ایک قصبہ تھا اس میں ایک ہی کنواں تھا، سب قصبہ والے اسی کنویں سے پانی لے کر خود بھی استعمال کرتے تھے اور جانوروں کو بھی پلاتے تھے۔ کنویں میں اتفاق سے کتا گر گیا۔ کنواں بہت گہرا تھا اس وجہ سے کتے پر کسی کی نظر نہیں پڑی، جب کتا اسی میں مر کر سڑ گل گیا اور پانی میں بو آنے لگی تو عورتوں میں چہ میگوئیاں ہونے لگی اور انہوں نے اپنے شوہروں سے کہا ذرا کنویں کو دیکھو معلوم ہوتا ہے کوئی جانور وغیرہ اس میں گر کر مر گیا ہے جس کی وجہ سے پانی میں بو آرہی ہے۔
دو چار آدمی چودھری قسم کے جمع ہوئے اور آپس میں کہنے لگے میری عورت اس طرح سے کہہ رہی ہے کہ کنویں کے پانی میں بو آرہی ہے، دوسرے نے کہا میری عورت بھی یہی کہہ رہی ہے، اسی طرح بہت سے آدمی جمع ہو گئے اور سب کے سب یہی کہنے لگے، بہرحال یہ لوگ ایک لڑکے کو جو آٹھ دس سال کا تھا لے کر کنویں پر گئے اور اس کی کمر میں رسی باندھی، ایک لالٹین یعنی لالٹین جلا کر اس کے ہاتھ میں دیدیا اور ایک چھوٹی سی لکڑی ہاتھ میں دے کر کہا ہم تجھ کو کنویں میں اتارتے ہیں تجھے اچھی طرح سے دیکھنا ہے کہ کون سا جانور مرا ہے۔ چنانچہ لڑکے کو کنویں میں اتار دیا گیا جب پانی تک پہنچا تو بڑے لوگوں نے پھر بچے سے کہا خوب اچھی طرح سے دیکھنا۔ بچے نے کتے کو لکڑی سے اچھی طرح طرح الٹ پلٹ کر لالٹین کی روشنی میں دیکھ بھال کر باہر والوں کو آواز دی: یہ کتا ہے کتا۔ یہ سن کر بڑے لوگوں نے بچے کو باہر نکال لیا اور سب مل کر مولوی صاحب کے پاس گئے۔ مولوی صاحب نے پوچھا کیا بات ہے؟ سب جماعت والے ملکر آئے ہو خیریت تو ہے۔
لوگوں نے کہا مولوی صاحب کیا بتائیں اپنے قصبے کے کنویں میں کتا گر گیا اور وہ اسی میں مر کر گل سڑ گیا ہے، اب کیا کریں؟ مولوی صاحب نے کہا اس کنویں کو پاک کر لو۔ لوگوں نے کہا کنویں کو کیسے پاک کریں؟ مولوی صاحب نے کہا اس کنویں کا سب پانی نکال دو تو وہ پاک ہو جائیگا۔ لوگوں نے کہا یہ تو بہت ہی مشکل ہے کیونکہ کنویں میں پانی کا بہاؤ اس قدر ہے کہ جتنا پانی نکالو اتنا ہی اس میں پھر آ جاتا ہے۔ لہٰذا کوئی دوسری ترکیب بتائیے؟ مولوی صاحب نے کہا ایک سو بالٹی پانی نکال دیئے جائیں تو کنواں پاک ہو جائیگا۔
یہ اس زمانے کی بات ہے جس زمانے میں پانی نکالنے کی مشین ایجاد نہیں ہوئی تھی۔ مولوی صاحب کے کہنے سے سب جماعت والے کنویں پر گئے اور ایک سو بالٹی کے بدلے میں دوسو بالٹی پانی نکال دیا۔ پانی نکالنے کے بعد سب کے سب پھر مولوی صاحب کے پاس گئے اور کہا مولوی صاحب آپ نے ایک سو بالٹی پانی نکالنے کے لئے کہا تھا ہم نے دوسو بالٹی نکال دیا۔ مولوی صاحب نے کہا الحمد للہ یہ آپ لوگوں نے بہت اچھا کیا، جماعت والوں میں سے ایک آدمی بولا کہ مولوی صاحب اس کتے کا کیا کریں، اسکو ابھی کنویں سے نہیں نکالا، یہ سن کر مولوی صاحب مارے غصہ کے لال پیلے ہونے لگے اور ڈانٹ کر کہنے لگے تم بالکل جاہل ہو کتے کو پہلے نکالنا چاہئے اور پانی کو بعد میں نکالنا چاہئے کتا تو کنویں میں پڑا ہے اور پانی نکال دیا اس سے کنواں ہر گز پاک نہیں ہوگا، چاہے تم ایک ہزار بالٹی پانی نکال لو پھر بھی کنواں پاک نہیں ہوگا۔ جب تک کتے کو نہیں نکالو گے۔
یہ سن کر جماعت میں سے ایک آدمی کہنے لگا مولوی صاحب یہ تو آپ کی غلطی ہے آپ نے ہم کو پانی نکالنے کیلئے کہا تھا کتا نکالنے کیلئے نہیں کہا تھا ہم نے جب پانی نکال ڈالا تو اب آپ کہتے ہیں کہ پہلے کتے کو نکالو۔ یہ بات آپ پہلے کہتے تو ہم پہلے کتے کو نکالتے بعد میں پانی نکالتے۔ یہ سن کر مولوی صاحب کا غصہ اور بڑھ گیا اور کہنے لگے تم لوگوں میں اتنی بھی عقل نہیں کہ جس چیز سے کنویں کا پانی ناپاک ہو گیا ہے اس کو تو پہلے نکالا جائے۔ جاؤ پہلے کتے کو نکالو اس کے بعد پانی نکالو۔ مولوی صاحب کے کہنے سے سب جماعت والے پھر کنویں پر گئے کتا نکالا، اس کے بعد دوسو بالٹی پانی نکالا، پھر مولوی صاحب کے پاس آ کر کہا دوسو بالٹی پانی پھر نکال دیا ہے۔ مولوی صاحب نے کہا ارے کتے کا کیا ہوا اس کو نکالا کہ نہیں نکالا؟ لوگوں نے کہا حضرت جی کتے کو پہلے نکالا بعد میں پانی نکالا۔ مولوی صاحب نے کہا اب ٹھیک ہے کنواں بالکل پاک ہو گیا۔
فائدہ
جن لوگوں کے دلوں میں ہوسِ دنیا، کبر اور خواہشِ عز و جاہ ہے اور پھر اللہ رب العزت سے تعلق قائم کرنا چاہتے ہیں، وہ یاد رکھیں کہ اللہ سے تعلق اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتا جب تک کہ دل کو ان گندگیوں سے پاک نہ کر لیں۔ یہ باطنی گندگیاں ہیں جو اللہ سے تعلق قائم ہونے میں اسی طرح مانع ہیں جس طرح یہ کتا کنویں کے پاک ہونے سے مانع تھا۔


