امریکہ کے ایک قتل کیس پر بنی 20 منٹ کی ڈاکومنٹری دیکھ رہے تھے
ڈاکومنٹری کے مطابق قتل بیوی نے کیا تھا
اور مقتول اس کا خاوند تھا۔۔۔۔۔ سوری ! تھا نہیں تھے !
اس نے پہلے شوہر کو پٹی پڑھائی تھی
“جانو ! تمہیں کچھ ہوگیا تو میرا کیا بنے گا ؟”
جانو نے خود کو انشورڈ کرا لیا
اس دوران ان کی ایک بچی بھی ہو گئی
جب بچی ذرا چلنے پھرنے لگی تو اس نے جانو کی بتی حادثاتی شکل میں گل کردی
اور انشورنس کا مال لے کر دو چار ریاست پار جا کر ایک نیا جانو تلاش کرلیا
اس کے ساتھ بھی سب کچھ اس قدر حسب معمول ہوا کہ اس سے بھی ایک بچی کی ولادت ہوئی
اس کی انشورنس کی رقم بھی سمیٹی اور پہنچ گئی جمیکا
ادھر ایک انڈین جانو پٹایا تو اس نے پوچھا
“تمہاری دونوں بچیوں کے نام کا آخری حصہ ایک دوسرے سے مختلف کیوں ہے ؟”
یعنی دونوں بچیوں کے باپ الگ کیوں ہیں ؟
اس نے بتایا
“جانو ! یہ دونوں میں نے گود لی ہیں !”
لو جی انڈین بھی ایک بچی کا باپ بن کر رام نام ستے ہوگیا!
پیچھے امریکہ میں قتل کا یہ کیس تب کھلا جب وہاں دوسرے خاوند کے متعلق پولیس کو پتہ چلا کہ حادثہ نظر آنے والی موت در حقیقت قتل تھا
پولیس نے عورت کا ریکارڈ چھانا تو پتہ چلا کہ اسی طرح کی ایک حادثانی موت اس سے پیچھے بھی موجود ہے !
یوں تلاش شروع ہوئی “جدید دور کی ترقی یافتہ عورت” کی !
پولیس کو پتہ چلا کہ وہ ترقی سے بیزار ہوکر پسماندہ سے جمیکا چلی گئی ہے
پولیس نے وہاں کھوج کی تو پتہ چلا کہ اس نے انڈیا پاکستان کی صلح کرانے کے لئے ثالث بننے کا فیصلہ کر لیا ہے
یعنی وہ اب پاکستان میں ہے
سو ہم نے ڈاکومنٹری کی تکمیل سے قبل ہی سوچنا شروع کردیا کہ وہ ممکنہ طور پر پاکستان میں کہاں ہوسکتی ہے ؟
ہمارے ذہن نے کہا
“تین بیٹیوں کی ماں اگر سندھ گئی ہو تو کسی وڈیرے کی حویلی میں نوکرانی ہوگی۔ پنجاب گئی ہو تو کسی مدرسۃ البنات کی ناظمہ ہوگی”
پتہ چلا کہ وہ سالی یہاں آ تو گئی تھی مگر یہ نہ جانتی تھی کہ ترقی یافتہ نہ ہونے کے سبب پاکستانی شوہر تاحال انشورنس والی غلطی کرکے بیوی کو کوئی چانس ہی نہیں دیتے !
سو ایک رات اٹلی روانہ ہوتے ہوئے اس نے لاہور ایئرپورٹ کے ایمیگریشن کا ؤنٹر پر کھڑے ایف آئی اے والے سے کہا
“یو نو ! تم لوگ کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتے !”
“وھائے میم ؟”
“بکوز تم لوگ شادی تو کر لیتے ہو، مگر انشورنس نہیں کراتے !”
افسر فیس بک پر پارٹ ٹائم دانشور بھی لگا ہوا تھا
سو اس نے اگلی صبح پوسٹ داغ دی
“ہمیں اپنے بیوی بچوں کا کوئی خیال نہیں ہوتا، ہماری ناگہانی و حادثاتی موت کی صورت وہ بے یار و مددگار رہ جاتے ہیں۔ مولویوں کی بکواس مت سنو اور اپنی انشورنس کروا کر اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ کرو !”
کمنٹس بار میں ایک کمنٹ ایسا تھا، جو بار بار دھرایا گیا تھا
“مرشد کمال کردیا !”
رہی اٹلی جانے والی تو اسے پکڑنے کے لئے امریکی حکام نے اٹالین حکومت سے رابطہ کیا اور پوچھا
“یہ عورت اس وقت کہاں مل سکتی ہے ؟”
حکام نے جواب دیا
“جیل میں !”
“کیوں ؟”
“اس نے خاوند کو انشورنس کی رقم کے لئے قتل کیا ہے۔ آج کل اس پر کیس چل رہا ہے ”
سنا ہے جج نے فیصلہ سنانے سے قبل اس سے پوچھا
“تمہارے ذہن میں عدالت کے لئے کوئی سوال ہے ؟”
“یس مائی لارڈ !”
“پوچھو !”
“مائی لارڈ ! کیا آپ نے انشورنس کرائی ہے ؟” 🙍♀️


