مستقبل میں بچوں کو کونسی فیلڈ میں داخلہ دلوائیں؟
کچھ وقت پہلے کمپیوٹر سائنس اور سافٹ ویئر انجینئرنگ کے حوالے سے ایک پوسٹ لگائی کہ اس شعبے کا مستقبل اب ختم ہو چکا ہے۔
میری اس بات پر کمپیوٹر سائنس پڑھنے والے طلباء اور اس فیلڈ میں نوکری کرنے والوں کو بہت غصہ آیا۔ سچ کہوں تو ان کا غصہ کرنا بنتا بھی ہے۔ جب انسان نے اپنی زندگی کے قیمتی سال، پیسہ اور راتوں کی نیندیں کسی ایک ہنر کو سیکھنے میں لگائی ہوں اور اچانک کوئی آ کر کہے کہ اب اس کی کوئی وقعت نہیں رہی، تو دل کو ایک دھچکا سا لگتا ہے۔ انسان گھبراہٹ میں اپنی محنت کا دفاع کرتا ہے اور غصہ نکالتا ہے۔ لیکن کیا ہمارے غصہ کرنے یا آنکھیں بند کر لینے سے آنے والا طوفان رک جائے گا؟
حقیقت تو یہی ہے کہ روایتی کوڈنگ، ڈیٹا انالیسس اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کا دور عملی طور پر ختم ہو چکا ہے، اور جو تھوڑا بہت کام باقی ہے وہ بھی اگلے چند مہینوں یا ایک دو سال میں سمیٹ لیا جائے گا۔ آپ خود سوچیں کہ جو کام کل تک دس انجینئر مل کر مہینوں میں کرتے تھے، آج مصنوعی ذہانت وہی کام چند منٹوں میں کر رہی ہے۔ آپ اسے کہیں کہ مجھے ایک ایپ بنا دو، وہ بنا دے گی۔ آپ کو وہ ایپ مشکل لگے، آپ کہیں اسے آسان کر دو، وہ ایک سیکنڈ میں اسے آسان کر دے گی۔ اسی طرح ہمارے ہاں ایف بی آر کی ٹیکس فائلنگ ہو یا حساب کتاب کے دیگر لگے بندھے کام، جہاں صرف ڈیٹا دیکھ کر خانے پُر کرنے ہوتے ہیں، وہ سب اے آئی نے ختم کر دیے ہیں۔
پہلے مجھے لگتا تھا کہ شاید تخلیقی کام، جیسے ویڈیو بنانا یا کنٹینٹ لکھنا، انسان کے پاس رہ جائیں گے۔ میں نے خود اے آئی پر بہت تجربات کیے ہیں۔ آپ اے آئی سے پرامپٹ لکھوائیں تو وہ چیز تو بنا دیتا ہے، لیکن اس میں وہ انسانی روح، وہ جذبات اور کشش نہیں ہوتی جو کسی گہری کتاب کو پڑھ کر یا اپنے ذاتی تجربے اور بار بار کی محنت سے آتی ہے۔
لیکن جس تیز رفتاری سے یہ ٹیکنالوجی آگے بڑھ رہی ہے، سچ تو یہ ہے کہ اب یہ سمجھنا مشکل ہو گیا ہے کہ اسکرین کے اندر ایسا کون سا کام ہے جو آنے والے وقت میں اے آئی نہیں کر سکے گی۔
جب میں نے یہ باتیں کیں تو بہت سے والدین نے مجھ سے ایک ہی سوال پوچھا کہ آخر ہم اپنے بچوں کو اب کیا کروائیں؟ جب میں نے ایک باپ کی حیثیت سے اگلے دس سے پچاس سال کے بارے میں سوچا، تو مجھے خود ایک گہری الجھن اور خوف نے آ گھیرا۔ کمپیوٹر اور سافٹ ویئر کی لائن اب ہمارے بچوں کے لیے بند ہو چکی ہے۔ اگر ہم سوچیں کہ بچوں کو مکینیکل یا ہاتھ کے ہنر کی طرف لے جائیں، تو اول تو پاکستان میں ان شعبوں کی ویسے ہی کوئی قدر اور مانگ نہیں ہے، اور دوسرا اگلے چند سالوں میں روبوٹکس نے فیکٹریوں اور ورکشاپس کا کام بھی سنبھال لینا ہے۔ یعنی دماغی کام اے آئی لے گئی اور جسمانی مزدوری روبوٹ لے جائیں گے۔
جب ہر طرف سے راستے بند ہوتے نظر آئے اور میں نے اس مصنوعی دنیا کے خول سے باہر نکل کر دیکھا، تو مجھے کائنات کی ایک ایسی سچائی نظر آئی جسے کوئی ٹیکنالوجی کبھی نہیں بدل سکتی۔
ذرا ٹھنڈے دل سے سوچیں، جب دنیا میں کروڑوں لوگوں کی نوکریاں ختم ہوں گی اور جیبوں میں پیسہ نہیں رہے گا، تو انسان سب سے پہلے کیا چھوڑے گا؟ انسان مہنگے موبائل چھوڑ دے گا، سافٹ ویئر اور ایپس خریدنا چھوڑ دے گا، نئی گاڑیاں اور فیشن چھوڑ دے گا۔ لیکن انسان مرتے دم تک کیا چیز نہیں چھوڑ سکتا؟ وہ ہے اس کی بھوک اور پیاس۔
انسان کوڈنگ اور انٹرنیٹ کے بغیر ہزاروں سال زندہ رہا ہے اور آگے بھی رہ سکتا ہے، لیکن وہ گندم کی روٹی، دودھ کے گلاس، انڈے اور گوشت کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا۔
مصنوعی ذہانت جتنی مرضی طاقتور ہو جائے، وہ کمپیوٹر کی اسکرین میں سے گندم کی بوری باہر نہیں نکال سکتی۔
چیٹ جی پی ٹی کو لاکھ حکم دے لیں، وہ سرور روم میں بیٹھ کر بھینس کا خالص دودھ یا مرغی کا انڈا پیدا نہیں کر سکتا۔
انسان کے رزق اور خوراک کا یہ پورا نظام براہِ راست مٹی، پانی، سورج کی روشنی اور اللہ کے بنائے ہوئے فطری قوانین سے جڑا ہوا ہے۔ اگلے چالیس، پچاس، ساٹھ سال تک اگر کوئی چیز اپنی اصل حالت میں باقی رہے گی اور جس کی مانگ کبھی ختم نہیں ہوگی، تو وہ زراعت اور لائیو اسٹاک ہی ہے۔
پچھلے پچاس سالوں میں ہمیں یہ پٹی پڑھائی گئی کہ مٹی میں ہاتھ ڈالنا اور کھیتی باڑی کرنا جاہلوں کا کام ہے، اور اصل عزت اس میں ہے کہ انسان ٹائی لگا کر، اے سی والے کمرے میں بیٹھ کر کمپیوٹر پر انگلیاں چلائے۔ آج وقت کا پہیہ پورا گھوم چکا ہے اور وہی کمپیوٹر انسان کو باہر نکال رہا ہے۔
اگر آج ہم نے اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ کرنا ہے تو ہمیں انہیں اسکرین کی غلامی سے نکال کر واپس زمین اور فطرت سے جوڑنا ہوگا۔ انہیں آج کے جدید دور کے حساب سے یہ سکھانا ہوگا کہ زمین سے اناج کیسے اگایا جاتا ہے، یعنی ڈگری اگر کروانی بھی ہے تو اسی فیلڈ سے ریلیٹڈ کروا لی جائے کہ مویشی کیسے پالے جاتے ہیں، دودھ، گوشت اور خالص خوراک کی پیداوار کیسے ہوتی ہے اور اس پورے کاروبار کو جدید طریقے سے کیسے چلایا جاتا ہے۔ بے شک وہ اپنے فارم کے حساب کتاب یا موسم کے اندازوں کے لیے اے آئی کو ایک اوزار کے طور پر استعمال کریں، لیکن ان کے پاؤں کے نیچے اپنی زمین اور ہاتھ میں حقیقی پیداوار ہونی چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں کتابوں، تاریخ، دین اور انسانی نفسیات سے جوڑیں تاکہ وہ ذہنی طور پر مضبوط انسان بن سکیں۔
آنے والا دور کوڈ لکھنے والوں کا نہیں، بلکہ ان لوگوں کا ہے جن کے پاس انسان کی بقا کے حقیقی وسائل یعنی خوراک، زمین اور پانی ہوں گے۔ اور میرے خیال سے اس حوالے سے زمین کی بڑی اہمیت بڑھنے والی ہے خاص کر ذرعی زمینوں کی. اگر اےآئی کی ترقی اور پاکستان کو دیکھا جائے تو اس وقت زراعت لائیو اسٹاک اور پولٹری ہی باقی بچا ہے..


