بادشاہ نے برسوں اپنی رعایا پر ظلم کیا، مگر عوام کی مسلسل خاموشی نے اسے حیران رکھا۔ وزیر نے کہا: “یہ خاموشی خوف بھی ہے اور عادت بھی۔ ان کی ذہنی کیفیت جانچنے کے لیے انہیں پل پر کھڑا کر کے جوتے مروائیں۔” حکم مانا گیا۔ عوام قطار میں لگ کر جوتے کھاتے رہے اور کسی نے مزاحمت نہ کی۔ کچھ دنوں بعد وہ محل کے سامنے جمع ہوئے، تو بادشاہ نے سمجھا کہ شاید اب ظلم کے خلاف بغاوت اٹھنے والی ہے۔ لیکن جب عوام نے کہا: “باادشاہ سلامت! جوتے مارنے والوں کی تعداد بڑھا دیں، انتظار بہت لمبا ہو جاتا ہے” تو یہ جواب ان کی ذہنی غلامی کی آخری حد واضح کر گیا۔
یہی افسوس ناک صورت حال آج بحثیتِ مجموعی قوم ہم پاکستانیوں کی بھی ہے۔ ہم غلامی سے آزاد ہونے کے لیے جد و جہد نہیں کرتے بلکہ غلامی کی شرائط کو بہتر بنانے کے لیے تگ و دو کرتے ہیں۔
جب قومیں ظلم کو اپنی قسمت سمجھ لیں، تو وہ اس کے خاتمے کی نہیں، اسے سہولت سے برداشت کرنے کی درخواست کرتی ہیں۔ اور جب وہ لمحہ آئے کہ لوگ اس رویے کو ترک کر کے ظلم کے پورے ڈھانچے کو چیلنج کرنے کا حوصلہ پیدا کریں تو وہی انقلاب کی ابتدا ہوتی ہے۔


