برطانوی راج کے دور کی بات ہے۔ ایک دن ایک برطانوی افسر نے ایک ہندوستانی شہری کو معمولی سی بات پر تھپڑ مار دیا، فضا میں خاموشی چھا گئی۔۔۔
مگر اگلے ہی لمحے، اُس ہندوستانی نے پوری طاقت سے جواباً افسر کو تھپڑ مارا،
ایسا تھپڑ کہ انگریز زمین پر جا گرا۔۔۔
افسر کے لیے یہ محض ایک تھپڑ نہیں تھا، یہ اُس سلطنت کے غرور پر ضرب تھی، جس پر سورج کبھی غروب نہیں ہوتا تھا۔۔۔
وہ ہکّا بکّا اُٹھا اور غصے سے لرزتا ہوا اپنے مرکز پہنچا، جہاں اُس نے اپنے اعلیٰ افسر کو واقعہ بتایا اور کہا :-
“یہ توہین صرف میری نہیں، بلکہ تاجِ برطانیہ کی ہے، اس گستاخ ہندوستانی کو ایسی سزا دی جائے کہ پوری رعایا عبرت پکڑے۔۔۔”
بڑے افسر نے کچھ دیر خاموشی اختیار کی، پھر اپنے سامنے رکھا ہوا خزانہ کھول کر کہا۔۔۔
“یہ پچاس ہزار روپے لو اور اُس ہندوستانی کے پاس جا کر اُس سے معافی مانگو، یہ رقم بطورِ ہرجانہ اُسے پیش کرو۔۔۔”
چھوٹا افسر سُن کر دنگ رہ گیا۔۔۔
“کیا۔۔۔؟
میں اُس سے معافی مانگوں؟
یہ اُس کی گستاخی کو انعام دینا ہوا۔۔۔
میں نے اُس پر ہاتھ اُٹھایا، یہ میرا حق تھا، اور اُس نے جواب دیا، یہ اس کی جرات تھی۔۔۔”
بڑے افسر نے ٹھنڈے لہجے میں کہا۔۔۔
“یہ کوئی مشورہ نہیں، فوجی حکم ہے، اسے فوراً بجا لاؤ۔۔۔”
افسر حکم بجا لایا۔۔۔
اُس نے ہندوستانی شہری کے پاس جا کر ادب سے کہا۔۔۔
“میں نے آپ کو تھپڑ مارا، آپ نے جواب دیا، ہم برابر ہو گئے۔ یہ پچاس ہزار روپے میری طرف سے معذرت کے طور پر قبول کیجیے۔۔۔”
ہندوستانی نے رقم قبول کر لی اور دل میں سوچا کہ یہ تو نصیب کا انعام ہے۔
اُس نے اس رقم سے گھر خریدا، کچھ سرمایہ تجارت میں لگایا اور وقت کے ساتھ خوشحال تاجر بن گیا۔۔۔
زندگی آگے بڑھ گئی اور وہ تھپڑ تاریخ کے صفحے سے مٹ گیا۔۔۔
مگر انگریزوں نے وہ تھپڑ یاد رکھا۔۔۔
کچھ برس بعد وہی انگریز کمانڈر اپنے افسر کو بلاتا ہے۔۔۔
“یاد ہے تمہیں وہ ہندوستانی، جس نے تمہیں تھپڑ مارا تھا۔۔۔؟”
افسر نے کہا۔۔۔ “کیسے بھول سکتا ہوں۔۔۔”
کمانڈر نے کہا۔۔۔“وقت آ گیا ہے، اب تم جا کر اُسے سب کے سامنے ایک تھپڑ مارو۔۔۔”
افسر نے چونک کر کہا۔۔۔
جنرل!!!
اُس وقت وہ غریب تھا، مگر آج وہ بااثر آدمی ہے،اس کے پاس محافظ ہیں، دولت ہے، اختیار ہے، اگر میں نے ہاتھ اُٹھایا تو وہ مجھے قتل کرا دے گا۔۔۔”
کمانڈر مسکرایا۔۔۔
“نہیں، وہ کچھ نہیں کرے گا، بس تم جا کر حکم کی تعمیل کرو۔۔۔”
افسر گیا۔۔۔
ہندوستانی کے گرد نوکر، ملازم، شاگرد، تاجر، سب کھڑے تھے۔۔۔
افسر نے مجمع کے بیچ اُس کے چہرے پر ایک بھرپور تھپڑ مارا، ہندوستانی زمین پر گر گیا، مگر نہ غصہ آیا، نہ احتجاج، نہ سوال، اُس نے افسر کی طرف دیکھنے کی بھی جرات نہ کی۔۔۔
افسر حیران و پریشان اپنے کمانڈر کے پاس واپس آیا۔۔۔
جنرل!!!
کچھ سمجھ میں نہیں آتا، جب اُس کے پاس کچھ نہیں تھا، اُس نے میرا جواب دیا، آج جب اس کے پاس سب کچھ ہے تو وہ خاموش رہا۔۔۔۔
کیوں۔۔۔؟”
کمانڈر نے ٹھنڈی مسکراہٹ کے ساتھ کہا۔۔۔
پہلی بار اس کے پاس صرف عزت تھی
اور وہی اُس کے لیے سب سے قیمتی چیز تھی، اس نے اُس عزت کے دفاع میں تمہیں تھپڑ مارا مگر دوسری بار، جب اس نے اپنی عزت کو پچاس ہزار روپے میں بیچ دیا تو اب اس کے پاس کچھ ایسا نہیں بچا جس کے لیے وہ لڑ سکے، وہ اب دولت کا غلام ہے اور غلام کبھی اپنے مالک کو تھپڑ نہیں مارتا۔۔۔”
قومیں جب اپنی عزت کو قیمت لگا کر
بیچ دیتی ہیں، تو ان کی آزادی محض
لفظ بن کر رہ جاتی ہے اور وہ ہمیشہ غلامی کی زنجیر میں جکڑی رہتی ہیں، ہماری طرح۔۔۔😢


