حرام تو حرام ہی ہوتا ہے
کہتے ہیں کہ ایک بادشاہ کی شادی کو
عرصہ ہوگیا مگر گھر میں ولی عہد کی کمی ہی
رہی تو اس نے سلطنت کے کونے کونے سے اپنے اور اپنی
ملکہ کے علاج معالجے کیلئے حکیم بلوائے۔ مقدر میں لکھا تھا
اور اللہ نے ملکہ کی گود ہری کر دی ۔
بیٹا پیدا ہوا مگر ایک پیدائشی معذوری کے ساتھ یعنی وہ ایک کان کے ساتھ پیدا ہوا تھا۔ بادشاہ نے اپنے وزیروں سے مشورہ کیا کہ اتنی بڑی سلطنت کی باگ دوڑ سنبھالنے کیلئے پیدا ہونے والا یہ ولی عہد جب اپنے آپ کو یوں معذور پائے گا تو احساس محرومی کا شکار ہو جائیگا۔ کس طرح اس کی اس خامی پر قابو پایا جائے؟
وزیروں نے مشورہ دیا بادشاہ سلامت، یہ تو کوئی بات ہی نہیں، اعلان کرا دیجیئے کہ آج سے جو بھی بچہ پیدا ہو اس کا ایک کان کاٹ لیا جائے۔ شہزادے کے سارے ہمجولی اور اس کے سامنے پلنے والی ساری نسل جب ایک کان والی ہوگی تو شہزادے کے دل میں کسی قسم کی محرومی کا احساس ہی نہیں پیدا ہوگا۔ حکم نافذ کر کے عملدرآمد شروع کرا دیا گیا، اگلے دسیوں سالوں میں مملکت میں ایک کان والی نسل دیکھنے کو ملی اور لوگ اس عادت اور تقلید میں رچ بس گئے۔
ایک بار کہیں سے گھومتا پھرتا بھولا بھٹکا ایک نوجوان اس مملکت میں آن ٹپکا۔ لوگ دو کانوں والے لڑکے کو دیکھ کر بہت حیران ہوئے، بچے اس عجیب الخلقت نوجوان کے پیچھے پڑ گئے اور دو کانوں دو کانوں والا کہہ کر چھیڑتے۔ اس نوجوان کو بھی اپنا آپ ایک عجوبہ لگنا شروع ہو گیا، تاکہ وہ ان لوگوں میں تماشہ بن کر نا رہے اُس نے اپنا ایک کان ہی کٹوا لیا۔
فقہ میں ایک بنیادی اصول یہ ہوتا ہے کہ: سب لوگوں کا کسی ایک بات پر متفق ہوجانا اسے حلال نہیں بنا دیا کرتا۔
سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی پوری قوم شرک کی معذوری کا شکار تھی، ایک اکیلا ابراہیم (علیہ السلام) ان میں اور ان کو بہت ہی عجیب دکھائی دیتا تھا۔
سیدنا لوط علیہ السلام کی پوری کی پوری قوم فطرت کی مخالف سمت میں چلنے والی تھی، ایک اکیلا لوط (علیہ السلام) ان میں عجیب دکھائی دیتا تھا کیونکہ وہ ان جیسا کام نہیں کرتا تھا۔
سیدنا شعیب علیہ السلام کی پوری کی پوری قوم سود اور چور بازاری میں ایسی مبتلاء تھی کہ ان میں اکیلا شعیب (علیہ السلام) بہت ہی انوکھا نظر آتا تھا۔
اس لیے حرام پہ جمع ہو جانا اس کو حلال نہیں کر سکتا …درست راہ پہ گامزن رہیں یہ ہی کامیابی ہے…
✭ نوٹ:- مزید دلچسپ اور ایمان افروز واقعات و حکایات کے لئے ہمیں فالو کر لیں شُکریہ
