کسی جنگل میں ایک بکری بے فکری سے ادھر اُدھر گھوم رہی تھی۔ ایک باز کو یہ دیکھ کر بڑی حیرت ہوئی۔ اس نے بکری سے پوچھا:
’’تمہیں کسی سے خوف کیوں نہیں آتا؟‘‘
بکری نے جواب دیا:
’’بھائی! میری بے فکری کا سبب یہ ہے کہ کچھ عرصہ پہلے ایک شیرنی اپنے دو چھوٹے بچے چھوڑ کر مر گئی تھی۔ میں نے ان پر ترس کھا کر انہیں اپنے دودھ سے پالا اور پروان چڑھایا۔ اب وہ دونوں جوان ہوچکے ہیں اور انہوں نے پورے جنگل میں اعلان کر رکھا ہے کہ ہماری بکری ماں کی طرف جو کوئی میلی آنکھ سے دیکھے گا، اس کی خیر نہیں۔ لہٰذا اب کسی بڑے سے بڑے خونخوار جانور میں بھی مجھ پر ہاتھ ڈالنے کی ہمت نہیں، چھوٹے موٹے جانوروں کی تو بات ہی چھوڑو۔‘‘
باز نے دل ہی دل میں سوچا کہ کاش اسے بھی ایسی نیکی کرنے کا موقع ملے تاکہ پرندوں کی دنیا میں اسے بھی عزت اور احترام حاصل ہو۔
وہ یہی سوچتا ہوا اڑتا جا رہا تھا کہ اچانک اس کی نظر دریا میں ڈبکیاں کھاتے ایک چوہے پر پڑی۔ وہ فوراً نیچے اترا، چوہے کو دریا سے نکالا اور ایک بڑے پتھر پر لٹا کر اپنے پروں کا سایہ بنا دیا تاکہ حرارت سے وہ خشک ہوجائے۔
جیسے ہی چوہے کے حواس بحال ہوئے، اس نے باز کے پر کترنے شروع کردیے۔ باز بے چارہ نیکی کرنے کی دھن میں مگن تھا اور چوہا اپنی کارستانی میں مصروف۔ کچھ ہی دیر میں چوہا بھی خشک ہوگیا اور اپنے بل کی طرف دوڑ لگا دی۔
باز اپنی نیکی پر بہت خوش تھا۔ اسی خوشی میں اس نے ایک لمبی اڑان بھرنے کی کوشش کی، مگر منہ کے بل زمین پر آ گرا۔ چوہا اس کے پر کتر چکا تھا، لہٰذا اب وہ اڑنے سے معذور ہوکر زمین پر اچھلنے اور گھسٹنے لگا۔
اتفاقاً بکری وہاں سے گزری تو باز کو اس حال میں دیکھ کر پوچھنے لگی:
’’پیارے شاہین! تم پر یہ کیا افتاد آن پڑی؟‘‘
باز غصے سے بولا:
’’یہ سب تمہارا کیا دھرا ہے۔ تمہاری باتوں سے متاثر ہوکر میں نے بھی نیکی کمانے کی چاہ میں ایک چوہے کی جان بچائی، مگر اس نے میرے ہی پر کتر دیے!‘‘
بکری ہنس پڑی اور بولی:
’’بے وقوف! اگر نیکی کرنی ہی تھی تو کسی شیر کے بچے کی جان بچاتے۔ چوہے کا بچہ تو اپنا چوہا پن ہی دکھائے گا۔ بدذات اور بدنسل کے ساتھ نیکی کرنے والے کا وہی حال ہوتا ہے جو تمہارا ہوا ہے۔‘‘
میاں محمد بخشؒ کا ایک شعر بھی ہے:
اصلاں نال جے نیکی کریئے، نسلاں تائیں نئیں بُھلدے
بدنسلاں نال نیکی کریئے، پھٹیاں چالاں چلدے
کوؤں کے بچے موتی چگنے سے ہنس نہیں بن جاتے اور کھارے پانی کے کنویں میں کتنا ہی میٹھا پانی ڈال لیں، اس کی فطرت نہیں بدلتی


