ایک دن ایک بطخ اپنے ننھے منے بچوں کے ساتھ جھیل کی طرف جا رہی تھی۔ بچے بہت خوش تھے اور اپنی ماں کے پیچھے پیچھے کواک کواک کرتے ہوئے مزے سے چل رہے تھے کہ اچانک ماں بطخ کی نظر دور کھڑی ایک لومڑی پر پڑی۔ وہ سہم گئی اور فوراً چلائی،
“بچوں! جلدی سے جھیل کی طرف بھاگو، وہاں لومڑی ہے!” جب بچے جھیل کی طرف بھاگے تو ماں بطخ نے انہیں بچانے کے لیے ایک انوکھی چالاکی سوچی؛ اس نے زمین پر اپنے پر گھسیٹنے شروع کر دیے جیسے وہ زخمی ہو اور اڑ نہ سکتی ہو۔
لومڑی یہ دیکھ کر نہال ہو گئی کہ آج تو آسان شکار ہاتھ لگا ہے اور وہ تیزی سے بطخ کی طرف لپکی۔ ماں بطخ نے لومڑی کو اپنے پیچھے لگائے رکھا اور اسے جھیل سے بہت دور لے گئی تاکہ اس کے بچے محفوظ ہو جائیں۔ جیسے ہی اس نے دیکھا کہ بچے جھیل کے درمیان پہنچ چکے ہیں، اس نے سکون کا سانس لیا۔ لومڑی نے سمجھا کہ بطخ تھک گئی ہے اور وہ جیسے ہی قریب پہنچی، بطخ نے اپنے پر پھیلائے اور پھررر سے اڑ کر جھیل کے بیچ اپنے بچوں کے پاس جا اتری۔ بیچاری لومڑی دیکھتی رہ گئی اور سمجھ گئی کہ بطخ نے اسے کتنی ہوشیاری سے الو بنایا ہے۔
