخر ہو گا!‘‘
اور یوں دونوں ماں بیٹا ہنسی خوشی رہنے لگے۔


