دو لاکھ ڈالر سے بھرا ایک بیگ، ہزاروں فٹ کی بلندی پر پرواز کرتا ہوا مسافر بردار طیارہ، رات کی تاریکی، سرد موسم اور جہاز کے پچھلے حصے میں کھڑی ایک پراسرار شخصیت، جو چند لمحوں بعد کھلی فضا میں چھلانگ لگانے والی تھی۔
یہ کسی ہالی ووڈ فلم کا منظر نہیں بلکہ آج سے 55 سال پہلے 24 نومبر 1971ء کو پیش آنے والا ایک حقیقی واقعہ ہے۔ ایک ایسا واقعہ جس نے امریکی تاریخ میں ہائی جیکنگ کا سب سے پراسرار باب رقم کیا اور جس کا مرکزی کردار آج بھی دنیا کے لیے ایک معمہ ہے۔
اس شخص نے ایک مسافر طیارہ اغوا کیا، دو لاکھ ڈالر تاوان وصول کیا، پیراشوٹ پہنا اور ہزاروں فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر اندھیرے میں غائب ہوگیا۔
اس کا نام کیا تھا؟ وہ کہاں سے آیا تھا؟ کیا وہ زندہ بچ گیا تھا یا اس کی لاش آج بھی کسی جنگل یا دریا کی تہہ میں دفن ہے؟
کسی کے پاس ان سوالات کا حتمی جواب نہیں۔
24 نومبر 1971ء کو امریکہ کے شہر پورٹ لینڈ سے نارتھ ویسٹ اورینٹ ایئرلائنز کی پرواز نمبر 305 نے سیئٹل کے لیے اڑان بھری۔ یہ ایک مختصر فضائی سفر تھا، جس میں 36 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔
ان مسافروں میں ایک شخص بھی شامل تھا جو بظاہر کسی عام کاروباری شخصیت جیسا لگتا تھا ۔
سیاہ سوٹ، سفید شرٹ، سیاہ ٹائی اور چالیس کے درمیانی عشرے کا دکھائی دینے والا یہ شخص نہایت پرسکون انداز میں اپنی نشست پر بیٹھا تھا۔ اس نے اپنا نام ڈین کوپر بتایا تھا۔ اس نے جہاز کی آخری نشستوں میں سے ایک پر جگہ لی اور دوران پرواز ایک بوربن مشروب اور سگریٹ سے لطف اندوز ہوتا رہا۔ کچھ دیر بعد اس نے 23 سالہ فلائٹ اٹینڈنٹ فلورنس شیفنر کو ایک تہہ کیا ہوا کاغذ تھمایا۔
ابتدا میں فلورنس نے اسے کسی عام مسافر کا فلرٹی پیغام سمجھا، لیکن اس شخص نے سنجیدگی سے کہا:
“مس! اسے پڑھ لیجیے، میرے پاس بم ہے۔”
تو اس کے ہوش اڑ گئے۔ کاغذ پر لکھا تھا کہ اس کے بریف کیس میں بم موجود ہے اور اسے اپنے مطالبات پورے کروانے ہیں۔
جب اس نے بریف کیس کھول کر دکھایا تو اندر سرخ رنگ کی ڈنڈیاں، تاریں اور ایک بیٹری نظر آئی۔
اس کے مطالبات مختصر لیکن کلئیر تھے:
* دو لاکھ امریکی ڈالر، تمام 20 ڈالر کے نوٹوں میں۔
*چار پیراشوٹ۔
*سیئٹل پہنچنے پر جہاز میں ایندھن بھرنے کا انتظام۔
اس نے واضح کر دیا کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو جہاز کو دھماکے سے اڑا دیا جائے گا۔
فلورنس شیفنر نے غیر معمولی حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا۔ اس نے دوسرے مسافروں میں خوف و ہراس پھیلائے بغیر کاک پٹ میں پائلٹوں کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ دوسری فلائٹ اٹینڈنٹ ٹینا مکلو کو اس شخص کے پاس بٹھا دیا گیا۔ ایئرلائن انتظامیہ اور حکام نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اس کے مطالبات ماننے کا فیصلہ کیا۔ سیئٹل کے ایک بینک سے دو لاکھ ڈالر نقد حاصل کیے گئے۔ تمام نوٹوں کے سیریل نمبر ریکارڈ کر لیے گئے تاکہ مستقبل میں ان کی شناخت ممکن ہو سکے۔ ادھر طیارہ تقریباً تین گھنٹے سیئٹل کے اوپر چکر لگاتا رہا، جبکہ مسافروں کو تاخیر کی وجہ تکنیکی مسئلہ بتائی جاتی رہی۔ بالآخر شام تقریباً پونے چھ بجے طیارہ سیئٹل ایئرپورٹ پر اتر گیا۔ حکام نے رقم اور چار پیراشوٹ طیارے تک پہنچا دیے۔ اس کے بعد اغوا کار نے 36 مسافروں اور دو فلائٹ اٹینڈنٹس کو رہا کر دیا، لیکن ٹینا مکلو اور تینوں مرد فضائی عملے کے ارکان کو اپنے ساتھ روک لیا۔ اس کا اصل منصوبہ ابھی باقی تھا۔
ایندھن بھرنے کے بعد بوئنگ 727 نے شام 7 بج کر 36 منٹ پر دوبارہ اڑان بھری۔ اس مرتبہ طیارے میں صرف تین پائلٹ، ٹینا مکلو اور اغوا کار موجود تھے۔ اس نے پائلٹوں کو حکم دیا کہ طیارے کو میکسیکو سٹی کی سمت لے جایا جائے، کم بلندی اور کم رفتار پر پرواز کی جائے اور پچھلی سیڑھیاں کھولنے کا انتظام بھی رکھا جائے۔
اس نے تقریباً 10 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرنے کی ہدایت دی۔پھر اس نے ٹینا مکلو کو کاک پٹ میں جانے اور دروازہ بند کرنے کا حکم دیا۔ اب وہ طیارے کے پچھلے حصے میں اکیلا تھا۔ اس نے اپنے ساتھ موجود پیراشوٹ اور رقم کا بیگ تیار کیا۔ کچھ دیر بعد کاک پٹ میں ایک وارننگ لائٹ روشن ہوئی، جس سے پائلٹوں کو معلوم ہوا کہ جہاز کی پچھلی سیڑھیاں کھول دی گئی ہیں۔
رات تقریباً 8 بج کر 11 منٹ کا وقت تھا۔ سرد اور تاریک فضا میں ہزاروں فٹ کی بلندی پر پرواز کرتا ہوا جہاز آگے بڑھ رہا تھا۔
اور ڈی بی کوپر چھلانگ لگا چکا تھا!
اس کے ساتھ دو لاکھ ڈالر کی رقم بھی تھی۔
چند لمحوں بعد وہ شخص اندھیرے میں ہمیشہ کے لیے غائب ہو گیا۔ جب طیارہ نیواڈا کے شہر رینو میں اترا تو پولیس اور ایف بی آئی نے پورے جہاز کی تلاشی لی۔
لیکن وہاں اغوا کار کا کوئی نشان موجود نہیں تھا۔ صرف ایک ٹائی، ٹائی کلپ اور کچھ دوسرے محدود شواہد باقی رہ گئے تھے۔
ڈین کوپر سے ڈی بی کوپر کیسے بنا؟
اس شخص نے اپنا نام ڈین کوپر بتایا تھا، لیکن اخبارات میں رپورٹنگ کے دوران اس کا نام ڈی بی کوپر مشہور ہو گیا۔
بعد میں یہی نام پوری دنیا میں اس پراسرار واقعے کی شناخت بن گیا۔ ایف بی آئی نے فوری طور پر اس کی تلاش شروع کر دی۔
سینکڑوں افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، مشتبہ افراد کے خاکے تیار کیے گئے اور پورے ممکنہ علاقے میں تلاشی لی گئی۔
لیکن کوئی ایسا سراغ ہاتھ نہ آیا جس سے اس شخص کی شناخت ممکن ہو سکتی۔ ابتدا ہی سے ایک بڑا سوال یہ تھا کہ کیا وہ اتنی خطرناک چھلانگ لگانے کے بعد زندہ بھی بچ سکتا تھا؟ اغوا کار نے جس طیارے کا استعمال کیا تھا وہ بوئنگ 727 تھا۔
اس طیارے کی خاص بات اس کا پچھلا دروازہ اور سیڑھیاں تھیں، جنہیں مخصوص حالات میں دوران پرواز بھی کھولا جا سکتا تھا۔
ایف بی آئی نے کوپر کی ممکنہ چھلانگ کے مقام کا اندازہ لگانے کے لیے اسی قسم کے طیارے کے ذریعے عملی تجربات کیے۔
انہوں نے تقریباً 91 کلوگرام وزنی ایک بیگ پچھلی سیڑھیوں سے نیچے پھینکا تاکہ اس کی ممکنہ سمت اور مقام کا اندازہ لگایا جا سکے۔ اس کے بعد جنگلات، کھیتوں، گھروں اور آس پاس کے علاقوں میں وسیع پیمانے پر تلاش کی گئی۔ لیکن کوپر کا کوئی نشان نہ ملا۔ ایف بی آئی نے تاوان کی رقم کے تمام سیریل نمبرز بھی ملک بھر کے بینکوں اور متعلقہ اداروں کو فراہم کر دیے تھے۔ اب اگر ان میں سے ایک بھی نوٹ کسی بینک میں پہنچتا تو حکام اس کی شناخت کر سکتے تھے۔ مگر کئی سال گزر گئے اور کوئی نوٹ سامنے نہ آیا۔ پھر 1980ء میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے اس معمہ کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔
فروری 1980ء میں ایک بچے برائن انگراہم کو کولمبیا ریور کے کنارے Tena Bar نامی مقام پر ریت میں دبے ہوئے کچھ پرانے نوٹ ملے۔
جب ان کی جانچ کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ اسی دو لاکھ ڈالر کی رقم کا حصہ تھے جو ڈی بی کوپر کو دی گئی تھی۔
یہ پہلا مضبوط ثبوت تھا جس نے کوپر کے آخری انجام کے بارے میں نئی بحث چھیڑ دی ۔ لیکن سوال یہ تھا کہ یہ نوٹ وہاں پہنچے کیسے؟
کیا کوپر دریا میں گر گیا تھا؟
کیا رقم کا بیگ پانی میں بہہ کر اس مقام تک پہنچا تھا؟
یا کسی دوسرے شخص نے یہ نوٹ وہاں دفن کیے تھے؟
ایف بی آئی نے اس علاقے کی بھی تحقیقات کیں، لیکن رقم کی باقی رقم اور اغوا کار کا کوئی سراغ نہ ملا۔
کوپر کی تلاش میں ایف بی آئی نے پانچ سال کے اندر 800 سے زائد مشتبہ افراد کا جائزہ لیا تھا۔ ان میں سے تقریباً دو درجن افراد ایسے تھے جن پر خصوصی توجہ دی گئی۔
لیکن کسی کے خلاف حتمی ثبوت حاصل نہیں ہو سکا۔
بعد کے برسوں میں اس کی چھوڑی ہوئی ٹائی بھی تحقیقات کا اہم حصہ بن گئی۔ جدید الیکٹران مائیکروسکوپ کے ذریعے اس ٹائی پر موجود باریک ذرات کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیقات میں ٹائٹینیم اور دیگر صنعتی دھاتوں کے ذرات سامنے آئے۔ یہ ذرات اس بات کا امکان پیدا کرتے تھے کہ کوپر کا تعلق کسی صنعتی کارخانے، دھاتوں کی تیاری یا ایرو اسپیس انڈسٹری سے رہا ہو۔
اس بنا پر یہ نظریہ بھی سامنے آیا کہ شاید وہ بوئنگ یا کسی متعلقہ صنعتی ادارے میں کام کرتا تھا۔
2026ء میں شائع ہونے والی نئی فرانزک تحقیق نے ٹائی پر تقریباً 180,000 ذرات کا تجزیہ کیا، جس سے مزید صنعتی مادوں کی نشاندہی ہوئی۔ اس کے باوجود کوپر کی شناخت آج بھی ایک راز ہے۔ تقریباً 45 سال تک اس کیس پر تحقیقات جاری رہیں۔
مگر کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا جس کی بنیاد پر اصل مجرم کی شناخت کی جا سکتی۔
بالآخر 12 جولائی 2016ء کو ایف بی آئی نے اعلان کیا کہ وہ اس کیس کے لیے مختص وسائل دوسری تحقیقات پر منتقل کر رہی ہے۔ یعنی ایک طرح سے فائل بند!!
آج اس واقعے کے بارے میں دو بڑے نظریات پائے جاتے ہیں۔
پہلا نظریہ
کوپر چھلانگ کے دوران ہلاک ہو گیا تھا۔
اس نظریے کے حامیوں کا خیال ہے کہ کوپر نے انتہائی خطرناک حالات میں چھلانگ لگائی تھی۔
رات کی تاریکی، سرد موسم، خراب موسمی حالات، گھنے جنگلات اور نامعلوم مقام پر لینڈنگ نے اس کی زندگی کو شدید خطرے میں ڈال دیا تھا۔
مزید یہ کہ اس کے پاس موجود پیراشوٹ بھی ایسا نہیں تھا جسے عام ماہر اسکائی ڈائیور کی طرح آسانی سے کنٹرول کیا جا سکتا۔
1980ء میں کولمبیا ریور کے کنارے ملنے والی رقم بھی اس نظریے کو تقویت دیتی ہے، اگرچہ اس سے اس کی موت ثابت نہیں ہوتی۔
دوسرا نظریہ
کوپر زندہ بچ گیا تھا۔
اس نظریے کے مطابق کوپر کو بوئنگ 727 کے تکنیکی نظام اور پچھلی سیڑھیوں کے بارے میں کافی معلومات تھیں ۔ اس نے طیارے کے عملے کو بھی انتہائی اعتماد سے ہدایات دی تھیں۔
اس کے پرسکون رویے اور منصوبہ بندی سے بعض لوگوں نے اندازہ لگایا کہ وہ کوئی تربیت یافتہ پیراشوٹ جمپر یا ہوا بازی سے واقف شخص تھا۔
ممکن ہے کہ وہ چھلانگ کے بعد کسی محفوظ مقام پر پہنچ گیا ہو اور پھر اپنی شناخت چھپا کر عام زندگی گزارنے لگا ہو۔ اس نے رقم کے باقی نوٹ استعمال نہ کیے ہوں کیونکہ ان کے سیریل نمبرز پہلے ہی حکام کے پاس موجود تھے۔
لیکن یہ سب امکانات اور قیاس آرائیاں ہیں، ثابت شدہ حقائق نہیں۔
دو لاکھ ڈالر کی رقم میں سے تقریباً 5,800 ڈالر ملے، اس کی ٹائی ایک طیارے میں رہ گئی اور دنیا کی طاقتور ترین تفتیشی ایجنسیوں میں سے ایک بھی اس کی شناخت نہ کر سکی۔
24 نومبر 1971ء کو شروع ہونے والا یہ راز آج 55 سال بعد بھی تاریخ کے سب سے حیران کن اور پراسرار واقعات میں شمار ہوتا ہے۔


