جب جنگل کے باسیوں کو “تعلیم یافتہ” بننے کا شوق چڑھ گیا۔

جب جنگل کے باسیوں کو “تعلیم یافتہ” بننے کا شوق چڑھ گیا۔

ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ جنگل کے باسیوں کو “تعلیم یافتہ” بننے کا شوق چڑھ گیا۔ اس نئے جنون کے پیچھے جنگل کے دانشور “الو صاحب” کا بڑا ہاتھ تھا، جو جانوروں کو تعلیم کی اہمیت پر قائل کرنے میں کامیاب ہو چکے تھے۔

جلد ہی تمام جانور ایک اہم مشورے کے لیے اکٹھے ہوئے اور کافی سوچ بچار کے بعد ایک اسکول قائم کرنے پر اتفاق ہو گیا۔
الو صاحب کی سربراہی میں خرگوش، کوے، گلہری اور بطخ کو نصاب سازی کی ذمہ داری سونپی گئی۔ خرگوش نے دوڑنے،
کوے نے اڑنے،
اور بطخ نے تیراکی کو نصاب میں شامل کرنے کی سفارش کی، جبکہ گلہری کی ضد پر درخت پر چڑھنا بھی لازمی قرار پایا۔
اسکول انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ تمام جانوروں کو یہ تمام مضامین پڑھنے اور سیکھنے ہوں گے۔

سال کے اختتام پر جب نتائج سامنے آئے تو صورتحال کچھ یوں تھی۔
خرگوش دوڑ میں تو اول رہا، لیکن درخت پر چڑھنے اور اڑنے کی کوشش میں ناکام ہو گیا۔
کوے نے فضاؤں میں تو کمال دکھایا، مگر زمین پر دوڑنا اور پانی میں تیرنا اس کے لیے ناممکن ثابت ہوا۔
گلہری کے لیے درخت پر چڑھنا بائیں ہاتھ کا کھیل تھا، مگر وہ اڑنے اور تیرنے کے امتحان میں بری طرح فیل ہو گئی۔

منتظمین اس بات پر تو خوش تھے کہ تمام جانور ہر مضمون پڑھ رہے ہیں، لیکن مجموعی کارکردگی انتہائی تشویشناک تھی۔

تب الو صاحب نے اپنی دانش مندی سے تجزیہ کیا اور اس نتیجے پر پہنچے کہ:
“ہر فرد ایک منفرد اور خداداد قابلیت لے کر پیدا ہوتا ہے۔ یہ ممکن ہی نہیں کہ ہر کسی میں ہر طرح کی اہلیت پیدا کر دی جائے۔
تعلیم کا اصل مقصد شعور اور آگہی فراہم کرنا ہے، تاکہ طالب علم اپنے اندر چھپی منفرد صلاحیت کو پہچانے اور تعلیم کی روشنی میں اسے مزید نکھارے۔”

اور بے شک ہمارے تعلیمی نظام کا بھی یہی المیہ ہے، جس وجہ سے ہم جمود کا شکار ہیں۔ جسے ہم اعلیٰ تعلیم کہتے ہیں، یورپ اور امریکہ میں پہنچ کر اس کی کوئی وقعت ہی نہیں ہوتی۔
یاد رکھیے، یہ وطن ہمارا ہے… اور انقلاب تب آتے ہیں، جب سوچنے کے زاویے بدلتے ہیں۔


Leave a Reply

NZ's Corner