“
عبداللہ ایک کم سن اور نابالغ لڑکے تھے۔ وہ روزانہ مکہ مکرمہ کے ایک امیر شخص، (اپنے آقا اور قریش کے سردار عقبہ بن معیط) کی بکریوں کو کرائے انسانی آبادی سے دور مکہ کی پہاڑیوں اور وادیوں کی طرف نکل جایا کرتے تھے۔
ان کا اصلی نام عبداللہ اور ان کے والد کا نام مسعود تھا، لیکن عام طور سے لوگ انہیں “ابن ام عبد” کہہ کر پکارتے تھے۔
کم عمر عبداللہ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی باتیں اکثر سنتے تھے مگر ایک تو اپنی کم عمری اور دوسرے آبادی سے دور، انسانی معاشرے سے الگ تھلگ ہونے کی وجہ سے اس پر خاص توجہ نہیں کر پاتے تھے۔ ان کا تو روز کا یہ معمول تھا کہ صبح سویرے عقبہ بن معیط کی بکریوں کو چرانے نکل جاتے اور اس وقت واپس لوٹتے جب رات کا اندھیرا اوپر سے پھیل چکا ہوتا۔
ایک روز ان کی نوجوان حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دور فاصلے پر درمیانی عمر کے دو بزرگوں کو اپنی طرف آتے ہوئے دیکھا جو تھکاوٹ سے نڈھال ہونے کی وجہ سے بہت آہستہ آہستہ چل رہے تھے اور سخت پیاس کی وجہ سے ان کے ہونٹ خشک ہو رہے تھے، ان میں سے ایک نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تھے اور دوسرے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ تھے۔ وہ دونوں حضرات ان کے قریب پہنچ کر کے، انہیں سلام کیا اور بولے:
“يَا غُلَامُ، اِحْلِبْ لَنَا مِنْ هَذِهِ الشِّيَاهِ مَا نُطْفِئُ بِهِ ظَمَأَنَا، وَنَبُلُّ عُرُوقَنَا۔”
“اے لڑکے! ہمارے لیے ان بکریوں کا دودھ دوہو (نکالو) جس سے ہم اپنی پیاس بجھا سکیں اور اپنی رگوں کو تر کر سکیں۔”
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا:
“لَا أَفْعَلُ، فَالْغَنَمُ لَيْسَتْ لِي، وَأَنَا عَلَيْهَا مُؤْتَمَنٌ۔۔۔۔”
“میں ایسا کرنے سے معذور ہوں۔ میں ان بکریوں کا دودھ آپ کو نہیں پیش کر سکتا کیوں کہ یہ میری نہیں ہیں بلکہ میری امانت ہیں۔ میں ان کا مالک نہیں ہوں۔ میں ملازم ہوں مجھے بکریاں چرانے کے لیے رکھا گیا ہے دودھ کسی کو پلانے کی اجازت نہیں،”
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا جواب سن کر ان دونوں حضرات نے کسی قسم کی ناگواری یا ناراضگی کا اظہار نہیں کیا، بلکہ ان کے چہروں سے ظاہر ہو رہا تھا کہ انہوں نے اس جواب کو پسند کیا ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
“اچھا کوئی ایسی بکری بتاؤ جو ابھی چھوٹی ہو، اور دودھ نہ دیتی ہو۔”
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے قریب ہی کھڑی ایک چھوٹی سی بکری کی طرف اشارہ کر دیا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس کے قریب تشریف لے گئے۔ اسے پکڑا۔ اس کے تھن پر ہاتھ پھیرنے لگے۔ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حیرت کے ساتھ دیکھا کہ اتنی چھوٹی بکریاں بھی دودھ دیا کرتی ہیں، لیکن حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دیکھا تھوڑی ہی دیر بعد بکری کے تھنوں میں دودھ اتر آیا اور اس کے ساتھ تیزی سے دودھ بہنے لگا، حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے زمین پر پڑا ہوا ایک پیالہ نما گہرا سا پتھر اٹھا کر اسے دودھ سے بھر لیا، پھر اس دودھ کو ان دونوں حضرات نے خوب جی بھر کر پیا اور حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو بھی پلایا۔ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ اپنی آنکھوں کے سامنے پیش آنے والے اس واقعے پر مجھے یقین نہیں آ رہا تھا۔ جب ہم سب لوگ اچھی طرح خوب سیر ہو گئے تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بکری کے تھن سے کہا:
“اِسْكُنِي”
“سکڑ جا اور وہ سکڑتے سکڑتے اپنی حالت پر آگیا۔”
اس وقت میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا:
“وہ کلمات جو آپ نے ابھی کہے تھے، ان میں سے کچھ مجھے بھی سکھا دیجیے۔”
تو انہوں نے فرمایا:
“إِنَّكَ غُلَامٌ مُعَلَّمٌ۔”
“تم ایک سکھائے پڑھائے لڑکے ہو۔”
اس واقعے کے کچھ ہی دنوں بعد حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اسلام قبول کر لیا اور خود کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کے لیے پیش کر دیا، اور اسی روز سے وہ سعادت مند اور خوش قسمت لڑکا بکریوں کی نگرانی کے فریضے سے نکل کر سرکار کائنات کی خدمت کی منزل میں منتقل ہو گیا۔
انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے مدرسے سے دین کا علم حاصل کیا وہ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم میں سے ایک سب سے بڑے قاری، قرآن مجید کے معانی کو سب سے زیادہ جاننے والے اور شریعت کے بارے میں سب سے زیادہ واقف تھے۔ نمونے کے طور پر ایک واقعہ آپ کی خدمت میں پیش کرتے ہیں۔ ایک بار جب حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ میدان عرفات میں کھڑے ہوئے۔ ان کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا:
“امیر المومنین! میں کوفہ سے آیا ہوں۔ میں نے وہاں ایک شخص کو دیکھا جو قرآن میں دیکھے بغیر، زبانی اس کا املاء کراتا ہے۔”
یہ سن کر ان کے غصے کے لہجے میں پوچھا:
“مَنْ هُوَ وَيْحَكَ؟”
“تیرا برا ہو، کون ہے وہ شخص؟”
اس نے ڈرتے ہوئے کہا: “عبداللہ بن مسعود۔”
یہ سن کر ان کے غصے کا اثر ختم ہونے لگا۔ یہاں تک کہ وہ اپنی پہلی جیسی حالت پر آ گئے۔ پھر انہوں نے فرمایا:
“وَاللَّهِ مَا أَعْلَمُ أَنَّهُ بَقِيَ مِنَ النَّاسِ أَحَدٌ أَحَقُّ بِهَذَا الْأَمْرِ مِنْهُ۔”
“اللہ کی قسم! میں نہیں جانتا کہ ان سے زیادہ کوئی دوسرا شخص بھی اس کا حق دار ہے۔”
اور فرمایا اس کے متعلق میں تم سے ایک واقعہ بیان کرتا ہوں:
“ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ) کے یہاں تشریف فرما تھے۔ وہ دونوں حضرات مسلمانوں کے مسائل کے بارے میں بات چیت کر رہے تھے۔ اس مجلس میں میں بھی موجود تھا۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وہاں سے تشریف لے گئے۔ ہم لوگ بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چلے۔ اچانک ہم نے دیکھا کہ کوئی شخص مسجد میں کھڑے نماز پڑھ رہے ہیں۔ ہم انہیں پہچان نہ سکے۔ ہم اندھیرے کی وجہ سے انہیں پہچان نہ سکے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تھوڑی دیر کھڑے ہو کر ان کی قراءت سنتے رہے پھر ہماری طرف مڑتے ہوئے فرمایا:
“مَنْ سَرَّهُ أَنْ يَقْرَأَ الْقُرْآنَ رَطْبًا كَمَا نَزَلَ۔۔۔۔۔ فَلْيَقْرَأْهُ عَلَى قِرَاءَةِ ابْنِ أُمِّ عَبْدٍ۔۔۔۔۔”
“جو شخص قرآن مجید کو اس طرح پڑھنا چاہے جیسا کہ وہ نازل ہوا ہے تو اسے چاہیے کہ ابن ام عبد کی قراءت کے مطابق پڑھے۔”
پھر جب حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ دعا مانگنے لگے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
“سَلْ تُعْطَه۔۔۔۔۔ سَلْ تُعْطَه۔۔۔۔۔”
“مانگو جو چاہتے ہو دیا جائے گا، مانگو جو چاہتے ہو دیا جائے گا۔”
حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سلسلہ گفتگو جاری رکھتے ہوئے فرمایا:
“پھر میں نے اپنے دل میں کہا کہ اللہ کی قسم! میں صبح سویرے ان کے پاس جا کر ان کی دعا پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے آمین کہنے کی خوشخبری سناؤں گا۔”
اور جب صبح سویرے خوشخبری دینے کے ارادے سے ان کے یہاں گیا تو کیا دیکھتا ہوں کہ ابوبکر (رضی اللہ تعالیٰ عنہ) مجھ سے پہلے ان کو یہ خوشخبری دے چکے ہیں۔ خدا کی قسم! میں نے جب بھی کسی نیکی کے کام میں ابوبکر (رضی اللہ تعالیٰ عنہ) سے آگے بڑھنا چاہا تو ابوبکر (رضی اللہ تعالیٰ عنہ) نے ہمیشہ مجھے پیچھے چھوڑ دیا۔”
قرآن مجید کے علم میں آپ کا بلند مقام
کتاب اللہ کے علم میں حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا مقام اتنا بلند تھا کہ وہ خود فرماتے ہیں:
“قسم اس ذات کی جس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ قرآن کریم کی جو آیت بھی نازل ہوئی اس کے بارے میں مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ وہ کہاں نازل ہوئی اور کس کے متعلق نازل ہوئی۔ اگر مجھے معلوم ہو جائے کہ اس کے متعلق کوئی شخص مجھ سے زیادہ علم رکھتا ہے اور اس کے پاس پہنچنا ممکن ہو تو میں وہاں اس کی خدمت میں حاضر ہو کر اس سے ضرور فائدہ حاصل کروں گا۔”
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے متعلق جو کچھ فرمایا بالکل صحیح فرمایا ہے۔ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ ایک مرتبہ سفر کے دوران ایک قافلے سے ملتے ہیں، اندھیری رات ہونے کی وجہ سے قافلے کے لوگوں کا پتہ نہیں چل رہا۔ اس قافلے میں حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی ہیں، حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ایک شخص سے کہتے ہیں ان سے پوچھو:
“مِنْ أَيْنَ الْقَوْمُ؟”
“آپ لوگ کہاں سے آ رہے ہیں؟”
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا:
“مِنَ الْفَجِّ الْعَمِيقِ۔”
“فج عمیق سے (دور دراز جگہ سے)۔”
حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: ان سے پوچھو:
“أَيْنَ تُرِيدُونَ؟”
“اور کہاں کا ارادہ ہے؟”
حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا:
“الْبَيْتَ الْعَتِيقَ۔”
“بیت عتیق کا، (بیت اللہ شریف کا)۔”
یہ عمدہ جواب سن کر حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا:
“إِنَّ فِيهِمْ عَالِمًا۔”
“ضرور اس قافلے میں کوئی عالم ہے۔”
پھر انہوں نے اپنے آدمی سے کہا پوچھو:
“أَيُّ الْقُرْآنِ أَعْظَمُ؟”
“قرآن مجید کی کون سی آیت سب سے عظیم ہے؟”
حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا:
“اللَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّومُ، لَا تَأْخُذُهُ سِنَةٌ وَلَا نَوْمٌ۔”
“اللہ وہ زندہ جاوید ہستی ہے جو تمام کائنات کو سنبھالے ہوئے ہے۔ اس کے سوا کوئی خدا نہیں ہے۔ وہ نہ سوتا ہے، نہ اسے اونگھ آتی ہے۔”
حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: ان سے پوچھو:
“أَيُّ الْقُرْآنِ أَحْكَمُ؟”
“قرآن مجید کی کون سی آیت سب سے زیادہ محکم ہے؟”
حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا:
“إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالْإِحْسَانِ وَإِيتَاءِ ذِي الْقُرْبَى۔”
“اللہ تعالیٰ عدل و احسان اور رشتہ داروں سے صلہ رحمی کا حکم دیتا ہے۔”
حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: ان سے پوچھو:
“أَيُّ الْقُرْآنِ أَجْمَعُ؟”
“قرآن مجید کی کون سی آیت سب سے زیادہ جامع ہے؟”
حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا:
“فَمَنْ يَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَيْرًا يَرَهُ، وَمَنْ يَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ شَرًّا يَرَهُ۔”
“پھر جس نے ذرہ برابر نیکی کی ہوگی وہ اس کو دیکھ لے گا اور جس نے ذرہ برابر بدی کی ہوگی وہ اس کو دیکھ لے گا۔”
حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: ان سے پوچھو:
“أَيُّ الْقُرْآنِ أَخْوَفُ؟”
“قرآن مجید کی کون سی آیت سب سے زیادہ خوف دلانے والی ہے؟”
حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا:
“لَيْسَ بِأَمَانِيِّكُمْ وَلَا أَمَانِيِّ أَهْلِ الْكِتَابِ، مَنْ يَعْمَلْ سُوءًا يُجْزَ بِهِ وَلَا يَجِدْ لَهُ مِنْ دُونِ اللَّهِ وَلِيًّا وَلَا نَصِيرًا۔”
“انجام کار تمہاری آرزوؤں پر موقوف ہے، نہ اہل کتاب کی آرزوؤں پر۔ جو بھی برائی کرے گا اس کا پھل پائے گا اور اپنے لیے اللہ کے مقابلے میں کوئی حامی و مددگار نہ پائے گا۔”
حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے پوچھوایا:
“أَيُّ الْقُرْآنِ أَرْجَى؟”
“قرآن مجید کی کون سی آیت سب سے زیادہ امید دلانے والی ہے؟”
حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا:
“قُلْ يَا عِبَادِيَ الَّذِينَ أَسْرَفُوا عَلَى أَنْفُسِهِمْ لَا تَقْنَطُوا مِنْ رَحْمَةِ اللَّهِ، إِنَّ اللَّهَ يَغْفِرُ الذُّنُوبَ جَمِيعًا، إِنَّهُ هُوَ الْغَفُورُ الرَّحِيمُ۔”
“(اے نبی) کہہ دو کہ اے میرے بندو! جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی ہے۔ اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو جاؤ، یقیناً اللہ سارے گناہ معاف کر دیتا ہے۔ وہ تو غفور رحیم ہے۔”
حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا: ان سے پوچھو:
“أَفِيكُمْ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مَسْعُودٍ؟”
“کیا تم میں عبداللہ بن مسعود ہیں؟”
تو قافلے والوں نے جواب دیا:
“اَللَّهُمَّ نَعَمْ۔”
“جی ہاں! موجود ہیں۔”
[مسند احمد: 3598، مسند احمد: 4412، صحیح ابن حبان: 6504، المعجم الصغیر للطبرانی: 872، مسند احمد: 3999، سنن ترمذی: 2905، مستدرک حاکم: 1/ 488، مستدرک حاکم: 3/ 315، مستدرک حاکم: 3/ 316، تفسیر طبری: 1/ 120، مستدرک حاکم: 2/ 293، تفسیر ابن کثیر: سورہ بقرہ، آیت الکرسی کی تفسیر میں، سورہ بقرہ: 255، سورہ نحل: 90، سورہ زلزال: 7-8، سورہ نساء: 123، سورہ زمر: 53، صحیح بخاری: 3758، صحیح مسلم: 2462، سیرت ابن ہشام: 1/ 314، اسد الغابہ لابن اثیر: 3/ 256، البدایہ والنہایہ لابن کثیر: 3/ 34، صحیح بخاری: 5000]


