جہنم کے گیٹ پر طویل قطار تھی۔ کوئی نادم، کوئی پریشان، کوئی روئے جا رہا۔ مگر گل احمد کے سفید لٹھے میں ملبوس ایک حضرت بہت پریشان دکھائی دے رہے تھے۔ مونچھیں حضرت نے جڑ سے شیو کرا رکھی تھیں، داڑھی مسنون، سر پر عمامہ، شلوار ٹخنوں سے اوپر اور عود سے معطر۔ وہ شاید جمعہ کا خطبہ دینے کی تیاری سے فارغ ہوئے ہی تھے کہ مؤذن کی جگہ اسرافیل علیہ السلام نے “اذان” دیدی۔
داروغہ جہنم بنفس نفیس گیٹ پر کھڑے تھے اور جہنمیوں کی چٹیں دیکھ دیکھ کر سٹاف کو ہدایات دیئے جا رہے تھے کہ کس کو جہنم کی کس منزل پر بھیجنا ہے۔قطار میں کھڑے کنفیوز حضرت کی باری آئی تو داروغہ ان کی شکل دیکھ کر سخت بدمزہ ہوئے۔ ان کے ہاتھ سے چٹ جھپٹ کر اس پر نظر ڈالی اور بولے
“اپنی شکل دیکھو، اور حرکتیں دیکھو”
یہ کہہ کر وہ سٹاف کے دو فرشتوں کی جانب متوجہ ہوئے اور حکم دیا
“بیسمنٹ میں پھینکو اس خبیث کو”
کنفیوز حضرت نے فورا التجا کی
“خدا کے لئے میری بات سنئے”
“ہاں بول !”
“دیکھئے کوئی بہت بڑی کنفیوژن ہوگئی ہے۔ علماء کے بارے میں تو قرآن و حدیث میں بڑی فضیلت آئی تھی۔ مجھے شاید پیر سمجھ لیا گیا ہے۔ میں عالم ہوں، میں کیسے دوزخ میں جا سکتا ہوں ؟”
“کیوں تم نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی وہ روایت نہیں سنی تھی جس میں رسول اللہ ﷺ نے یہ بھی ارشاد فرمایا تھا “ان کے علماء آسمان کی چھت تلے بدترین مخلوق ہوں گے” یہ روایت نہیں سنی تھی ؟”
“سنی تو تھی مگر ہمارے حضرت فرماتے تھے کہ اس کی سند میں ایک راوی کمزور ہے”
“کیا کمزوری تھی اس راوی میں ؟ ویٹامن ڈی کی کمی تھی یا اے کی ؟”
“شاید گولہ گنڈے والے سے مار کھا گیا ہوگا، مجھے تفصیل نہیں معلوم”
“اچھا کان قریب لا”
“جی فرمائیے”
“تیرے وہ حضرت تجھ سے پہلے بیسمنٹ میں پہنچ چکے ہیں”
“کیوں ؟ ایک عالم کیسے جہنم میں جا سکتا ہے ؟”
“وہ اپنے فضائل کے لئے ضعیف کیا موضوعی روایات بھی بیان کردیتا تھا مگر مشکوۃ کی مذکورہ بالا روایت سے متعلق راوی کو مشکوک کر دیتا تھا”
“یار اتنی سی بات پر بھی بھلا کوئی دوزخ جا سکتا ہے ؟”
“اتنی سی بات ؟ تم لوگوں نے تو پورے دین کو مذاق بنا رکھا تھا، تفصیل بتاؤں ؟”
“دیکھئے میری بات تو سنئے۔۔۔۔۔۔”
“یہاں کیوں بحث کر رہا ہے ؟ ادھر محشر میں کیوں نہیں بولا ؟”
“ادہر تو منہ پر مہر لگا دی گئی تھی۔ بس میرے ہاتھ پیر اور دیگر اعضاء ہی بولے جا رہے تھے”
“اچھا یہ بتا تیرے ہاتھوں نے کیا کہا وہاں ؟”
“چندہ رسیدیں کاٹنے، بیٹوں کے لئے ہر چھ ماہ بعد آئی فون خریدنے، ان کے لئے بلوچ سجی منگوانے، انہیں یورپ کی سیر کے لئے زاد راہ دینے۔۔۔۔۔۔”
“تو تیرا کیا خیال ہے کہ یہ سب کرنے کے بعد تو جنت جائے گا ؟”
“مگر میرا مدرسہ بھی تو تھا، وہ جو دین کی اتنی خدمت کی میں نے ؟”
“تیرا مدرسہ ؟وہ تو تیرے باپ کا تھا، جو تجھے وراثت میں دیتے ہوئے اسے شرم آئی اور نہ ہی لیتے ہوئے تجھے کہ مال وقف کی وراثت حرام ہے”
“ایک منٹ، میں ابا جان سے پوچھتا ہوں”
یہ کہہ کر مہتمم صاحب مڑے اور پیچھے قطار کی جانب متلاشی نظروں سے دیکھنے لگے
“پیچھے کیا دیکھ رہا ہے ؟ وہ تیرا باپ ہے، تجھ سے پہلے بیسمنٹ میں پہنچ چکا”
“یہ ظلم ہے قسم سے۔ میرے حضرت بھی جہنم میں، ابا جان بھی جہنم میں اور میں بھی جہنم میں۔ اگر علماء نے جہنم میں جانا ہے تو پھر جنت کن کے لئے ہے ؟”
“جنت ان کے لئے ہے، جنہیں تم سب جہنمی قرار دیتے تھے”

