مائیں واقعی کتنی سادہ ہوتی ہیں۔ انہیں ہمیشہ یہی لگتا ہے کہ ان کی اولاد دنیا کی معصوم ترین اولاد ہے۔ وہ چاہے کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہو جائے، ماں کے لیے ہمیشہ بچہ ہی رہتی ہے۔
ماں کو ہر وقت یہ فکر رہتی ہے کہ کہیں اس کا بچہ دنیا کی چالاکیوں کا شکار نہ ہو جائے۔ وہ دنیا کے ہر مسئلے کا حل اپنی دعاؤں میں تلاش کرتی ہے اور حیرت کی بات یہ ہے کہ اکثر اس کی دعائیں رنگ بھی لے آتی ہیں۔ ❤️
مائیں بڑی بڑی باتیں نہیں سمجھتیں، انہیں فیس بک، ٹوئٹر اور دنیا کے جدید طور طریقوں سے کوئی خاص غرض نہیں ہوتی۔ وہ سادہ زندگی گزارتی ہیں، چھوٹی چھوٹی باتوں پر گھبرا جاتی ہیں، لڑائی جھگڑے سے دور رہتی ہیں اور ہر کسی کی بات پر جلد یقین کر لیتی ہیں۔
لیکن افسوس! ہم میں سے کتنے لوگ جانتے ہیں کہ ہماری ماں کو کون سا کھانا سب سے زیادہ پسند ہے؟ اسے کس رنگ کا لباس اچھا لگتا ہے؟ اس کی پسندیدہ مٹھائی کون سی ہے؟
ہم نے کبھی اپنی ماں کو کسی چیز کے لیے ضد کرتے نہیں دیکھا، کبھی کسی مہنگی چیز کی خواہش کرتے نہیں دیکھا۔
یاد کریں اپنے بچپن کے وہ دن، جب آپ پیٹ بھر کر کھانا کھاتے تھے اور ماں ہانڈی میں بچا ہوا کھانا پونچھ پونچھ کر اپنے پیٹ کی آگ بجھاتی تھی۔
ہم میں سے کتنے لوگوں نے کبھی اپنی ماں سے پوچھا کہ جب اسے بے وقت بھوک لگتی ہے تو وہ کیا کھاتی ہے؟ کیا آپ نے کبھی اپنی ماں کو برگر یا پیزا کھانے کے لیے مچلتے دیکھا ہے؟
اسے جو بھی دے دیا جائے، وہ صبر و شکر کے ساتھ کھا لیتی ہے۔ خود بیمار ہو تو بھی اسے بچوں کی فکر کھائے جاتی ہے۔ اپنی تکلیف چھپا کر بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھنا چاہتی ہے۔
یہ اتنی سادہ ہوتی ہے کہ اپنے جہیز کی چیزیں بھی اس امید پر سنبھال کر رکھتی ہے کہ کبھی بیٹی کے کام آئیں گی۔
ہمیں لگتا ہے کہ ہماری ماں شروع سے ہی ایسی تھی، لیکن نہیں!
یہ ماں بھی کبھی نوجوان تھی۔
اس کی بھی کچھ خواہشیں تھیں، کچھ خواب تھے، کچھ ارمان تھے۔ اسے بھی اچھے کپڑے پہننے، اپنی پسند کی چیزیں کھانے اور اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارنے کا شوق تھا۔
لیکن جب وہ ماں بنی تو اس نے اپنی خواہشات کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اپنے خوابوں کی جگہ بچوں کے خواب سجا لیے، اپنی خوشیوں کی جگہ اولاد کی خوشیوں کو رکھ لیا اور اپنی پوری زندگی بچوں کے نام کر دی۔
آج بھی اگر ممکن ہو تو اپنی ماں کے پاس بیٹھیں، اس کا حال پوچھیں، اس کی پسند جانیں، اس کی چھوٹی چھوٹی خواہشیں پوری کریں۔ کیونکہ ماں کی خدمت اور اس کے ساتھ گزارا ہوا وقت دنیا کی سب سے بڑی نعمتوں میں سے ایک ہے۔
اللہ پاک سب کی ماؤں کو صحت، تندرستی اور سلامتی والی لمبی زندگی عطا فرمائے۔ 🤲❤️
اور جن کی مائیں اس دنیا سے رخصت ہو چکی ہیں، اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے، ان کی قبروں کو نور سے بھر دے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
آمین یارب العالمین


