جنگل کے ایک وسیع خطے میں قدرت نے ایک ایسی نعمت پیدا کر رکھی تھی جس کا ذائقہ چکھنے والا اس کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکتا تھا۔ یہ ایک خوش ذائقہ پھل تھا جسے جانور ’’شہد آلو‘‘ کے نام سے پکارتے تھے۔ اس کی مٹھاس میں شہد کی لطافت اور خوشبو میں جنگلی پھولوں کی مہک شامل تھی۔ یہ کسی باغبان کی محنت کا محتاج نہ تھا؛ موسم آتے ہی جنگل کے مخصوص درختوں پر خودبخود پک کر تیار ہو جاتا۔ چھوٹے بڑے، کمزور طاقت ور، سبھی جانور اسے شوق سے کھاتے اور اس موسم کا انتظار کرتے۔ گویا جنگل میں یہ محض ایک پھل نہیں، قدرت کی طرف سے سالانہ ضیافت تھی۔
لیکن اس نعمت کا سب سے بڑا شیدائی جنگل کا بادشاہ شیر تھا۔ کھانے پینے کے معاملے میں اس کا ذوق بھی شاہانہ تھا اور خواہشات بھی بے حد۔ دسترخوان پر کوئی چیز اسے پسند آ جاتی تو اس کی مقدار اور دستیابی کے بارے میں سوچنے کی زحمت کبھی نہ کرتا۔ شہد آلو اس کا ایسا مرغوب پھل تھا کہ موسم شروع ہوتے ہی اس کے شاہی محل میں اس کے ڈھیر لگ جاتے۔
ایک سال موسم آیا تو پورا جنگل شہد آلو کے ذائقے سے لطف اندوز ہونے لگا۔ شیر بھی روزانہ اس کے بڑے بڑے حصے کھاتا رہا، مگر چند روز بعد اچانک اس کے ذہن میں ایک خیال نے سر اٹھایا۔ اس نے سوچا کہ اگر جنگل کے تمام جانور اسی طرح اسے کھاتے رہے تو یہ نعمت ایک دن ختم ہو جائے گی۔ پھر میرے حصے میں کیا آئے گا؟ آخر میں جنگل کا بادشاہ ہوں، میرے ذوق اور خواہشات کا بھی تو خیال رکھا جانا چاہیے!
یہ خیال آتے ہی اس کے چہرے پر پریشانی کے آثار نمودار ہوئے۔ اسے اپنے شاہی دسترخوان کا مستقبل خطرے میں دکھائی دینے لگا۔ دربار میں موجود لومڑی نے بادشاہ کی اداسی دیکھی تو سبب دریافت کیا۔ شیر نے اپنی فکر بیان کی اور شہد آلو کے ختم ہو جانے کا اندیشہ ظاہر کیا۔
لومڑی نے بادشاہ کی بات سنی تو اس کے چہرے پر ایک معنی خیز مسکراہٹ پھیل گئی۔ وہ جانتی تھی کہ بادشاہ کی خواہش پوری کرنے کے لیے جنگل کے جانوروں کو اس نعمت سے محروم کرنا ہوگا، مگر ایسا کام محض پابندی لگا کر نہیں کیا جا سکتا تھا۔ عوام کے دل میں اس پھل کی محبت تھی؛ اگر اسے اچانک چھین لیا جاتا تو جنگل بھر میں جانور سڑکوں پر نکل آتے۔
لومڑی نے رات بھر ایک ایسا منصوبہ تیار کر لیا اور
اگلی صبح پورے جنگل میں شاہی اعلان کروا دیا گیا کہ شہد آلو کے استعمال سے متعلق چند نہایت تشویش ناک طبی انکشافات سامنے آئے ہیں۔ بادشاہ نے رعایا کی صحت کے پیشِ نظر فوری طور پر ماہر طبیبوں کا ایک خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔ جنگل کے مشہور طبیبوں اور حکیموں کو دربار میں بلایا گیا۔ انہیں شاہی سرپرستی اور خصوصی انعامات کا یقین دلایا گیا، پھر ان سے ایسے بیانات دلوائے گئے جن میں شہد آلو کے مبینہ مضر اثرات کی تفصیل بیان کی گئی تھی۔
کسی نے دعویٰ کیا کہ اس کے استعمال سے جسم میں غیرمعمولی سستی پیدا ہوتی ہے، کسی نے کہا کہ یہ معدے کے لیے نقصان دہ ہے، اور کسی نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ اس کے مسلسل استعمال سے جانوروں کی قوتِ مدافعت کمزور ہو سکتی ہے۔ ہر بیان میں ایک نئی علامت اور ایک نیا خطرہ شامل تھا۔ جنگل کے درختوں پر شاہی فرمان چسپاں کر دیے گئے، چوراہوں پر منادی ہونے لگی اور ہر طرف ایک ہی خبر گردش کرنے لگی کہ شہد آلو اب پہلے جیسی بے ضرر نعمت نہیں رہا۔
اعلان میں یہ بھی واضح کر دیا گیا کہ جو جانور اس پھل کو کھائے گا، وہ اپنی صحت اور جان کا خود ذمہ دار ہوگا۔ حکومت اس سلسلے میں کسی نقصان کی ذمہ دار نہیں ہوگی۔
جانوروں کے لیے یہ خبر کسی صدمے سے کم نہ تھی۔ جس پھل کو وہ برسوں سے شوق سے کھاتے آئے تھے، اچانک اسی کے بارے میں خطرناک انکشافات سننے کو مل رہے تھے۔ کچھ جانوروں نے پہلے پہل شک کیا، مگر جب طبیبوں کے بیانات، شاہی فرمان اور مسلسل تشہیر ایک ہی بات دہرانے لگے تو رفتہ رفتہ سب نے اسے سچ مان لیا۔ جو جانور کل تک شہد آلو کے لیے درختوں کے نیچے جمع ہوتے تھے، اب اس کے قریب جانے سے بھی احتراز کرنے لگے۔
اس دوران حکومت نے ایک اور شاہانہ قدم اٹھایا۔ اعلان ہوا کہ رعایا کی صحت بادشاہ کے لیے سب سے زیادہ عزیز ہے، اس لیے جنگل میں جہاں کہیں بھی شہد آلو موجود ہے، اسے سرکاری انتظام کے تحت نکال کر کے رعایا کی حفاظت کی جائے گی۔ اس مہم پر شاہی خزانے سے بھاری رقم خرچ کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
سرکاری کارندے جنگل کے مختلف حصوں میں پھیل گئے۔ درختوں سے شہد آلو اتارے گئے، ذخیرہ شدہ پھل جمع کیے گئے اور انہیں شاہی قافلوں کے ذریعے دارالحکومت روانہ کر دیا گیا۔ راستوں میں منادی ہوتی رہی کہ حکومت رعایا کو ایک خطرناک بیماری سے بچانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ شاہی خزانے سے اخراجات کے اعلانات ہوئے، کارندوں کی محنت کے قصیدے پڑھے گئے اور بادشاہ کی عوام دوستی کو جنگل کی تاریخ کا ایک عظیم کارنامہ قرار دیا گیا۔
جبکہ دوسری طرف شہد آلو کے تمام ذخیرے شاہی محل کے پچھلے حصے میں پہنچائے جا رہے تھے۔ وہاں ان کے لیے بڑے بڑے گودام تیار کیے گئے تھے۔ پھل کو نہایت احتیاط سے محفوظ کیا جاتا، روزانہ شاہی باورچی خانے میں اس کی فراہمی ہوتی اور بادشاہ اپنے پسندیدہ پھل سے پہلے سے بھی زیادہ لطف اندوز ہوتا۔ جس نعمت کو رعایا کے لیے مضرِ صحت قرار دیا گیا تھا، وہی بادشاہ کے دسترخوان کی زینت بنی ہوئی تھی۔
کچھ عرصے بعد جنگل میں شہد آلو کا موسم ختم ہو گیا۔ عوام نے سمجھا کہ حکومت کی بروقت کارروائی نے انہیں ایک بڑے طبی خطرے سے بچا لیا ہے۔ شاہی دربار میں اس مہم کی کامیابی کا جشن منایا گیا، طبیبوں کو انعامات دیے گئے اور لومڑی کی حکمت عملی کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ شیر نے بھی اطمینان کا سانس لیا، کیونکہ اب جنگل بھر میں اس کے پسندیدہ پھل پر کسی کا حق باقی نہیں رہا تھا۔
حاصلِ سبق:
دنیا میں بعض اوقات اقتدار اور اختیار رکھنے والے لوگ اپنی خواہشات کی تکمیل کے لیے حقائق کو اس انداز سے پیش کرتے ہیں کہ عوام کے لیے نعمت بھی خطرہ بن جاتی ہے اور محرومی بھی خدمت دکھائی دینے لگتی ہے۔ جس چیز پر ان کی اپنی نظر ہوتی ہے، اسی کے خلاف خوف پھیلایا جاتا ہے، پابندیاں لگائی جاتی ہیں اور پھر اسی چیز کو عوام سے دور کر کے اپنے لیے محفوظ کر لیا جاتا ہے۔
ایسے لوگوں کا کمال صرف یہ نہیں ہوتا کہ وہ عوام سے ان کی پسندیدہ چیز چھین لیتے ہیں، بلکہ اصل کمال یہ ہوتا ہے کہ عوام ان کی اس حرکت کو اپنی بھلائی سمجھ کر ان کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں۔
جب خبر، دلیل اور تشہیر سب ایک ہی دربار کے تابع ہو جائیں تو عوام کے لیے حقیقت اور فریب میں فرق کرنا مشکل ہو جاتا ہے؛ پھر جو چیز ان سے چھینی جاتی ہے، وہ اسے اپنی حفاظت سمجھنے لگتے ہیں۔


