بلاعنوان

بلاعنوان

دوستو! جس قوم کا ایمان یہ ہو کہ ایک مسلمان شہنشاہ اپنے ذاتی اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنے ہاتھوں سے ٹوپیاں سیا کرتا تھا، اس قوم سے آپ کسی بھی افسانوی قصے کو درست ماننے کی توقع کر سکتے ہیں۔

ہمارے مؤرخین نے بھی کیا کمال کی کہانیاں گھڑی ہیں۔ کسی نے سراسر جھوٹ تراشا اور ہمارے ایک مخصوص طبقے نے اسے حکمت و قناعت اور سادگی کا ایسا شاہکار بنا کر بیچا کہ پوری قوم واہ واہ کرنے لگی۔

ارے بھائی! ذرا عقل کے ناخن لیجیے۔ بالفرضِ محال یہ مان بھی لیں کہ ٹوپیاں سینے والی یہ روایت سچی تھی، تو ذرا سوچیے:

کیا یہ بات اس بادشاہ کی ہتک نہیں ہے؟ جس بادشاہ کی کروڑوں رعایا ہو، بغاوتیں، قحط، جنگیں اور بحرانوں میں گھرا ہوا اتنا بڑا ہندوستان ہو، اگر وہ سلطنت چلانے اور عوام کا درد بانٹنے کی بجائے راتوں کو بیٹھ کر ٹوپیاں سی رہا تھا، تو وہ کوئی “درویشِ کامل” نہیں، بلکہ سرٹیفائیڈ نالائق اور انتہائی نااہل حکمران تھا!
جسے ریاست کی فکر ہونی چاہیے تھی، وہ اگر سوئی دھاگا لے کر بیٹھ گیا، تو اسے تخت پر نہیں بلکہ کسی درزی کی دکان پر بیٹھنا چاہیے تھا۔

مگر مجال ہے جو ہمارے جذباتِ عقیدت کو اس منطق سے کوئی فرق پڑے۔ ہم تو نالائقی کو بھی “صوفیانہ سادگی” کا سرٹیفکیٹ دے کر فریم کروا لیتے ہیں۔

سوال یہ ہے کہ یہ فرضی باتیں ہم اپنے بچوں کو پڑھا کر ایک عظیم بادشاہ کا مرتبہ بلند کر رہے ہیں، یا ان کی نالائقی کا مقدمہ پیش کر کے ان کا تمسخر اڑا رہے ہیں؟
اور جو قوم ٹوپیوں والی کہانی پر واہ واہ کر لے، اسے پھر ہر دور میں نئی ٹوپی پہنانا کتنا آسان ہوگا، یہ آپ خود سمجھ لیجئے!

Leave a Reply

NZ's Corner