حماقت یا چیلنج

حماقت یا چیلنج

پانچویں جماعت میں مجھ سے ایک ایسی حماقت ہوئی کہ جس سے میری جان بھی جا سکتی تھی۔۔۔ لیکن صد شکر کہ میں بچ گئی۔

ہوا کچھ یوں کہ کلاس میں کسی سٹوڈنٹ نے دیگر ہم جماعتوں کو چیلنج کیا کہ اگر وہ ایک کپ پانی میں پانچ چمچ نمک ملا کر پی لے تو اسے سو روپے انعام ملے گا۔۔۔ یہ تناسب تقریباً ادھا کپ نمک اور آدھا کپ پانی بنتا تھا۔

بچپن اور لڑکپن میں انسان کی کو کیفیت ہوتی ہے۔۔۔ اس میں خوامخواہ ہی نئے نئے پنگے لینے کو جی کرتا ہے۔

میں نے وہ چلینج قبول کر لیا۔۔۔

اس نے پانی میں نمک ملایا۔۔ میں نے پہلا گھونٹ بھرا تو یوں لگا کہ جیسے نمک کی پوری لان منہ میں انڈیل لی ہو۔۔۔ نجانے کتنی دیر قطرہ بہ قطرہ نگل کے اس ایک گھونٹ کو نگلنے کی کوشش کرتی رہی۔

ابھی وہ گھونٹ پورا حلق سے نہ اترا تھا کہ کلاس کی پراکٹر باہر سے کلاس روم میں آئی اور اس نے ہم کلاس فیلوز کو ایک جگہ جمع دیکھا تو پوچھا کہ یہ کیا ہورہا ہے۔

اور جب اسے کسی نے نصف کپ نمک کے چیلنج کا بتایا تو اس نے اسی لمحہ ایک زناٹے دار تھپڑ میرے منہ پہ رسید کیا۔ کپ میرے ہاتھ سے چھوٹ کے گر گیا اور کرچی کرچی ہوگیا۔۔۔وہ تھپڑ اتنا زوردار تھا کہ تقریباً ایک ہفتے میرے چہرے پر سوزش رہی۔

تھپڑ مارتے ہی اس نے میرا ہاتھ پکڑا اور تقریباً مجھے گھسیٹتے ہوئے، واشروم تک لے کر گئی اور بیسن کے پاس کھڑا کر کے کہا کہ ایک اپنے حلق میں انگلی ڈال کر ایک لمحے میں الٹی کرو ورنہ ایسا ایک اور تھپڑ پڑے گا اور جب تک ایک قطرہ بھی تمہارے اندر باقی رہا تو ایسے ہی تھپڑ پڑتے رہیں گے۔۔۔

چنانچہ میں نے گن پوائنٹ تو نہیں تھپڑ پوائنٹ پر الٹی کی۔

جس کے بعد اس نے مجھے سادہ پانی کے دو اڑھائی گلاس پلائے۔۔۔ اور پھر جا کے ایسے ہی چار پانچ تھپڑ اس لڑکے کو جا کر لگائے جس نے یہ چیلنج دیا تھا۔

اس کے بعد اس نے مجھے دو چار اعلیٰ درجے کی گالیوں سے نوازتے ہوئے کہا کہ اتنی مقدار میں نمک بیک وقت کھانے سے دل اور گردے فیل ہو سکتے ہیں اور دماغ کی کوئی رگ پھٹ سکتی ہے۔

کئی سال بعد کہیں پڑھا کہ واقعی بھاری مقدار میں نمک کھانے سے دل اور گردے دونوں ہی ناکام ہو سکتے ہیں اور انسان کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔

چنانچہ اس تھپڑ نے مجھے بچا لیا۔۔۔۔

۔۔۔
کچھ عرصہ قبل ایک اس سے ملتا جلتا کیس سنا کہ 2010 میں آسٹریلیاء میں سام بیلرڈ نامی ایک نوجوان شخص کو اس کے دوستوں نے ایک شغل میلے کی محفل کے دوران ایک چیلنج دیا کہ وہ نزدیک سے گزر رہا ایک گھونگا کھا کر دکھا دے۔

بیلرڈ نے اسے جوانی کے خون کے ابال میں اس گھونگے کو کھا لیا۔

لیکن اسے کھانے سے ” ریٹ لنگ ورم ” نامی ایک بھیانک پیراسائیٹ اس کے جسم میں نفوذ کر گیا۔

یہ پیراسائیٹ اس کے جسم سے ہوتا اس کے دماغ میں جا پہنچا جس سے اسے انتہائی بھیانک درد، دماغ میں شدید انفلیمیشن اور پھر مرگی سے ملتے جلتے دورے پڑنے لگے۔

اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے کی کیفیت کو سٹیبل کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن انفیکشن کی شدت اتنی خوفناک تھی کہ وہ کوما میں چلا گیا۔

سام 420 دن کوما میں رہا۔۔۔

اور جب ہوش میں آیا تو عمر بھر کے لیے معذور ہوچکا تھا۔۔ نہ وہ ٹھیک سے بول سکتا تھا نہ چل پھر سکتا تھا نہ زیادہ حرکت کر سکتا تھا نہ ٹھیک سے کھا پی سکتا تھا اور اسے 24 گھنٹے متواتر میڈیکل سرویلنس کی ضرورت تھی۔

8 سال اس دردناک کیفیت میں رہنے کے بعد 2019 میں اس کا انتقال ہوگیا۔

اور یہ سب۔۔۔۔ محض ایک احمقانہ چیلنج کی وجہ سے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کچھ عرصہ قبل میں نے یہیں فیس بک پہ ایک پوسٹ پڑھی اب معلوم نہیں کہ اس میں کتنی سچائی ہے مگر اس پوسٹ کے مطابق پاکستان میں ایک شخص کو اس کے دوستوں نے چیلنج دیا کہ وہ روح افزاء شربت کی پوری بوتل ایک نشست میں پی کر دکھائے۔

پانی میں گھلا ہوا شربت نہیں۔۔۔ بلکہ حقیقی حالت میں روح افزاء کی پوری بوتل۔
اس نے یہ چیلنج قبول کر لیا اور روح افزاء کی پوری بوتل ڈکوس لی۔

اس نے شرط جیت لی۔۔۔ لیکن اس کے نتیجے میں اسے زیابیطس لاحق ہوگئی۔۔۔ یعنی پوری عمر کا روگ۔۔ ۔ پوری عمر کا خرچہ۔۔۔ پوری عمر کا پرہیز یا پھر پوری عمر انسولین لگواتے رہنا۔
۔۔۔۔۔۔۔
چنانچہ،
اپنے بچوں بالخصوص ٹین ایجر بچوں کو اس بات سے آگاہ کریں کہ کبھی لڑکپن یا نوجوانی کے جوش میں کوئی ایسا چیلنج قبول کرنے کی حماقت نہیں کرنی کہ جو یا تو انسان کو انتہائی بھیانک و دردناک انجام سے دوچار کردے یا پھر پوری عمر کا روگ بن جائے خود اس کے لیے بھی اور اس کے خاندان کے لیے بھی۔

آپ کے ساتھ بھی بچپن میں ایسا کچھ ہوچکا ہے یا آپ نے کسی کے ساتھ ایسا کچھ ہوتے دیکھا ہے تو کمنٹس میں ضرور بتائیے گا

Leave a Reply

NZ's Corner