ایک بادشاہ تھا، وہ صبح اٹھا اور اپنے محل کی کھڑکی کھول کر نیچے دیکھا تو بھنگی جھاڑو دے رہا تھا، بھنگی پر نظر پڑتے ہی بادشاہ کو خیال آیا کہ آج صبح صبح اس بھنگی کا منہ دیکھا ہے تو کچھ نہ کچھ گڑبڑ حکومت میں ضرور ہوگی۔ اتفاق سے کچھ گڑبڑی ہوگئی بادشاہ کا خیال یقین میں تبدیل ہوگیا کہ اسی بھنگی کا منہ صبح صبح دیکھنے کی وجہ سے یہ ہوا ہے۔ چنانچہ بادشاہ نے داروغہ سے کہا کہ فلاں بھنگی کو سولی دیدو، داروغہ بھنگی کے گھر پہنچا اور اس کو پکڑ لایا۔ سولی دینے سے پہلے پوچھتے ہیں کہ تیری آخری کوئی تمنا ہے؟ اسی طرح بھنگی سے بھی پوچھا۔ بھنگی نے کہا کہ مجھے سولی کیوں دی جارہی ہے، میں نے کیا گناہ کیا ہے؟ داروغہ نے کہا یہ تو ہم کو معلوم نہیں کہ تو نے کیا گناہ کیا ہے ہم کو تو بادشاہ کا حکم ہے کہ تجھے سولی دیدی جائے۔ بھنگی نے کہا کہ مجھے بادشاہ تک لے چلو تا کہ میں پوچھ لوں کہ مجھے سولی کیوں دی جارہی ہے۔ داروغہ نے بادشاہ کے پاس کہلا بھیجا کہ یہ بھنگی آپ سے ملنا چاہتا ہے۔ بادشاہ نے اجازت دیدی، داروغہ نے اس کو شاہی دربار میں پہنچا دیا، بھنگی بادشاہ کے قدموں میں گر پڑا اور کہنے لگا بادشاہ سلامت میں تو غریب آدمی ہوں بال بچے والا ہوں مجھے کس جرم میں سولی دی جارہی ہے؟
بادشاہ نے کہا کہ تو منحوس آدمی ہے۔ بھنگی نے کہا حضور! میں کیسے منحوس ہو گیا۔ بادشاہ نے کہا کہ کل صبح کو میں نے تیری شکل دیکھی تھی اس دن راجدھانی میں بہت گڑبڑ رہی۔ ہماری حکومت میں ایسے منحوس آدمی کا رہنا مناسب نہیں جو بھی تیری شکل دیکھے گا وہ پریشان ہی رہے گا۔ بھنگی نے سوچا کہ سولی پر تو جا ہی رہا ہوں اب مجھے بھی جو کچھ کہنا ہے کہہ دوں۔ بھنگی نے کہا حضور آپ نے صبح صبح میری شکل دیکھی تو حکومت میں گڑبڑ رہی، بادشاہ نے کہا جی ہاں جی ہاں اسی لئے سولی دی جارہی ہے۔ بھنگی نے کہا حضور اسی صبح میں نے سب سے پہلے آپ کی شکل دیکھی ہے اور مجھے سولی دی جارہی ہے، آپ ہی بتائیں منحوس کون ہے؟ میں ہوں یا آپ؟ بادشاہ نے یہ بات سن کر داروغہ سے کہا کہ اس کو چھوڑ دو۔
فائدہ
شریعت میں بدشگونی جائز نہیں ہے، شریعت کے نزدیک ذاتی طور پر کوئی بھی چیز منحوس نہیں ہے، بلکہ اپنے افعال و اعمال کے اختیار سے لوگ بابرکت اور بے برکت ہوتے ہیں۔ کون بابرکت ہے اور کون بے برکت اس کا علم اللہ کے علاوہ کسی کو نہیں ہے اس لئے کسی کو بھی منحوس نہیں سمجھنا چاہیے۔ دنیا میں جو حادثات رونما ہوتے ہیں، وہ کسی کی نحوست یا برکت کا اثر نہیں ہوتے بلکہ تقدیر الہی سے ہوتے ہیں۔


