گاؤں کے الیکشن میں اک مراثی بھی چوھدری کے مقابلے میں کھڑا ہو گیا۔ چودھریوں اور لوگوں نے اسے سیریس نہ لیا اور شغل میلہ ہی سمجھا ۔ لیکن چند ہی دنوں میں مراثی کی شعلہ بیانی ، گاؤں کے مسائل اور چوہدریوں کے کمیوں پر مظالم کے خلاف اس کی گرج دار تقریروں نے لوگوں کو سوچنے پر مجبور کردیا۔ وہ اپنی تقریروں میں برملا چودھریوں کی چھترول کرتا، گاؤں کی بہو بیٹیوں پر چوہدریوں کی غلط نظروں پر دھائی دیتا اور اعلان کرتا کہ ممبر بن کر وہ چوہدریوں کا احتساب کرے گا۔
شروع میں چوہدریوں نے اسے سیریس نہ لیا مگر اس کی زبان درازی یا جرات دیکھ کر پہلے اسے زبانی سمجھایا اور پھر ایک دن اس کے ساتھ خوب لثر پولا کیا ۔
مگر مراثی باز نہ آیا ۔ اس کی جرات و استقامت دیکھ کر گاؤں والوں نے باقی اُمیدواروں کو مراثی کے حق میں دستبردار کروا دیا کہ چوہدری اور مراثی کا ون ٹو ون مقابلہ ہو اور ووٹ تقسیم نہ ہوں۔
الیکشن سے ایک رات پہلے مراثی الیکشن سے دستبردار ہو گیا اور یوں چوہدری بلا مقابلہ منتخب ہو گیا۔
اس وشواس گھاٹ پر پورا گاؤں غیض و غضب میں مراثی کے گھر پہنچا اور بازپرس کی تو مراثی کہنے لگا بہت سوچا آخر یہ بات عقل میں آئی کہ تالاب میں رہ کر مگر مچھ سے بیر نہیں لینا چاہئیے، اب رہنا تو چوہدریوں کے گاؤں میں ہی ہے تو کیوں ان سے دشمنی مول لی جائے


