بیٹری ٹارچ کی آڑ میں ” نور “ کے دیدار سے مشرف کروانے والے پیر کی داستان

بیٹری ٹارچ کی آڑ میں ” نور “ کے دیدار سے مشرف کروانے والے پیر کی داستان

ایک جعلی پیر صاحب کا معمول تھا کہ وہ صرف جمعرات کے دن اپنے مریدوں یا دیگر حاجت مندوں کو تعویذ لکھ کر دیا کرتے تھے ، جب فاؤنٹین پین نئے نئے ایجاد ہوئے تو پیر صاحب نے اسے بھی اپنی جملہ کرامات میں شامل کر لیا۔ وہ اس طرح کہ جمعرات کو وہ اپنے قلمدان کی روشنائی پھنکوا کر خالی دوات اپنے سامنے رکھ لیتے تھے۔ البتہ فاؤنٹین پین کو سیاہی سے بھر کر قلمدان میں سجا لیتے تھے۔ غرض مند لوگ دور دور سے پا پیادہ تعویذ لینے آتے تھے ۔ ” پیر صاحب کی خدمت میں نذرانہ پیش کر کے اپنی حاجت بیان کرتے تھے۔ پیر صاحب تعویذ لکھنے کے لیے فاؤنٹین چین کو دوات میں ڈبوتے تھے۔ اسے خالی پا کر قلم واپس رکھ دیتے تھے اور سرد آہ بھر کر افسوس کرتے تھے ۔ ” او ہو آج تو سیاہی ختم ہے۔ خیر اگلی جمعرات کو آنا۔ تعویذ لکھ دوں گا۔ “ دس دس یا بیس بیس کوس سے پیدل آیا ہوا حاجت مند مایوس ہو کر جانے لگتا تو پیر کے چھوڑے ہوئے دلال اسے حضرت پیر و مرشد کے ابرکرم کو جوش میں لانے کی ترکیبیں سمجھاتے۔ حاجت مند از سرنو پیر صاحب کے قدموں میں پہلے سے تین گنا نذرانہ ڈالتا اور گڑ گڑا کر آہ وزاری کرتا کہ اللہ اور رسول کی خاطر میری دستگیری فرمائیے۔ پیر صاحب زچ ہو کر کہتے او ہو آپ لوگ بڑا تنگ کرتے ہیں۔ اچھا خیر اللہ مالک ہے ، وہ کچھ پڑھ کر فاؤنٹین پین پر پھونک مارتے اور پیرو مرشد کی کرامت سے دوات میں سیاہی کے بغیر قلم ڈبو کر وہ کھٹ سے تعویذ لکھ دیتے ، ایک دوسرے پیر صاحب نے پہلے پہل بیٹری والی ٹارچ کی ایجاد سے بھی ایسا ہی فائدہ اٹھایا۔ اُن کا دعوی تھا کہ جو شخص اُن کے پاس رہ کر چالیس دن کا چلہ کاٹ لئے وہ کھلی آنکھوں سے اللہ کے نور کا دیدار کر سکتا ہے۔ بہت سے لوگ اُن کے پاس چلہ کاٹنے آئے۔ ان چالیس ایام کے دوران پیر صاحب ہر شخص سے روزانہ صدقہ کے لیے بکرا اور دوسری خیر خیرات کے لیے کچھ رقم بٹورتے رہتے تھے۔ چلہ کاٹنے والے دن بھر روزہ رکھتے تھے اور رات بھر عبادت اور ریاضت میں مشغول رہتے تھے ، چالیسویں دن پیر صاحب اگر بتیوں اور عود و لوبان سے مہکائے ہوئے حجرے میں چلہ کش کو اپنے سینے سے لگا کر بیٹھ جاتے اور اس کے چہرے کو اپنے فرن ( کشمیریوں کا پاوں تک لمبا کرتا نما لباس ) ڈال کر اُسے حکم ہوتا تھا کہ کلمہ طیبہ کا ورد کرے اور پلکوں کو جھپکائے بغیر اپنی آنکھیں پوری توجہ سے پیر صاحب کے قلب کی جانب ٹکٹکی باندھ کر جمائے رکھے۔ حجرے میں بہت سے مریدان باصفا حلقہ باندھ کر ذکر جہر کی محفل بر پا کرتے تھے۔ اس ڈرامائی ماحول میں کسی خاص لمحے پر پیر صاحب اپنے فرن میں چھپائی ہوئی ٹارچ کا بٹن دبا کر اُس کی شعاعوں سے اپنے سینہ کو بعقہ نور بنا دیتے۔ بعض چلہ کشی ”نور الہی کے اس دیدار کی تاب نہ لا کر بے ہوش ہو جاتے تھے۔ یہ کہانیاں سنا کر میر واعظ محمد یوسف شاہ فرمایا کرتے تھے کہ اصلی کرامات تو انسان کی اپنی عقیدت مندی میں پوشیدہ ہوتی ہیں، چنانچہ روشنائی سے خالی دوات میں ” قلم “ ڈبو کر لکھے ہوئے تعویذ زیادہ موثر ثابت ہوتے تھے اور چالیس ایام کی نفس کشی اور عبادت وریاضت کے بعد بیٹری ٹارچ کی آڑ میں ” نور الہی“ کے دیدار سے مشرف ہونے والے اکثر افراد اپنی بقیہ زندگی سچ مچ عابد شب زندہ دار بن کر گزار دیتے تھے ! یہ تحریر شہاب نامہ سے لی گئی ہے جس کے رائٹر قدرت اللہ شہاب ہے۔

Leave a Reply

NZ's Corner