پاکستانی سیلز مین کی ایسی ذہانت کہ مالک بھی دنگ رہ گیا

پاکستانی سیلز مین کی ایسی ذہانت کہ مالک بھی دنگ رہ گیا

!

ایک نوجوان نے کراچی کی ایک کمپنی میں آٹھ سال تک سیلز مین کی ملازمت کرنے کے بعد بہتر مستقبل کی تلاش میں کینیڈا جانے کا فیصلہ کیا۔

کچھ عرصے بعد اسے کینیڈا کے ایک مشہور اور بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں سیلز مین کی ملازمت کے لیے انٹرویو کا موقع ملا۔

یہ اسٹور دنیا کے بڑے اسٹورز میں شمار ہوتا تھا، جہاں سوئی سے لے کر جہاز تک تقریباً ہر چیز دستیاب تھی۔

انٹرویو کے دوران اسٹور کے مالک نے اس کے کاغذات دیکھتے ہوئے پوچھا:

“آپ کا تعلق پاکستان سے ہے؟ کیا آپ نے پہلے بھی سیلز مین کی ملازمت کی ہے؟”

نوجوان نے جواب دیا:

“جی سر! میں کراچی کی ایک کمپنی میں آٹھ سال تک سیلز مین رہ چکا ہوں۔”

مالک کو نوجوان کا اعتماد اور تجربہ پسند آیا۔ اس نے کہا:

“ٹھیک ہے، میں آپ کو ملازمت دے رہا ہوں۔ لیکن آپ کو اپنی کارکردگی سے ثابت کرنا ہوگا کہ میرا فیصلہ درست تھا۔ کل سے کام شروع کر دیں۔ گڈ لک!”

اگلے دن نوجوان اپنی ڈیوٹی پر پہنچ گیا۔

پہلا دن تھا، اس لیے اس نے بڑی محنت اور دلچسپی سے کام کیا۔ شام کے چھ بجے تو مالک نے اسے اپنے دفتر میں بلا لیا۔

مالک نے پوچھا:

“ہاں بھئی! آج تم نے کتنی سیل ڈیلز کی ہیں؟”

نوجوان نے جواب دیا:

“صرف ایک، سر!”

یہ سن کر مالک کا چہرہ اتر گیا۔

“صرف ایک؟ ہمارے دوسرے سیلز مین روزانہ بیس سے تیس ڈیلز کرتے ہیں۔ تمہیں اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی، ورنہ یہاں کام کرنا مشکل ہو جائے گا۔”

نوجوان نے بڑے اطمینان سے کہا:

“جی سر، میں پوری کوشش کروں گا۔”

مالک نے دوبارہ پوچھا:

“اچھا، یہ بتاؤ کہ آج تم نے جو ایک ڈیل کی، وہ کتنے ڈالر کی تھی؟”

نوجوان نے جواب دیا:

“سر! نو لاکھ پچاس ہزار سات سو نو ڈالر کی۔”

مالک اپنی کرسی سے تقریباً اچھل پڑا۔

“کیااااا؟ نو لاکھ پچاس ہزار ڈالر؟ ایک ہی ڈیل میں؟ آخر تم نے ایسا کیا بیچا؟”

نوجوان نے تفصیل بتانا شروع کی:

“سر! آج ایک آدمی اسٹور میں آیا۔ پہلے میں نے اسے مچھلی پکڑنے والی ایک چھوٹی راڈ دکھائی۔ پھر درمیانی اور اس کے بعد سب سے بڑی راڈ بھی دکھائی۔ اس نے تینوں خرید لیں۔

میں نے پوچھا کہ آپ مچھلی کہاں پکڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟

اس نے بتایا کہ سمندر کے پرسکون پانیوں میں۔

میں نے کہا کہ پھر تو آپ کو ایک اچھی کشتی کی بھی ضرورت ہوگی۔ میں اسے کشتیوں والے سیکشن میں لے گیا، جہاں اس نے ایک بڑی کشتی خرید لی۔

پھر میں نے اسے سمجھایا کہ اتنی بڑی کشتی آپ کی عام گاڑی میں کیسے جائے گی؟ اس کے لیے تو ایک طاقتور فور بائی فور گاڑی چاہیے۔

چنانچہ وہ میرے ساتھ گاڑیوں والے سیکشن میں گیا اور ایک نئی 4×4 بلیزر خرید لی۔

اس کے بعد میں نے پوچھا:

‘آپ مچھلی پکڑنے کے بعد کسی عام ہوٹل میں رات گزارنا پسند کریں گے یا سمندر کے کنارے خیمہ لگا کر رات گزارنے کا لطف اٹھائیں گے؟’

اسے میرا مشورہ پسند آیا اور اس نے ایک بڑا خیمہ بھی خرید لیا۔

پھر میں نے اسے کھانے پینے کی چیزیں، میوزک سسٹم، دیگر ضروری سامان اور دو کارٹن بیئر بھی فروخت کر دیے۔”

مالک حیرت سے اسے دیکھ رہا تھا۔

آخرکار وہ بے قابو ہو کر بولا:

“یعنی تم نے ایک ہی گاہک کو اتنا سارا سامان فروخت کر دیا؟ وہ بھی ایک ایسے آدمی کو جو صرف مچھلی پکڑنے والی ایک راڈ خریدنے آیا تھا؟”

نوجوان نے فوراً جواب دیا:

“نہیں سر! وہ مچھلی پکڑنے والی راڈ خریدنے نہیں آیا تھا۔”

مالک نے حیران ہو کر پوچھا:

“تو پھر وہ یہاں کیا خریدنے آیا تھا؟”

نوجوان نے بڑے سکون سے جواب دیا:

“سر! وہ تو صرف سر درد کی دو گولیاں خریدنے آیا تھا۔ اس نے بتایا کہ گھر میں بیوی کے ساتھ لڑائی ہوئی ہے اور اسی بوریت اور ذہنی پریشانی کی وجہ سے اس کے سر میں درد ہو رہا ہے۔

میں نے اسے سمجھایا کہ سر درد کی گولیوں سے بہتر ہے کہ کوئی دلچسپ سرگرمی شروع کی جائے۔ بس پھر میں نے اسے مچھلی پکڑنے کا مشورہ دیا اور آپ کے سامنے پوری کہانی ہے.
مالک چند لمحے خاموش رہا، پھر اپنا سر پکڑ کر بولا:

“او بھائی! پاکستانیوں سے کوئی نہیں جیت سکتا ۔

Leave a Reply

NZ's Corner