ریاستِ جنگل کا بادشاہ ایک عجیب طبیعت کا مالک تھا۔ تخت و تاج، شاہی محل، درباریوں کی سلامیاں اور رعایا کے سامنے اس کی شان و شوکت اپنی جگہ، مگر اس کے دل میں ایک ہی خواہش انگڑائیاں لیتی رہتی تھی: کاش وہ بادشاہ نہ ہوتا، ایک بڑا کاروباری ہوتا۔
اسے کاروبار سے عشق تھا۔ وہ اکثر شاہی محل کی کھڑکی میں بیٹھا جنگل کی رونقیں دیکھتا اور گہری آہ بھر کر کہتا، ’’یہ بھی کوئی زندگی ہے! سارا دن حکومت کے جھمیلے، کبھی کسی محکمے کا مسئلہ، کبھی کسی وزیر کی شکایت، کبھی خزانے کی کمی اور کبھی رعایا کی فریاد۔ کاروبار میں کتنا مزہ ہے! صبح دکان کھولی، شام کو منافع گنا اور گھر چلے گئے۔ نہ کسی کو جواب دینا، نہ کسی کی شکایت سننا۔ کاش میرے نام کے ساتھ بھی کسی بڑی تجارتی سلطنت کا نام جڑا ہوتا!‘‘
اس کی پریشانی کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ شاہی خزانے کی آمدنی محدود تھی۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں وقت پر ادا کرنا دشوار ہوتا جا رہا تھا۔ کئی محکموں کے اہلکار مہینوں سے تنخواہوں کے منتظر تھے، سرکاری اسکولوں کی چھتیں ٹپکتی تھیں، اسپتالوں میں دوائیں کم پڑتی تھیں اور جنگل کی سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں۔ مگر بادشاہ کی دلچسپی ان مسائل میں کم اور اس بات میں زیادہ تھی کہ خزانے میں ایسا پیسہ کیسے آئے جس سے اس کی کاروباری خواہش بھی پوری ہو اور شاہی خزانہ بھی بھرا رہے۔
ایک روز اس نے اپنے خاص وزیر کو طلب کیا اور اپنی دیرینہ خواہش بیان کر دی۔
وزیر نے بادشاہ کی بات بڑے غور سے سنی، پھر مسکرا کر عرض کیا، ’’حضور! آپ بھی عجیب سادہ لوحی کی باتیں کرتے ہیں۔ آپ کے پاس تو کاروبار کا ایسا موقع موجود ہے جس کا کسی تاجر نے خواب بھی نہیں دیکھا ہوگا۔ آپ حکومت میں رہتے ہوئے بھی کاروبار کر سکتے ہیں۔‘‘
بادشاہ کی آنکھیں چمک اٹھیں۔ اس نے فوراً پوچھا، ’’وہ کیسے؟‘‘
وزیر نے عرض کیا، ’’حضور! کاروبار کے لیے سرمایہ چاہیے، دکان چاہیے، مال خریدنا پڑتا ہے، گاہک تلاش کرنے پڑتے ہیں اور پھر منافع کی کوئی ضمانت بھی نہیں ہوتی۔ مگر آپ کے پاس ریاست ہے، قانون ہے، محکمے ہیں، اہلکار ہیں اور ان سب کے اوپر آپ کا اختیار ہے۔ آپ کو نیا کاروبار شروع کرنے کے لیے بازار جانے کی کیا ضرورت؟ بازار تو خود آپ کے پاس آ سکتا ہے۔‘‘
بادشاہ نے حیرت سے پوچھا، ’’ذرا کھل کر سمجھاؤ۔‘‘
وزیر نے کہا، ’’حضور! سب سے پہلے مختلف قسم کی فورسز قائم کیجیے۔ جتنی زیادہ فورسز ہوں گی، اتنے ہی زیادہ کاروباری مواقع پیدا ہوں گے۔ ہر فورس کو الگ الگ شعبہ دیجیے، ہر اہلکار کے لیے ماہانہ وصولی کا ہدف مقرر کیجیے اور اسے واضح کر دیجیے کہ جو اپنے ہدف میں ناکام ہوگا، اس کی ملازمت خطرے میں پڑ جائے گی۔‘‘
بادشاہ نے پیشانی پر بل ڈالتے ہوئے کہا، ’’وزیر صاحب! پہلے سے موجود سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دینے کے لیے خزانے میں پیسے نہیں، تم نئی فورسز بنانے کی بات کر رہے ہو؟‘‘
وزیر نے نہایت اطمینان سے جواب دیا، ’’حضور! یہی تو اس منصوبے کی خوبی ہے۔ ان فورسز کو خزانے پر بوجھ نہیں بننا، بلکہ خزانے کے لیے آمدنی کا ذریعہ بننا ہے۔ ان کی تنخواہیں تو آپ نے دینی ہی ہیں، مگر ان سے وصولی اس سے کہیں زیادہ کروانی ہے۔‘‘
بادشاہ کچھ دیر سوچتا رہا۔ پھر بولا، ’’اچھا، مگر یہ وصولی ہوگی کیسے؟‘‘
وزیر نے فوراً پہلا منصوبہ پیش کیا۔
’’حضور! ایک شاہی ٹریفک فورس بنائیے۔ اس کے اہلکار سڑکوں پر تعینات ہوں اور ہر گاڑی، ہر سواری اور ہر مسافر پر نگاہ رکھیں۔ قانون کی کتاب میں تو بہت سی خلاف ورزیاں لکھی ہیں، مگر ہمارے اہلکاروں کو صرف بڑی خلاف ورزیوں تک محدود رہنے کی کیا ضرورت؟ کسی نے گاڑی ذرا آہستہ چلا دی، کسی نے موڑ کاٹتے ہوئے اشارہ دیر سے دیا، کسی کا پہیہ سڑک کی لکیر سے آگے نکل گیا، کسی کے کاغذ میں معمولی سا نقص نکل آیا؛ ہر بات پر کارروائی ہو سکتی ہے۔ اہلکار کو یہ نہیں دیکھنا کہ غلطی کتنی بڑی ہے، اسے یہ دیکھنا ہے کہ ہدف کتنا باقی ہے۔‘‘
وزیر نے عرض کیا، ’’حضور! ساتھ ہی دوسری فورس قائم کیجیے۔ اسے تجارتی نگرانی فورس کا نام دیجیے۔ اس کے اہلکار بازاروں میں دکان دکان گھومیں گے۔ کسی کی دکان کا تختہ فٹ پاتھ سے ذرا آگے نکلا ہوا ہے، کسی نے سامان اپنی مقررہ جگہ سے چند انچ باہر رکھا ہے، کسی کے کاغذات میں ایک پرانی تاریخ درج ہے، کسی کی دکان پر بورڈ کا سائز مقررہ پیمائش سے بڑا ہے۔ ان سب کے لیے الگ الگ کارروائی کی گنجائش نکل سکتی ہے۔‘‘
بادشاہ نے پوچھا، ’’اور اگر دکاندار قانون دکھانے لگیں؟‘‘
وزیر نے مسکرا کر کہا، ’’حضور! قانون کی کتابیں تو بہت موٹی ہوتی ہیں۔ عام دکاندار ان کے سارے صفحات کہاں پڑھ سکتا ہے؟ ہمارے اہلکار اسے ایک دو صفحات دکھائیں گے، وہ باقی کتاب خود ہی سمجھ جائے گا۔‘‘
بادشاہ قہقہہ لگا کر ہنسا۔
وزیر نے موقع غنیمت جانتے ہوئے بات آگے بڑھائی، ’’اسی طرح ایک تعمیراتی نگرانی فورس بنا دیجیے۔ کوئی جانور اپنے گھر کی دیوار اونچی کر رہا ہو، کوئی چھت ڈال رہا ہو، کسی نے باڑ ذرا آگے بڑھا دی ہو، کسی نے اپنے صحن میں ایک اضافی کمرہ بنا لیا ہو۔ فورس کے اہلکار وہاں پہنچیں گے، نقشے دیکھیں گے، پیمائش کریں گے اور پھر جو کچھ طے ہو، وصول کر کے آگے بڑھ جائیں گے۔‘‘
بادشاہ نے پوچھا، ’’اور اگر کسی نے واقعی قانون کی خلاف ورزی نہ کی ہو؟‘‘
وزیر نے نہایت سنجیدگی سے کہا، ’’حضور! پھر اہلکار کو زیادہ محنت کرنی پڑے گی۔ آخر ہر کاروبار میں مہارت بھی تو ضروری ہوتی ہے!‘‘
بادشاہ نے خوش ہو کر سر ہلایا۔
وزیر نے ایک کے بعد ایک نئے شعبے گنوانا شروع کیے۔ کہیں ماحول کے تحفظ کے نام پر فورس، کہیں خوراک کے معیار کے نام پر فورس، کہیں جنگلات کی حفاظت کے نام پر فورس اور کہیں شاہی نظم و ضبط کے نام پر فورس۔ ہر فورس کا اپنا دفتر، اپنی وردی، اپنا سربراہ، اپنی گاڑی اور اپنی الگ شناخت ہوگی۔ ہر اہلکار کو ایک ماہانہ ہدف دیا جائے گا۔ جس کی تنخواہ چالیس یا پچاس ہزار ہوگی، اس سے کم از کم ایک لاکھ کی وصولی متوقع ہوگی۔ یوں تنخواہ نکال کر بھی خزانے کے لیے خاصی رقم بچ جائے گی۔
بادشاہ نے حساب لگایا تو اس کے چہرے پر خوشی کی ایسی چمک آئی جیسے کسی تاجر نے پہلی مرتبہ منافع کی کتاب کھولی ہو۔
’’وزیر صاحب! یہ تو واقعی ایسا کاروبار ہے جس میں سرمایہ بھی ریاست کا، اختیار بھی ریاست کا، اہلکار بھی ریاست کے اور منافع بھی ہمارا!‘‘
وزیر نے ادب سے سر جھکایا، ’’حضور! اور سب سے بڑی بات یہ کہ اگر کوئی سوال کرے تو جواب میں کہا جا سکتا ہے کہ یہ سب قانون کے تحت ہو رہا ہے۔‘‘
وزیر نے بادشاہ کو بتایا کہ ان فورسز کا ایک اور فائدہ بھی ہے۔
بادشاہ نے پوچھا، ’’وہ کیا؟‘‘
وزیر نے عرض کیا، ’’حضور! ان فورسز کو صرف آمدنی کا ذریعہ نہ سمجھیے۔ یہ ریاست کے لیے ایک اضافی طاقت بھی ہیں۔ کل کو اگر کوئی مخالف سر اٹھائے، کوئی رعایا اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرے یا کوئی آپ کے فیصلوں پر سوال اٹھائے تو یہی فورسز نظم و ضبط کے نام پر اسے قابو کرنے میں کام آئیں گی۔‘‘
بادشاہ نے اطمینان سے تخت کی پشت سے ٹیک لگائی۔ اب اسے محسوس ہونے لگا تھا کہ وزیر نے صرف کاروبار نہیں، حکومت کے استحکام کا بھی انتظام کر دیا ہے۔
بادشاہ نے فوراً حکم جاری کر دیا کہ نئی فورسز کی تشکیل کا کام شروع کیا جائے۔ چند ہی ہفتوں میں جنگل کے مختلف حصوں میں نئی وردیاں، نئے دفاتر اور نئے عہدے نمودار ہونے لگے۔ سرکاری نوکریوں کے منتظر نوجوانوں کو بڑے بڑے اشتہارات کے ذریعے بھرتی کیا گیا۔ ہر اشتہار میں نظم و ضبط، خدمتِ خلق اور جنگل کی ترقی کے بلند بانگ دعوے درج تھے۔
نوجوان خوش تھے کہ آخرکار انہیں روزگار مل گیا۔ کسی نے گھر والوں کو مٹھائی کھلائی، کسی نے قرض لے کر وردی سلوائی اور کسی نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا خواب پورا ہوتے دیکھا۔ انہیں یہ معلوم نہ تھا کہ انہیں خدمت کے لیے نہیں، ایک مقررہ وصولی کے کاروبار میں شریک کرنے کے لیے بھرتی کیا گیا ہے۔
تربیت کے بعد ہر اہلکار کو اس کا ماہانہ ہدف سمجھا دیا گیا۔ کسی کو سڑکوں پر بھیجا گیا، کسی کو بازاروں میں، کسی کو تعمیرات کے معائنے پر اور کسی کو جنگل کے دوسرے علاقوں میں۔ ساتھ ہی یہ ہدایت بھی جاری ہوئی کہ کارکردگی کا اصل معیار وہ رقم ہوگی جو اہلکار خزانے تک پہنچائے گا۔
چنانچہ کچھ ہی عرصے میں جنگل کا نقشہ بدل گیا۔
سڑک پر نکلنے والے جانور کو یہ فکر رہنے لگی کہ کہیں راستے میں کوئی نئی فورس اس کا استقبال نہ کر لے۔ دکاندار صبح دکان کھولنے سے پہلے اپنے سامان کی پیمائش کرتے، دیواروں کو دیکھتے اور کاغذات ترتیب دیتے۔ کسی کو معلوم نہ تھا کہ آج کس محکمے کا اہلکار کس نئی غلطی کی تلاش میں نکلے گا۔
ایک ہی دکان پر کبھی ایک فورس آتی، کبھی دوسری۔ ہر ایک کا اپنا قانون، اپنی تشریح اور اپنا حساب تھا۔ دکاندار کو سمجھ نہیں آتی تھی کہ وہ کاروبار کرے یا ہر آنے والے اہلکار کے سامنے اپنی بے گناہی ثابت کرتا رہے۔
دوسری طرف شاہی محل میں خوشی کے شادیانے بج رہے تھے۔ خزانے کی آمدنی بڑھ رہی تھی، نئے منصوبوں کی خبریں شائع ہو رہی تھیں اور بادشاہ کو آخرکار وہ کاروباری اطمینان حاصل ہو گیا تھا جس کی اسے برسوں سے تلاش تھی۔ وہ درباریوں سے کہا کرتا، ’’دیکھا! میں نے کہا تھا نا کہ کاروبار میں مزہ ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ عام تاجر گاہک تلاش کرتا ہے، ہمارے پاس گاہک خود چل کر آتے ہیں۔‘‘
رفتہ رفتہ فورسز کی تعداد بڑھتی گئی اور جنگل کے دوسرے شعبے سکڑتے گئے۔ نئے اساتذہ کی بھرتیاں ملتوی ہوتی رہیں، سرکاری اسکولوں میں خالی جگہیں پُر نہ ہوئیں اور اسپتالوں کے لیے مطلوبہ عملہ نہ مل سکا۔ پرانے ملازمین کی تنخواہیں کبھی تاخیر سے آتیں، کبھی بجٹ کی کمی کا بہانہ بنا دیا جاتا۔ تعلیم اور علاج کے لیے خزانے میں رقم کم تھی، مگر نئی فورس کے لیے گاڑیاں اور وردیاں خریدنے میں کوئی دقت نہ ہوتی۔
بادشاہ صاحب اس تبدیلی سے بہت خوش تھا۔ ایک روز اس نے وزیر سے کہا، ’’اب مجھے سمجھ آیا کہ کاروبار میں اصل کامیابی کیا ہے۔ جب تک آدمی خود بازار میں بیٹھ کر گاہک کا انتظار کرتا ہے، وہ عام تاجر رہتا ہے۔ لیکن جب بازار ہی اس کے اختیار میں آ جائے تو پھر اسے کاروبار کرنے کی ضرورت نہیں رہتی، کاروبار خود اس کے پاس آتا ہے۔‘‘
وزیر نے فوراً تائید کی، ’’بالکل حضور! اور آپ تو بادشاہ ہیں۔ آپ کو منافع کمانے کے لیے دکان کھولنے کی کیا ضرورت؟ آپ نے تو پورے جنگل کو ہی دکان بنا دیا ہے۔‘‘
بادشاہ نے یہ سن کر قہقہہ لگایا اور اپنے وزیر کو انعام دینے کا حکم صادر کر دیا۔
ادھر جنگل کے جانور اب بھی روزگار، تعلیم، علاج اور سہولتوں کے منتظر تھے۔ ان کے لیے ریاست کے دروازے تنگ ہوتے جا رہے تھے، مگر وصولی کے محکموں کے دروازے ہر وقت کھلے تھے۔ کسی کو یہ معلوم نہ تھا کہ اس کی کون سی معمولی لغزش اگلے دن ایک نئی کارروائی کا سبب بن جائے گی۔
حاصل سبق:
جب ریاستی اختیار عوام کی خدمت کے بجائے وصولی کا ذریعہ بن جائے تو محکمے بڑھتے جاتے ہیں، مگر عوام کی سہولتیں کم ہوتی جاتی ہیں۔ ایسی حکمرانی میں قانون کا مقصد انصاف قائم کرنا نہیں رہتا، بلکہ معمولی غلطیوں کو آمدنی میں بدلنا بن جاتا ہے۔ اور جب کسی ملک میں روزگار، تعلیم اور علاج کے بجائے وصولی کے نئے نئے ادارے ترقی کی علامت بن جائیں تو سمجھ لیجیے کہ ریاست عوام کو سہولت دینے کے بجائے ان کی جیب کو اپنا خزانہ سمجھنے لگی ہے۔


