عربی مزاحیہ کہانی۔۔۔ بات کچھ سمجھ میں آئی؟ 😂


عربی مزاحیہ کہانی۔۔۔ بات کچھ سمجھ میں آئی؟ 😂

مسکرائیے! 😀
ایک پردیسی بیان کرتا ہے:
جب میں نے بیرونِ ملک جانے کی پکی تیاری کر لی تو روانگی والے دن میرے والد صاحب نے ڈھیروں دعاؤں اور نصیحتوں کے ساتھ مجھے الوداع کہا۔

لیکن پردیس میں کام کاج اور کمائی کے حالات میری توقعات کے مطابق نہ تھے۔ مشکلات سے لڑتے لڑتے دو سال گزر گئے، مگر کوئی خاص کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔

دو سال بعد ایک دن میرے والدین کہیں گئے ہوئے تھے کہ ہمارے گھر میں ایک چور گھس آیا۔ اب ہمارے گھر میں ایسا کیا رکھا تھا جو وہ لے جاتا؟ بس ایک گدھا بندھا ہوا تھا۔ چور اسے ہی کھول کر لے گیا۔

دو دن بعد چور ہمارے گدھے کو لے کر بازار میں باربرداری کے کام پر نکل گیا۔ اس نے گدھے پر پھل اور سبزیاں لاد دیں۔

بازار میں رش کے دوران چور کی توجہ ذرا ادھر اُدھر ہوئی تو گدھا موقع پا کر چل پڑا۔ اب اسے اپنے گھر کا راستہ تو خوب معلوم تھا، چنانچہ شام ہوتے ہی وہ ہمارے دروازے پر پہنچ گیا اور حسبِ عادت دروازے پر منہ مارنے لگا۔

میرے والد صاحب نے شور سنا تو دروازہ کھولا۔ سامنے اپنے گمشدہ گدھے کو پھلوں اور سبزیوں سے لدا پھندا کھڑا دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے۔

فوراً میری والدہ کو آواز دے کر بلایا اور گدھے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بولے:

’’ذرا دیکھو! میرا یہ گدھا صرف دو دن گھر سے غائب رہا اور واپسی پر پورا بازار اٹھا لایا ہے۔ ایک تمہارا بیٹا ہے جسے پردیس گئے دو سال ہو چکے ہیں، مگر آج تک ایک پیاز کا دانہ بھی نہیں بھیج سکا 😂

Leave a Reply

NZ's Corner