ایک شخص نے اپنی بیوی سے پوچھا:
’’تم مچھلی پکاتے وقت ہمیشہ اس کی دُم کیوں کاٹ دیتی ہو؟‘‘
بیوی نے حیرت سے جواب دیا، ’’تو کیا تم چاہتے ہو کہ میں دُم سمیت پوری مچھلی پکاؤں؟‘‘
شوہر نے کہا، ’’اس میں حرج ہی کیا ہے؟ مچھلی کی دُم تو خوب خستہ اور کراری ہو جاتی ہے، اور مجھے تو وہ بہت پسند ہے۔‘‘
بیوی نے فوراً کہا، ’’نہیں نہیں! میں تو ہمیشہ سے اسی طرح مچھلی پکاتی آئی ہوں۔ یہ طریقہ میں نے اپنی ماں سے سیکھا ہے۔‘‘
شوہر کو اس کی بات سے اطمینان نہ ہوا۔ اس نے اپنی ساس کو فون کیا اور یہی سوال پوچھا۔
ساس نے بھی فوراً جواب دیا، ’’بھلا دُم سمیت مچھلی کون پکاتا ہے؟ یہ تو بالکل غلط طریقہ ہے!‘‘
شوہر نے پوچھا، ’’لیکن کیوں؟ میں واقعی اس کی وجہ جاننا چاہتا ہوں۔‘‘
ساس نے جواب دیا، ’’مجھے خود نہیں معلوم، بس میری ماں بھی ہمیشہ اسی طرح مچھلی پکایا کرتی تھیں۔ میں نے بھی انہی سے سیکھا ہے۔‘‘
اب شوہر کا تجسس مزید بڑھ گیا۔ اس نے سوچا کہ اس روایت کی اصل وجہ تو اس کی بیوی کی نانی ہی بتا سکتی ہیں۔ چنانچہ اس نے ان سے بھی یہی سوال کر ڈالا۔
بوڑھی خاتون مسکرائیں اور کہنے لگیں:
’’بیٹا! ہمارے زمانے میں حالات بہت سادہ اور وسائل محدود تھے۔ ہمارے پاس اتنا بڑا برتن نہیں ہوتا تھا جس میں پوری مچھلی سما سکے۔ اس لیے میں مچھلی کی دُم کاٹ دیا کرتی تھی تاکہ وہ برتن میں آسانی سے آ جائے۔‘‘
شوہر یہ سن کر حیران رہ گیا۔ جس کام کو تین نسلوں سے ایک ضروری اصول سمجھ کر دہرایا جا رہا تھا، اس کی وجہ محض ایک چھوٹا سا برتن تھا!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہماری زندگی میں بہت سے خیالات، رویے، عادات اور روایات ایسی ہوتی ہیں جو ہمیں ورثے میں ملتی ہیں۔ ہم انہیں اپناتے چلے جاتے ہیں، ان پر عمل کرتے ہیں اور کبھی یہ جاننے کی زحمت بھی نہیں کرتے کہ آخر ان کی ابتدا کیوں ہوئی تھی۔
کئی مرتبہ جن باتوں کو ہم اٹل حقیقت سمجھ کر سینے سے لگائے رکھتے ہیں، ان کی اصل وجہ وقت کے ساتھ ختم ہو چکی ہوتی ہے۔ مگر ہم انہیں محض اس لیے دہراتے رہتے ہیں کہ ہمارے بزرگ بھی ایسا ہی کرتے آئے ہیں۔
یہ اندھی تقلید بعض اوقات ہمیں زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں سے بھی محروم کر دیتی ہے۔


