وہ پیدا ہوا تو عجیب تھا۔
نہ بچہ، نہ بچی۔۔۔ جنس تیسری تھی۔
ماں حیران، باپ پریشان۔ باپ مالک سے شکوہ کناں تھا:
“ربّا! یہ کیا دے دیا؟”
ماں سجدہ ریز تھی۔
“الحمدللہ مالک! تو نے جیسا دیا، جو بھی دیا، تیرا شکر ہے۔”
ماں نے اسے اٹھا کر سینے سے لگا لیا۔
ماں کا دودھ صرف بچے یا بچیاں ہی نہیں پیتے، تیسری جنس کے بچے بھی پیتے ہیں۔
جوں جوں وہ بڑا ہوتا گیا، گھر میں رولا بڑھتا گیا۔
باپ کہتا:
“بھلی لوک! یہ مجھے دے، میں اسے اس کی برادری کے پاس چھوڑ آتا ہوں۔”
ماں اسے گلے سے لگا لیتی اور کہتی:
“میں اس کی ماں ہوں، تم اس کے باپ ہو، تو پھر اس کی برادری اور کون سی ہے؟”
باپ زور ڈالتا تو ماں منتوں پر اتر آتی۔
“کیا میرے سرتاج! اتنا دیا ہوا خدا کا، اسے کھانے تو دو۔”
باپ اسے اونچ نیچ سمجھانے لگ جاتا، مگر صاحب! مامتا سے آج تک کون جیتا ہے؟
رولا تو معاشرہ بناتا ہے۔
باپ باہر جاتا تو اشارے ہونے لگتے۔
“وہ دیکھو، اس کے گھر کھسرا پیدا ہوا ہے۔”
“اوئے! وہ دیکھو، کھسرے کا باپ آ رہا ہے۔”
سرگوشیاں ایسی ہوتیں کہ جس کے بارے میں کی جا رہی ہوتیں، وہ بھی سن لے۔
برادری والے شور مچاتے:
“بھائی! ہماری بے عزتی ہو رہی ہے، اسے کسی گرو کے پاس کیوں نہیں چھوڑ دیتے؟”
لوگ کہتے:
“ہمیں کیا، اس کے چچازاد کے گھر کھسرا ہے، ماموں زاد کے گھر کھسرا ہے۔”
باپ پکا ارادہ کر لیتا، مگر بیوی نہ مانتی۔ یوں وہ ہر بار ناکام رہتا۔
پانچ سال گزر گئے۔ اللہ نے مزید اولاد دی، ایک بیٹا اور ایک بیٹی۔
باپ کی آنکھوں کے وہ تارے تھے، مگر کھسرے کو قریب بھی نہ بھٹکنے دیتا۔
بھائی بہن حیران ہوتے، مگر ابھی انہیں سمجھ کہاں تھی؟
وہ ماں کا لاڈلا تھا۔ باقی دونوں بچوں کو وقت کم ملتا، اسے زیادہ۔
باپ شکوہ کرتا تو ماں کہتی:
“باپ کا پیار بھی تو دینا ہے اسے، تبھی تمہیں زیادہ لگتا ہے۔”
پانچ سال بعد شوہر نے پکا ارادہ کر لیا۔
“اب کی بار کوئی بات نہیں مانوں گا، اسے کہیں چھوڑ کر آؤں گا۔”
بیوی کو بتایا تو اس نے ایک نظر ڈالی اور شوہر سمجھ گیا کہ اس بار زمانہ جیتنے والا ہے۔
مگر صاحب! بات وہی تھی، مامتا سے کون جیتا ہے؟
ماں نے سر ہلایا اور اس کا سامان باندھنے لگی۔
شوہر کچھ دیر بعد آیا تو دو بیگ تیار پڑے تھے۔
“اتنا سامان اس کا؟”
“نہیں، میرا بھی ہے۔”
“کیوں؟ تم کہاں جا رہی ہو؟”
“جہاں یہ جائے گا۔ تم اسے گھر سے نکالو، دروازہ بند کرو، پھر میں جانوں اور یہ جانے۔ اس کا وہ خدا جانے جس نے اسے سانس دی، زندگی دی۔ وہ خدا جو فضول کوئی چیز پیدا نہیں کرتا، جو پتھر میں بھی کیڑے کو رزق دیتا ہے۔ یہ انسان ہے، ہاتھ پاؤں سلامت ہیں۔ میں بھی تو ہوں، کر لیں گے گزارہ۔ بس تم اسے گھر سے نکالو۔ بلکہ ہٹو، میں خود چلی جاتی ہوں۔”
شوہر اسے جانتا تھا۔ زندگی گزری تھی اس کے ساتھ۔ جانتا تھا کہ جب وہ کسی بات پر اڑ جائے تو پھر پیچھے نہیں ہٹتی۔
آج وہ اڑ گئی تھی۔ وہی کرنا تھا جو وہ کہہ رہی تھی، کیونکہ ایسا وہ چاہتا نہیں تھا۔
مامتا سے کوئی نہیں جیت سکتا، صاحب!
پھر اس موضوع پر کبھی بات نہ ہوئی۔ تین سال تک خاموشی رہی۔
ایک بیٹی اور پیدا ہو گئی، مگر ماں کا لاڈلا وہی تھا۔
وہ نویں سال میں تھا جب ماں اس دنیا سے چلی گئی۔
رات سوئی، صبح اٹھ نہ سکی۔
روشنیوں بھرا گھر ویران ہو گیا، مگر اس کی تو دنیا ہی اجڑ گئی تھی۔
ابھی قبر کی مٹی خشک بھی نہ ہوئی تھی کہ باپ نے اسے گھر سے نکال دیا۔
“جا! کہیں چلا جا، اب تیرا اس گھر میں کچھ نہیں۔”
وہ خاموشی سے نکلا، ماں کی قبر پر گیا، دل بھر کر رویا، بہت رویا۔ جب دل کا بوجھ کچھ ہلکا ہوا تو شہر کی جانب روانہ ہو گیا۔
قدم قدم پر ستم کرنے والی دنیا میں گم ہو گیا۔
باپ نے شکر ادا کیا کہ جان چھوٹی، مگر ابھی ایک گہرا گھاؤ باقی تھا۔
گھر سے نکالے جانے کے بعد وہ درخت سے گرے ہوئے پتے جیسا تھا۔ ہوا جدھر چاہتی، اڑا کر لے جاتی۔
ایسا ہی ہوا۔ ایک جگہ سے دوسری جگہ، یہاں وہاں۔ کبھی کسی ورکشاپ میں چھوٹے کی نوکری ملی، کبھی کسی ہوٹل میں بیرا بن گیا۔
بے پناہ حسن اور خدوخال میں نسوانی پن اس کے لیے عذاب بن گیا۔
انسان نما بھیڑیے اس پر جھپٹتے، وہ بھاگ پڑتا۔
اسی بھاگ دوڑ میں شہر کی مشہور شخصیت، حاجی ہوٹلاں والے کے ہوٹل پر جا پہنچا۔
حاجی کئی ہوٹلوں کا مالک تھا۔ شہر میں اس کی کئی مارکیٹیں، پلازے اور ٹرانسپورٹ کا کاروبار بھی تھا۔
دلیر، اصول پسند اور کھرا آدمی تھا۔
اس کا اصول تھا:
“بابا! ہوٹل بنا ہوا ہے، آپ کے لیے۔ کرسیاں لگی ہوئی ہیں، دریاں اور چارپائیاں بچھی ہوئی ہیں۔ یہاں بیٹھو، کھاؤ پیو، جب تک جی چاہے یہاں رہو۔ کوئی اٹھانے والا نہیں۔ مگر دنگا فساد، سڑک پر نشہ اور ہوٹل سے باہر ہنگامہ، یہاں ایسا کچھ کرو گے تو پچھتاؤ گے۔”
یہاں اس کے قدم جم گئے۔
اس کی شناخت ظاہر ہو گئی۔ درندوں نے پیش قدمی کی، مگر یہاں حاجی موجود تھا۔
کہتا:
“لاڈے! تو جیسا بھی ہے، جو بھی ہے، جب تک حاجی کے پاس ہے، کوئی مائی کا لعل تجھے کچھ نہیں کہہ سکتا۔”
ہوا بھی ایسا ہی۔ دو چار لوگوں نے پیش قدمی کی تو حاجی آڑے آ گیا، خوب بے عزت کیا۔ باقی خود ہی ڈر گئے۔
حاجی کے پاس گزرے وقت کو وہ اپنی زندگی کا بہترین وقت قرار دیتا تھا۔ حاجی اس کا استاد تھا، زمانے کے سرد و گرم سمجھانے والا۔
کھسروں کے گرو ایسے لوگوں کی تلاش میں رہتے ہیں جو ان کی برادری سے تعلق رکھتے ہوں۔ جہاں کوئی مل جائے، اسے اپنے ساتھ لے جانے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔
اسے بھی کئی گرو لینے آئے، مگر حاجی نے سب کو بھگا دیا۔
“گرو جی! میرے جیتے جی تو ایسا سوچنا بھی مت۔ بعد میں جو چاہے کر لینا۔”
وہ بچا رہا۔
دو سال تک وہ برتن دھوتا رہا، چائے پلاتا رہا اور کھانا کھلاتا رہا۔
دو سال بعد ہوٹل کے ساتھ پان سگریٹ کا ایک کھوکھا پہلے مالک نے بیچنے کے لیے پیش کیا تو حاجی نے خرید کر اسے وہاں بٹھا دیا۔
“لے لاڈے! یہ تیری دکان ہے، کما اور کھا۔”
سترہ سال تک وہ اسی کھوکھے پر رہا۔ گرو آتے رہے، وہ انکار کرتا رہا۔
آخر اپنے محسن کو کیسے چھوڑتا؟
مگر ایک دن محسن خود اس دنیا سے چلا گیا۔
وہ دشمن دار تھا، اسی کی نظر ہو گیا۔
وہ دوسری بار جی بھر کر رویا۔ خود کو یتیم محسوس کیا۔ اچانک سائے سے نکل کر تیز دھوپ میں آ کھڑا ہوا تھا۔
حاجی کیا مرا، اس پر تو نشتر برسنے لگے۔ اب روکنے والا کون تھا؟
گروؤں نے پھر یلغار کر دی۔
کہنے لگے:
“لاڈے! ادھر کیا رکھا ہے؟ قسم سے تو ہیرا ہے، ہیرا! ہمارے ساتھ چل، تجھے تیری قیمت بتاتے ہیں۔”
وہ نہیں جانا چاہتا تھا، مگر دن رات کے نشتر برداشت کرنا بھی آسان نہ تھا۔ کوئی ٹھکانہ تو کرنا ہی تھا۔
سو کھوکھا چھوڑ کر گرو کے آستانے پر جا بیٹھا۔
وہ واقعی ہیرا تھا۔ گرو نے جب اسے تراشا تو اسے خود بھی اپنی صلاحیت کا اندازہ ہوا۔
ایک سال میں ہی اسے رقص میں طاق کر دیا گیا۔
جب وہ اسٹیج پر جاتا تو سماں باندھ دیتا۔ ایسا ناچتا کہ تماشائیوں کی نظریں نہ ہٹتیں اور ویل کرانے والوں کے ہاتھ نہ رکتے۔
یہ اس کی نئی زندگی تھی۔
دو تین سال وہاں بیت گئے۔ یہاں سب تیسری جنس کے تھے، اس لیے کوئی تفریق نہیں تھی۔
اس کی وجہ سے گرو کا گروپ سارے شہر میں مشہور ہو گیا۔
نام تھا:
“ہے جی کوئی لاڈا نام کا کھسرا؟”
گرو اسے لاڈلی کہتا تھا۔
ایک دن…
وہ فارغ تھا۔ کچھ دن پہلے گرو نے اسے ایک پلاٹ لے کر دیا تھا۔ اس نے سوچا، آج وہاں چکر لگا آتا ہوں۔ ویسے بھی ان دنوں کام ذرا ٹھنڈا تھا، کیوں نہ پلاٹ کی چار دیواری بنوا لے؟
یہی سوچ کر گرو سے اجازت چاہی تو گرو نے ایک کارڈ اس کی جھولی میں پھینک دیا۔
“لاڈلی! یہ آج رات کے پروگرام کا کارڈ ہے۔ نام، پتا، ٹھکانا سب لکھا ہے۔ آج کہیں نہ جانا، بڑا پروگرام ہے، آرام کر۔”
اس نے کارڈ پر نظر ڈالی اور بلانے والے کا نام پڑھا:
ملک تاج خان!
نام پڑھتے ہی ایک سنسنی اس کے پورے بدن میں دوڑ گئی۔ کارڈ ہاتھ سے گر گیا۔
اس نے بہت سے پروگرام کیے تھے۔ وہ معروف ڈانسر تھا۔ روز کا معمول تھا، پروگرام بڑا ہو یا چھوٹا، اسے کوئی فرق نہیں پڑتا تھا۔
مگر یہ ملک تاج کا پروگرام؟
اس کی عجیب حالت ہو گئی۔ وہ ناچنا بھی چاہتا تھا اور نہیں بھی۔
اس نے گرو سے پوچھا:
“گرو! یہ پروگرام کس نے دیا ہے؟”
گرو ہنس کر بولا:
“ہے لو! لاڈلی، ملک تاج پرانا شوقین ہے۔ اس نے خود پروگرام دیا ہے، اور کس نے دینا تھا؟”
پھر گرو پرانی یادیں تازہ کرنے لگا۔
“ہائے ہائے لاڈلی! کیا وقت تھا میرا بھی۔ بالکل تیری طرح سماں باندھ دیتی تھی میں۔ اور یہ ملک تاج! ہائے ہائے، کیا شوقین تھا!”
وہ سنتا رہا، حیران ہوتا رہا۔
پروگرام ایک بڑی حویلی میں تھا۔
دو حصے تھے۔ ایک حصے میں عام عوام تھی، گرو کے مطابق دس بیس روپے والے شوقین۔
دوسرا حصہ معززین کے لیے تھا، جہاں نوٹوں کی بارش ہوتی تھی۔
گرو کو حکم ملا تھا کہ خاص لوگوں کے لیے مخصوص ڈانسرز کو بچا کر رکھنا۔
گرو نے اسے اور اس کے ساتھ ایک اور ڈانسر کو روک لیا، مگر لاڈے نے انکار کر دیا۔
“گرو! آج خاص پروگرام میں صرف میں ناچوں گا، کوئی دوسرا نہیں۔”
ایسا عموماً نہیں ہوتا تھا، مگر نہ جانے اس کے لہجے میں کیا بات تھی کہ گرو انکار نہ کر سکا۔
پروگرام شروع ہو گیا۔
وہ پردے کے پیچھے بیٹھا دیکھتا رہا۔ خوب ہاؤ ہو مچی ہوئی تھی، مگر اس کی نظریں دولہے پر جمی تھیں۔ وہ پلکیں جھپکائے بغیر اسے دیکھ رہا تھا۔
گرو سے اس کا یہ انہماک چھپ نہ سکا۔
پوچھ بیٹھا:
“لاڈلی! سچ بتا، آج تجھے مسئلہ کیا ہے؟ میں دیکھ رہی ہوں کہ تو ہنسنا چاہتی ہے تو رو پڑتی ہے، رونا چاہتی ہے تو ہنس پڑتی ہے۔ تو خوش بھی بہت ہے اور غمگین بھی۔ آخر مسئلہ کیا ہے؟”
دو آنسو اس کی آنکھوں سے نکلے، میک اپ زدہ رخساروں پر لکیر بناتے ہوئے کہیں گر گئے۔
وہ روتے ہوئے ہنسنے لگا۔
“گرو! بس آج دیکھنا، نہ ایسا پروگرام کبھی دیکھا ہو گا، نہ آئندہ دیکھو گے۔”
رات گیارہ بجے کے بعد دوسرا راؤنڈ شروع ہوا۔
یہ ایک بڑے ہال میں تھا۔ گاؤ تکیے لگے ہوئے تھے اور محدود تعداد میں کرسیاں بھی رکھی گئی تھیں۔
تعداد کم تھی، مگر جو لوگ موجود تھے، سب نشے میں دھت تھے۔ بوتلیں کھلی پڑی تھیں، گلاس کھنک رہے تھے اور چرس بھرے سگریٹوں کا دھواں فضا میں جالے بنا رہا تھا۔
سب کے سب شہر کے معززین تھے، بڑی عزتوں والے لوگ!
رات کا اندھیرا جن کے کرتوت چھپا لیتا ہے۔
اس کی نظر تمتمائے چہرے والے ملک تاج پر ٹک گئی۔ وہ بھی شراب پیے ہوئے تھا، مگر کچھ کم۔
ساز بج اٹھے۔
وہ گھنگھرو باندھ کر میدان میں اتر گیا۔
نغمے کے بول بلند ہوئے:
“مائے نی میں کنوں آکھاں، درد وچھوڑے دا حال نی…”
چھن چھن چھن چھنا!
ایک بجلی سی اس کے رگ و پے میں دوڑ گئی۔
پاؤں تھے کہ ٹکتے ہی نہیں تھے۔
ساز کیا کہہ رہے تھے، آواز کیا کہہ رہی تھی، اسے کچھ خبر نہ تھی۔ وہ بے خود ہو چکا تھا۔
گرو سمیت سب پرانے شوقین حیران تھے۔ ایسا رقص انہوں نے کہیں نہیں دیکھا تھا۔
گرو کو اس کی آنکھوں میں نمی نظر آئی۔
ساتھ والے سے بولا:
“ہائے ہائے رنگیلی! مجھے تو لاڈلی کی آنکھوں میں لہو کے آنسو نظر آ رہے ہیں۔ مولا خیر کرے، مگر آج خیر نہیں ہے۔”
وہ ناچتا رہا، نوٹ نچھاور ہوتے رہے۔
بہکے ہوئے شرابی آگے بڑھتے، لپٹنے کی کوشش کرتے، مگر وہ انہیں خود سے دور کر دیتا۔
مگر ملک تاج جب بھی قریب آتا، وہ خود سمٹ کر اس کی بانہوں میں چلا جاتا۔
ملک تاج کے تمتمائے چہرے پر فخر و غرور کی لالی ابھر آتی۔
وہ دوسروں سے کہتا:
“دیکھو! جو کسی کو ہاتھ نہیں لگانے دیتا، میرے پاس خود چلا آتا ہے۔”
تین گھنٹے گزر گئے۔ وہ نہیں تھکا، مگر دیکھنے والے لڑھک گئے۔ مدہوش ہو گئے، بے ترتیب ہو گئے۔
پروگرام رک گیا۔
ملک تاج اور کچھ دوسرے لوگ ابھی ہوش میں تھے۔
رواج تھا کہ ایسے موقعوں پر میزبان آگے بڑھتے، نوٹوں کے ہار ڈالتے، کچھ نقد رقم دیتے اور پھر ڈانس پارٹی رخصت ہوتی۔
وہی ہوا۔
ملک تاج نے سب کے گلوں میں ہار ڈالے۔
آخر میں لاڈلی کی باری آئی۔
اس کی نظریں کسی کو تلاش کر رہی تھیں۔ خلافِ معمول اس نے نوٹ لینے والے سے نوٹوں کا تھیلا خود لے لیا تھا۔
اب وہ تھیلا اس کے ہاتھ میں تھا۔
آخرکار وہ ملک تاج کے روبرو پہنچا۔
نگاہیں ملیں۔
ملک تاج کی آنکھوں میں ایک شیطانیت سی لپکی۔ اس کے ہاتھ بے قابو ہوئے، رخساروں پر لگے اور اس نے ہار پہنا دیا۔
ختم!
نہیں، نہیں! کہاں ختم؟
لاڈے نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔
“پہچانا ملک جی؟”
گرو تن کر کھڑا ہو گیا۔ جس داستان سے آج پردہ اٹھنے والا تھا، اس کا وقت آن پہنچا تھا۔
ملک تاج بولا:
“نہیں لاڈلی! پہلی بار دیکھا ہے تجھے، مگر تیرا گرویدہ ہو گیا ہوں۔”
اس نے ہار اتار کر ہاتھ میں پکڑ لیا۔
“پر ملک جی! میں نے تو آپ کو پہلی بار نہیں دیکھا۔”
وہ آہستہ آہستہ قریب ہوا اور ملک تاج کی بانہوں میں سمٹ گیا۔
مدت سے ترسا ہوا تھا ان بانہوں میں آنے کے لیے، اتنا قریب ہونے کے لیے۔
ملک تاج بولا:
“ہائے ہائے لاڈلی! آج تو نے دل جیت لیا۔”
اس کا ہاتھ جیب کی طرف بڑھا تاکہ کچھ نچھاور کرے، مگر لاڈے نے اس کے ہاتھ پکڑ لیے۔
“نہیں ملک جی! اب بس۔ اب اور کچھ نہیں لینا۔ اب میں نے نچھاور کرنا ہے، نچھاور ہونا ہے۔”
خاموشی چھا گئی۔
بس گرو جانتا تھا کہ کچھ ہونے والا ہے، مگر کیا؟ یہ اسے بھی معلوم نہیں تھا۔
لاڈے نے ہار اتارا اور ملک تاج کے گلے میں ڈال دیا۔
آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بولا:
“آج تک کھسرے لیتے ہیں، ویل، ودھائی اور ہار۔ مگر میں آج دے کر جا رہا ہوں، ملک جی!”
اس نے نوٹوں کا تھیلا کھولا، نوٹوں کی گڈیاں نکالیں اور ملک تاج پر پھینک دیں۔
“مجھے پہچانو ملک جی! میں وہ بدنصیب ہوں جس کا باپ اس پر عاشق ہے۔”
پھر چیخ کر بولا:
“یہ لو ملک جی! یہ ایک کھسرے کی ویل، اپنے باپ پر!”
سب کے دل دھک سے رہ گئے۔
ملک تاج کا نشہ جیسے ایک لمحے میں اتر گیا۔ بند ہوتی آنکھیں پوری طرح کھل گئیں۔
گرو کو جھٹکا لگا۔ ساتھی تھرا کر رہ گئے۔ جاگتے سوتے سب شوقین ہوش میں آ گئے۔
“یہ کیا کہہ رہے ہو؟”
ملک تاج نوٹوں کو پرے دھکیلتا ہوا چیخا۔
مگر لاڈے پر تو جیسے برسوں کا درد سوار تھا۔
وہ نوٹ پھینکتا جاتا، روتا جاتا اور کہتا جاتا:
“ویل! افلاک احمد کی، ملک تاج پر!”
“ایک آدھے بیٹے کی ویل، ایک آدھی بیٹی کی ویل!”
“ویل! بھائی کی شادی پر باپ کے نام، ایک کھسرے کی ویل!”
“ملک! ملک تاج! میں افلاک احمد ہوں، آنسہ کا بیٹا!”
“یہ دیکھ! ادھر آنکھ کھول! یہ میں ہوں، یہ تو ہے، اور یہ میری جنت، میری ماں!”
“یہ روشنا ہے، تیری بیٹی، آنسہ کی بیٹی، میری بہن!”
وہ بلک بلک کر رو پڑا۔
مگر اب رشتے کہاں باقی تھے؟ رشتے تو تب چلتے ہیں جب پگ کا مان رکھا جائے۔ جب باپ نے ہی دھتکار دیا تو اب کون بھائی، کون بہن؟
وہ خود بھی رویا اور اس کے ساتھ نشے میں دھت لوگ بھی رو پڑے۔
گرو رو پڑا، ساتھی رو پڑے۔
اور ملک تاج؟
اس کی آنکھوں میں بھی آنسو آ گئے۔
ملک تاج رو پڑا، بلک پڑا۔
اس کے اندر جیسے سب کچھ ٹوٹ کر بکھر گیا۔
وہ زمین سے مخاطب ہو کر جیسے کہہ رہا تھا:
“دھرتی! زمین! ذرا جگہ تو دے، مجھ پر الٹ تو پڑ، مجھے چھپا تو سہی!”
مگر صاحب! ایسے موقعوں پر دھرتی جگہ نہیں دیا کرتی، بلکہ پیروں سے پکڑ کر دھڑام سے گرا دیتی ہے۔
جیسے وہ اپنی ہی نظروں میں گر چکا تھا۔
لاڈا نوٹ پھینکتا جاتا اور روتا جاتا۔
“لاکھوں روپے ملے آج تیرے گھر، مگر ایک نوٹ بھی لے کر نہیں جانا۔ یہ لے، یہ بھی ویل!”
“اتنا ہی کھاتا میں جتنا تو نے آج ایک رات میں مجھ پر نچھاور کیا ہے۔ ایک کمرے میں رہ لیتا، مگر۔۔۔ مگر۔۔۔”
گرو آگے بڑھا، ساتھی بھی آگے بڑھے۔
“سنبھال لاڈے! سنبھل لاڈے!”
مگر وہ بلکتا رہا، نوٹ پھینکتا رہا، تڑپتا رہا۔
گرو سے بولا:
“گرو! میرا گرو ہے تو، الٹ دے جو آج ملا ہے۔ چل، الٹ دے! مجھے لے چل یہاں سے!”
گرو اس کا اپنا تھا۔
شاید وہی اس درد کو سمجھ سکتا تھا جس سے افلاک احمد، عرف لاڈا، عرف لاڈلی گزر رہا تھا۔
گرو آگے بڑھا اور نوٹوں کا پورا تھیلا ملک تاج پر الٹ دیا۔
ملک تاج اب نوٹوں کے ڈھیر میں چھپا سسک رہا تھا۔
اللہ جانے کس بات پر! 😭😭😭


