معجزہ

معجزہ

اتوار کے روز چکن خریدنے ایک مرغی والے کی دکان پر گیا تو ایک عجیب منظر دیکھا۔ لوگوں کا ایک ہجوم لگا ہوا تھا اور کسی چیز کی نیلامی ہو رہی تھی۔ ایک آواز آئی، ’’پانچ سو!‘‘ دوسری طرف سے آواز آئی، ’’ایک ہزار!‘‘

میں نے قریب کھڑے ایک صاحب سے پوچھا، ’’کس چیز کی بولی لگ رہی ہے؟‘‘

انہوں نے نہایت عقیدت سے جواب دیا، ’’معجزے کی۔‘‘

میں بوکھلا گیا۔ تفصیل پوچھی تو پتا چلا کہ مرغی والے کے پاس ایک ایسی مرغی ہے جس پر قدرتی طور پر لفظ ’’اللہ‘‘ لکھا ہوا ہے۔ سب لوگ اسے خریدنا چاہتے ہیں اور اسی کی بولی لگ رہی ہے۔

میرا اشتیاق بڑھ گیا۔ مرغی والا اپنا کام چھوڑ کر فخر سے ایک طرف کھڑا تھا اور بڑھتی ہوئی بولی پر نہال نظر آ رہا تھا۔ میں نے بمشکل ہجوم میں جگہ بنائی اور آخرکار اس ’’مقدس‘‘ مرغی تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔

یہ ایک درمیانے سائز کی دیسی مرغی تھی، جس کے گلے میں مرغی والے نے موتیوں کا ہار ڈال کر اسے باقی مرغیوں سے الگ رکھا ہوا تھا۔ میرے وہاں پہنچتے پہنچتے مرغی کی بولی پانچ ہزار روپے تک پہنچ چکی تھی۔

میں نے غور سے مرغی کا جائزہ لیا، لیکن مجھے کہیں بھی ’’اللہ‘‘ لکھا ہوا نظر نہیں آیا۔ مرغی والے سے پوچھا تو اسے غصہ آ گیا۔ اس نے جنگلے کے اندر ہاتھ ڈال کر مرغی کو ایک جھٹکے سے پکڑا اور اس کا دایاں حصہ میری طرف کرتے ہوئے بولا، ’’یہ دیکھو!‘‘

میں نے آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر وہاں دیکھا، لیکن پھر بھی کچھ نظر نہیں آیا۔ میں سمجھ گیا کہ ایک گناہ گار ہونے کے ناتے میں اس روح پرور منظر کو دیکھنے سے محروم ہوں، لہٰذا آہ بھر کر پیچھے ہٹ گیا۔

بولی آٹھ ہزار روپے تک جا چکی تھی۔

بالآخر ڈیڑھ گھنٹے بعد مذکورہ مرغی پندرہ ہزار روپے میں فروخت ہو گئی۔ جن صاحب نے اسے خریدا، ان کی خوشی دیدنی تھی۔ جب وہ مرغی حاصل کر چکے تو میں نے ان سے گزارش کی، ’’پلیز، ذرا مجھے بھی وہ نام دکھا دیں جس کی وجہ سے آپ نے اتنی مہنگی مرغی خریدی ہے۔‘‘

انہوں نے نہایت اخلاق سے سر ہلایا اور مرغی کی دائیں طرف ایک جگہ انگلی رکھ دی۔

اب کی بار میں نے پوری توجہ سے وہاں دیکھا، لیکن کچھ سمجھ نہ آیا۔ وہ صاحب بھی غالباً میری مشکل سمجھ گئے تھے، لہٰذا انہوں نے اپنی انگلی سے مختلف پیچ و خم کے ذریعے ہر لکیر مجھے سمجھائی۔ میں نے سر ہلا دیا۔

تاہم ایک بات میری سمجھ میں نہیں آئی کہ خود مرغی والے نے اتنی بابرکت مرغی فروخت ہی کیوں کر دی؟

مجھے اسلامی تاریخ پڑھنے کا بہت شوق ہے، تاہم میری کم علمی کہہ لیجیے کہ بار بار کھنگالنے کے باوجود مجھے ایسا کوئی مستند ثبوت نہیں مل سکا کہ نبی کریم ﷺ کے دور میں کسی پھل وغیرہ پر اس طرح کوئی نام لکھا ہوا ظاہر ہوا ہو۔

میں خدا کی قدرت کے نظارے جابجا دیکھتا ہوں اور ان میں کہیں بھی کوئی سقم نہیں پاتا۔ رنگ برنگے طوطے دیکھتا ہوں تو ان کے رنگوں میں کوئی جھول نظر نہیں آتا۔ تتلی کے پروں کو دیکھتا ہوں تو ہر لکیر قدرت کی صناعی کی غماز نظر آتی ہے۔ پہاڑوں سے جھرنوں تک، اللہ تعالیٰ کی کاریگری دور ہی سے پہچانی جاتی ہے۔

لیکن پتا نہیں کیوں، جب کوئی مجھے کسی جانور، روٹی یا آسمان پر بادلوں کے جھمگٹ میں ’’اللہ‘‘ یا اس کے رسول ﷺ کا نام لکھا ہوا دکھاتا ہے تو مجھے اپنی ناقص عقل کی وجہ سے اسے پڑھنے اور پہچاننے میں دشواری پیش آتی ہے۔

میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو انٹرنیٹ پر تلاش کرتا ہوں تو وہ بھی ایسی چیزیں دکھاتے نظر آتے ہیں جن میں ان کے دیوتاؤں کی تصاویر اور نام لکھے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل ایک ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں ایک میاں بیوی کو بطور مہمان بلایا گیا۔ بیوی کی خاصیت یہ تھی کہ وہ جب بھی روٹی پکاتی تو اس پر لفظ ’’اللہ‘‘ لکھا ہوا آ جاتا تھا، جبکہ شوہر کا کہنا تھا کہ اس کی کمر پر کلمہ لکھا ہوا ہے۔ مزید یہ کہ اس نے دعویٰ کیا کہ خواب میں حضور ﷺ نے اسے پھول، دودھ کا ایک گلاس اور ایک جائے نماز عطا کی تھی، جو جاگنے کے بعد بھی اس کے پاس ظاہری حالت میں موجود رہی۔

مارننگ شو میں نہ صرف یہ ساری چیزیں دکھائی گئیں بلکہ خاتون میزبان نے عقیدت اور آنسوؤں بھری آنکھوں سے ان سب چیزوں کو بوسہ بھی دیا۔

ٹھیک دو ماہ بعد خبر آئی کہ میاں بیوی دونوں جعل ساز تھے، دونوں پولیس کی حراست میں ہیں اور دونوں نے اپنے فراڈ کا اعتراف کر لیا ہے۔

بیوی روٹی پکاتے ہوئے کچی روٹی پر اپنے بائیں ہاتھ کی پانچوں انگلیاں زور سے ثبت کرتی تھی، جس کی وجہ سے روٹی کا وہ حصہ دب جاتا تھا۔ پکنے کے بعد جب روٹی کو سیدھا کیا جاتا تو چھوٹی انگلی سے انگوٹھے تک بننے والے نشانات، چونکہ ’’اللہ‘‘ سے مشابہ دکھائی دیتے تھے، اس لیے لوگ ششدر رہ جاتے تھے۔

شوہر صاحب کی چالاکی یہ تھی کہ انہوں نے بازار سے ایک جائے نماز خریدی، دودھ کا ایک گلاس لیا اور کچھ پھول خرید کر انہیں دو دن تک مسلسل عطر میں ڈبوئے رکھا۔ اسی دوران ایک ٹیٹو بنانے والے سے اپنی کمر پر کلمۂ طیبہ بھی کھدوا لیا۔

لوگ چونکہ ایسی باتوں میں جذباتی ہو جاتے ہیں، لہٰذا نہ کسی نے سچائی جاننے کی کوشش کی، نہ کسی نے اعتراض کیا۔ دونوں میاں بیوی نے اپنے اعترافی بیان میں تسلیم کیا کہ اس عمل کے بعد نہ صرف ان کی بے روزگاری یکدم ختم ہو گئی بلکہ عقیدت مندوں کے بھی انبار لگ گئے۔

ایسی ہی ایک صورتِ حال سعودی عرب میں بھی پیش آئی تھی، جہاں آندھی کے طوفان میں کھلونوں کی ایک دکان سے ربڑ کا ایک بڑا سا گھوڑا ہوا کی تاب نہ لاتے ہوئے آسمان کی طرف اڑ گیا۔ جب لوگوں نے فضاؤں میں گھوڑے کو اڑتے دیکھا تو بے اختیار ’’سبحان اللہ‘‘ پکار اٹھے۔ اس ویڈیو اور اس کی حقیقت بھی انٹرنیٹ پر جابجا موجود ہے۔

حال ہی میں ایک مذہبی شخصیت نے ایک بلی کے ماتھے پر ایک مقدس نشان دیکھ کر اسے ’’محترمہ بلی‘‘ کا لقب عطا کیا ہے۔

ایک گناہ گار مسلمان ہونے کے باوجود خدا اور اس کے رسول ﷺ میری محبت کا مرکز و محور ہیں۔ میں اپنے قارئین اور علمائے کرام سے اپنی رہنمائی کے لیے پوچھنا چاہتا ہوں:

کیا جانوروں، پھلوں اور دیگر چیزوں پر بمشکل پڑھے جانے والے ان ناموں کو خدا اور اس کے رسول ﷺ سے منسوب کرکے ’’معجزہ‘‘ کہنا مناسب ہے؟

بادلوں کے ٹکڑے اپنی پوزیشنز تبدیل کرتے رہتے ہیں اور یوں کبھی کبھار حروف کی شکل بھی اختیار کر لیتے ہیں۔ کیا بادلوں کی اس ترتیب کو ’’مظہرِ نورِ خدا‘‘ سمجھا جائے؟

اور جب ایسی چیزیں غیر مسلم بھی پیش کریں تو انہیں کیا جواب دیا جائے؟

نیز بعض اوقات ظاہر ہونے والی یہ اشکال کسی غیر مہذب روپ میں بھی نظر آتی ہیں۔ انہیں کیا کہا جائے اور کس سے منسوب کیا جائے؟

کیا اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں ایسی کسی چیز کا کوئی ذکر کیا ہے؟

کیا جس جانور پر ایسے حروف بنے ہوئے ہوں، اس کے بارے میں کوئی شرعی حکم موجود ہے؟

کیا ایسی چیزیں باعثِ برکت ہوتی ہیں؟

کیا خدا کو ماننے کے لیے ان چیزوں پر یقین لانا ضروری ہے؟

کیا ایسی چیزیں دیکھنے سے ثواب بھی ملتا ہے؟

خدا کے ہونے کا ثبوت قرآن ہے یا یہ چیزیں؟

کیا ایسا نہیں ہوتا کہ بعض اوقات گھر میں سفیدی کرائی جائے تو اس کے چھینٹوں سے بھی کوئی عجیب و غریب شکل بن جاتی ہے؟ تو کیا اس شکل کو بھی کوئی خاص اشارہ سمجھا جائے؟

کیا ایسی چیزوں سے ان لوگوں کو مدد نہیں ملتی جو یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کے روحانی پیشوا کی شکل چاند میں نظر آتی ہے؟

Leave a Reply

NZ's Corner