بلاعنوان

بلاعنوان

جنگل کے بیچوں بیچ ایک مشہور استاد رہتا تھا۔ وہ ایک بوڑھا کوئل تھا جس کی آواز اتنی سریلی تھی کہ دور دور سے جانور اس کے پاس گانا سیکھنے آتے تھے۔ ہرن آتے، خرگوش آتے، بندر آتے، طوطے آتے، حتیٰ کہ کچھ ریچھ بھی اپنی بھاری آوازوں کو بہتر بنانے کی امید میں اس کی کلاس میں بیٹھ جاتے۔
کوئل استاد صبح سے شام تک سب کو ایک ہی بات سمجھاتا رہتا: “سر لگاؤ! سر کے بغیر گانا نہیں بنتا”
مگر جانور تھے کہ سر میں گانا تو دور کی بات، سیدھی بات بھی نہیں کر پاتے تھے۔
ایک دن مسلسل سمجھاتے سمجھاتے استاد کو غصہ آ گیا۔

اس نے زور سے کہا: “آج کے بعد کوئی بھی جانور بغیر سر کے بات نہیں کرے گا! جو بات کرے گا، سر میں کرے گا”۔

سب جانوروں نے فوراً سر ہلا دیا۔ اب جنگل میں عجیب صورتحال پیدا ہو گئی۔

خرگوش اگر کہتا:
“پانی پی لو” تو وہ گاتا:
“پاااااااانی پییییی لوووو”

بندر اگر پوچھتا: “کہاں جا رہے ہو؟”
تو پوچھتا:

“کہاااااااں جاااااا رہے ہووووو؟”

ایک جملہ بولنے میں آدھا گھنٹہ لگ جاتا تھا۔

ایک دن دوپہر کے وقت استاد کوئل ایک درخت کے نیچے آرام کر رہا تھا۔ اس کے کندھے پر ایک خوبصورت شال پڑی ہوئی تھی۔ اتفاق سے قریب ہی ایک شرارتی بندر سوکھی لکڑیوں سے کھیل رہا تھا۔ کھیلتے کھیلتے ایک جلتی ہوئی تیلی ہوا کے ساتھ اڑی اور سیدھی جا کر استاد کی شال میں لگ گئی۔ چند ہی لمحوں میں شال سے دھواں اٹھنے لگا۔
قریب کھڑا ایک معصوم ہرن یہ منظر دیکھ کر گھبرا گیا۔

وہ دوڑتا ہوا آیا اور چیخا:

“استااااااااد جiiiiiiی، آااااااگ، آااااااگ”

استاد نے آنکھ کھولی اور حیرت سے پوچھا:
“کہاااااااں؟”
ہرن نے پوری محنت سے جواب دیا: “آاااااااپ کی شششششاااااااال میںمممم”
اتنے میں آگ شال سے ہوتی ہوئی استاد کی دُم تک پہنچ گئی۔ استاد اچھل کر کھڑا ہوا۔

“ارے نادان! پہلے کیوں نہیں بتایا؟”

ہرن بے چارگی سے بولا:
“استاد جی، میں تو فوراً ہی بتانے لگا تھا، مگر آپ ہی نے فرمایا تھا کہ ہر بات سر میں کرنی ہے”
یہ سن کر استاد چند لمحے خاموش رہا، پھر اپنی آدھی جلی ہوئی دُم کو دیکھ کر بولا:

“آج سے حکم واپس! خطرے کی خبر ہمیشہ سیدھی اور جلدی دی جاتی ہے، سر میں نہیں”
اور کہتے ہیں کہ اس دن کے بعد جنگل میں گانے کے وقت تو سر لگایا جاتا تھا، مگر آگ لگنے، شیر آنے یا مصیبت پہنچنے کی خبر بالکل سادہ زبان میں دی جاتی تھی۔

اخلاقی سبق:

ہر نصیحت ہر جگہ لاگو نہیں ہوتی۔ عقل یہ ہے کہ انسان اصولوں کو سمجھ کر استعمال کرے، نہ کہ آنکھیں بند کرکے ہر حالت میں ان پر عمل کرتا رہے۔

Leave a Reply

NZ's Corner