پہلی صدی ہجری کے اختتامی سالوں میں ولید بن عبدالملک نے حجاج بن یوسف کے بھتیجے محمد بن قاسم کو سندھ کی طرف روانہ کیا تھا، جہاں اس نوجوان سپہ سالار نے عظیم فتوحات حاصل کیں اور سندھ میں اموی اقتدار قائم کیا۔
مگر ولید کی وفات کے بعد جب سلیمان بن عبدالملک نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت تک حجاج بن یوسف بھی وفات پا چکا تھا۔ سلیمان نے محمد بن قاسم کو واپس بلا لیا۔
اب یہاں سے آگے کی کہانی کے بارے میں مختلف روایات ملتی ہیں۔ ایک واقعہ بھی بہت مشہور ہے۔ آئیے، ان تینوں روایات کا جائزہ لیتے ہیں۔
1۔ البلاذری کی روایت
البلاذری اپنی تصنیف فتوح البلدان میں لکھتے ہیں کہ محمد بن قاسم کو زنجیروں میں جکڑ کر عراق لایا گیا۔ اس سارے معاملے کے پیچھے صالح بن عبدالرحمن کا ہاتھ تھا، جس کے بھائی کو حجاج بن یوسف نے قتل کروایا تھا۔ اس نے اپنی سیاسی چالوں کے ذریعے محمد بن قاسم کو اذیت پہنچا کر قتل کروا دیا اور یوں اپنے بھائی کا بدلہ لے لیا۔
2۔ چچ نامہ کی روایت
مشہور تاریخی کتاب چچ نامہ، جسے علی کوفی نے مرتب کیا، میں لکھا ہے کہ راجہ داہر کی دو بیٹیاں سلیمان بن عبدالملک کے دربار میں پہنچائی گئی تھیں۔ انہوں نے محمد بن قاسم کے برے رویے کی شکایت کی، جس کی وجہ سے محمد بن قاسم کو واپس بلا کر سزا دی گئی۔
3۔ بچپن کی کشتی اور ذاتی دشمنی
ایک روایت یہ بھی مشہور ہے کہ بچپن میں سلیمان بن عبدالملک اور محمد بن قاسم کے درمیان کشتی ہوئی تھی، جس میں سلیمان کو شکستِ فاش ہوئی۔ جب وہ تخت پر بیٹھا تو محمد بن قاسم کو پسند نہیں کرتا تھا۔ چنانچہ اس نے یزید بن کبشہ کو سندھ بھیج کر محمد بن قاسم کو گرفتار کروا دیا اور جیل میں ڈلوا دیا، جہاں بالآخر اس کی وفات ہوئی۔
قارئین! یہ تین مختلف روایات ہیں، لیکن سوال آج بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ آخر سندھ کا فاتح نوجوان سپہ سالار اپنے ہی حکمرانوں کے عتاب کا شکار کیوں ہوا؟
آپ کس روایت کو محمد بن قاسم کے المناک انجام کی اصل وجہ مانتے ہیں؟ اپنی رائے کمنٹس میں ضرور دیجیے۔


