ایک مکھی، اور بادشاہ، ایک سبق آموز کہانی

ایک مکھی، اور بادشاہ، ایک سبق آموز کہانی


خراسان کا بادشاہ شکار کھیل کر محل واپس آیا اور تخت پر بیٹھ گیا۔ تھکاوٹ کی وجہ سے اس کی آنکھیں بوجھل ہو رہی تھیں۔ بادشاہ کے پاس ایک غلام ہاتھ باندھے مؤدب کھڑا تھا۔

بادشاہ کو سخت نیند آ رہی تھی۔ جیسے ہی اس کی آنکھیں بند ہوتیں، ایک مکھی آ کر اس کی ناک پر بیٹھ جاتی۔ نیند اور بے خیالی میں بادشاہ غصے سے مکھی کو مارنے کی کوشش کرتا، لیکن اس کا ہاتھ اپنے ہی چہرے پر پڑتا اور وہ ہڑبڑا کر جاگ جاتا۔

جب دو تین بار ایسا ہوا تو بادشاہ نے غلام سے پوچھا: 
“تمہیں پتا ہے کہ اللہ نے مکھی کو کیوں پیدا کیا ہے؟ اس کی پیدائش میں اللہ کی کیا حکمت چھپی ہے؟”

غلام نے بادشاہ کا سوال سنا تو ایسا جواب دیا جو سونے کے حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔

غلام بولا: 
“بادشاہ سلامت! اللہ نے مکھی کو اس لیے پیدا کیا ہے کہ بادشاہوں اور سلطانوں کو یہ احساس ہو جائے کہ وہ خود کو کتنا ہی بڑا سمجھ لیں، لیکن وہ خود سے ایک چھوٹی سی مکھی کو بھی قابو نہیں کر سکتے۔”

انسان خواہ کتنا ہی بلند مقام پر پہنچ جائے، وہ اللہ کی قدرت کے سامنے کمزور ہی رہتا ہے، اور چھوٹی چھوٹی چیزیں بھی اسے اس کی حد یاد دلا سکتی ہیں۔

Leave a Reply

NZ's Corner