وہ رات جب مکہ کا سب سے بڑا دشمن، اسلام کا بھائی بن گیا

وہ رات جب مکہ کا سب سے بڑا دشمن، اسلام کا بھائی بن گیا

فتح مکہ کی رات!مکہ میں ابوسفیان بہت بے چین تھا۔

آج کچھ ہونے والا ہے” وہ بڑبڑایا۔ اس کی نظر بار بار آسمان کی طرف اٹھ رہی تھی۔

اس کی بیوی ہندہ نے دیکھا تو پوچھا، “کیا بات ہے؟ کیوں پریشان ہو؟”

ابوسفیان نے کہا، “کچھ نہیں، طبیعت گھبرا رہی ہے، میں ذرا گھوم کر آتا ہوں۔”

وہ گھر سے نکلا، مکہ کی گلیوں میں گھومتے گھومتے شہر کی حد تک پہنچ گیا۔

اچانک اس کی نظر شہر سے باہر ایک وسیع میدان پر پڑی!

*ہزاروں مشعلیں روشن تھیں!*

لوگوں کی چہل پہل، اور دھیمی دھیمی آواز، جیسے سینکڑوں لوگ کچھ پڑھ رہے ہوں۔

اس کا دل دھک سے رہ گیا۔

وہ سمجھ گیا، مکہ والے تو غافلوں کی نیند سو رہے ہیں، اور یہ لشکر یقیناً مکہ پر چڑھائی کے لیے آیا ہے۔

وہ آہستہ آہستہ اوٹ لیتا لشکر کے قریب پہنچا۔ کچھ لوگوں کو اس نے پہچان لیا۔ یہ اس کے اپنے ہی لوگ تھے جو مسلمان ہو کر مدینہ ہجرت کر چکے تھے۔

وہ سمجھ گیا، یہ لشکر مسلمانوں کا ہے، اور *محمد ﷺ اپنے جانثاروں کے ساتھ مکہ آ پہنچے ہیں۔*

وہ چھپ کر حالات کا جائزہ لے ہی رہا تھا کہ عقب سے کسی نے اس کی گردن پر تلوار رکھ دی!

پہرے داروں نے اسے پکڑ لیا، اور اب اسے *بارگاہِ محمد ﷺ* میں لے جا رہے تھے۔

اس کا ایک ایک قدم کئی کئی من کا ہو چکا تھا۔ ہر قدم پر اسے اپنے کرتوت یاد آ رہے تھے۔ جنگِ بدر، احد، خندق… سب آنکھوں کے سامنے ناچ رہی تھیں۔

اسے یاد آ رہا تھا کیسے اس نے سردارانِ مکہ کو اکٹھا کیا تھا، کیسے نجاشی کے دربار میں جا کر کہا تھا کہ یہ مسلمان ہمارے باغی ہیں، انہیں واپس دو۔

اسے یقین تھا، اس جیسے دشمن کو فوراً تہہ تیغ کر دیا جائے گا۔

*ادھر بارگاہِ رحمت للعالمین ﷺ میں…*

اصحاب جمع تھے، صبح کے اقدامات پر مشاورت چل رہی تھی کہ کسی نے آ کر ابوسفیان کی گرفتاری کی خبر دی۔

“اللہ اکبر” خیمے میں نعرہ تکبیر بلند ہوا۔

حضرت عمر ابن خطابؓ اٹھ کر کھڑے ہوئے، تلوار میان سے نکال کر بولے، “اس بدبخت کو قتل کر دینا چاہیے، شروع سے سارے فساد کی جڑ یہی رہا ہے۔”

چہرہ مبارک ﷺ پر تبسم نمودار ہوا، اور دلوں میں اترتی ہوئی آواز گونجی:

*”بیٹھ جاؤ عمر… اسے آنے دو”*

اجازت ملی تو ابوسفیان کو پیش کیا گیا۔ اس کے ہاتھ اسی کے عمامے سے اس کی پشت پر بندھے تھے۔ چہرے کی رنگت پیلی پڑ چکی تھی۔

لب ہائے رسالت مآب ﷺ وا ہوئے، اور اصحاب نے ایک عجیب جملہ سنا:

*”اس کے ہاتھ کھول دو، اور اس کو پانی پلاؤ، بیٹھ جاؤ ابوسفیان!”*

ابوسفیان ہارے ہوئے جواری کی طرح قالین پر بیٹھ گیا۔ پانی پی کر کچھ حوصلہ ہوا تو نظر اٹھائی۔

حضرت عمرؓ کی آنکھیں غصے سے سرخ تھیں۔ حضرت ابوبکرؓ کی آنکھوں میں افسوس تھا۔ حضرت عثمانؓ کے چہرے پر ہمدردی تھی۔ حضرت علیؓ کا چہرہ سپاٹ تھا۔

اور پھر اس کی نظر محمد ﷺ کے چہرہ مبارک پر آ کر ٹھہر گئی، جہاں جلالت و رحمت کے خوبصورت امتزاج کے ساتھ کائنات کی خوبصورت ترین مسکراہٹ تھی۔

*”کہو ابوسفیان؟ کیسے آنا ہوا؟”*

ابوسفیان نے ہمت کر کے کہا، “میں… میں اسلام قبول کرنا چاہتا ہوں؟”

حضرت عمرؓ پھر اٹھ کھڑے ہوئے، “یا رسول اللہ ﷺ! یہ شخص مکاری کر رہا ہے، جان بچانے کے لیے اسلام قبول کرنا چاہتا ہے، مجھے اجازت دیجیے!”

پھر وہی نرم آواز آئی، *”بیٹھ جاؤ عمر…”*

“بولو ابوسفیان، کیا تم واقعی اسلام قبول کرنا چاہتے ہو؟”

“جی یا رسول اللہ ﷺ، میں سمجھ گیا ہوں کہ آپ اور آپ کا دین بھی سچا ہے، اور آپ کا خدا بھی سچا ہے۔ میں جان گیا ہوں کہ صبح مکہ کو فتح ہونے سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔”

چہرہ رسالت مآب ﷺ پر مسکراہٹ پھیلی۔

*”ٹھیک ہے ابوسفیان، تو میں تمہیں اسلام کی دعوت دیتا ہوں، اور تمہاری درخواست قبول کرتا ہوں۔ جاؤ تم آزاد ہو۔”*

“صبح ہم مکہ میں داخل ہوں گے ان شاء اللہ۔ میں تمہارے گھر کو، جہاں آج تک اسلام کے خلاف سازشیں ہوتی رہیں، جائے امن قرار دیتا ہوں۔ جو تمہارے گھر میں پناہ لے لے گا وہ محفوظ ہے۔”

“اور مکہ والوں سے کہنا، جو بیت اللہ میں داخل ہو گیا اس کو امان ہے، جو اپنی کسی عبادت گاہ میں چلا گیا اس کو امان ہے، یہاں تک کہ جو اپنے گھروں میں بیٹھ رہا اس کو امان ہے۔”

“جاؤ ابوسفیان، اور کہنا مکہ والوں سے کہ ہماری کوئی تلوار میان سے باہر نہیں ہوگی، ہمارا کوئی تیر ترکش سے باہر نہیں ہوگا، ہمارا کوئی نیزہ کسی کی طرف سیدھا نہیں ہوگا، جب تک کہ کوئی ہمارے ساتھ لڑنا نہ چاہے۔”

ابوسفیان کی آنکھیں حیرت سے پھٹتی جا رہی تھیں۔

کانپتے ہوئے ہونٹوں سے بولا:
*”اشھد ان لا الہ الا اللہ و اشھد ان محمد عبدہ و رسولہ”*

سب سے پہلے حضرت عمرؓ آگے بڑھے، اور ابوسفیان کو گلے سے لگا لیا۔

*”مرحبا اے ابوسفیان، اب سے تم ہمارے دینی بھائی ہو گئے، تمہاری جان، مال ہمارے اوپر ویسے ہی حرام ہو گیا جیسا کہ ہر مسلمان کا دوسرے پر حرام ہے۔ تم کو مبارک ہو کہ تمہاری پچھلی ساری خطائیں معاف کر دی گئیں۔”*

ابوسفیان حیرت سے دیکھ رہا تھا۔ یہ وہی عمر تھا جو چند لمحے پہلے اس کی جان لینا چاہتا تھا، اب وہی اس کو گلے سے لگا کر بھائی بول رہا تھا؟

*یہ کیسا دین ہے؟ یہ کیسے لوگ ہیں؟*

*اگلے دن…*

مکہ شہر کی حد پر سب سے نمایاں ابوسفیان تھا۔ مسلمانوں کا لشکر مکہ میں داخل ہو چکا تھا۔

کسی ایک تلوار، کسی ایک نیزے کی انی، کسی ایک تیر کی نوک پر خون کا ایک قطرہ بھی نہیں تھا۔

لشکر کو ہدایات مل چکی تھیں:
کسی کے گھر میں داخل مت ہونا
کسی کی عبادت گاہ کو نقصان مت پہنچانا
کسی کا پیچھا مت کرنا
عورتوں اور بچوں پر ہاتھ نہ اٹھانا
کسی کا مال نہ لوٹنا

حضرت بلال حبشیؓ آگے آگے اعلان کرتے جا رہے تھے:
*”مکہ والو! رسولِ خدا ﷺ کی طرف سے آج تم سب کے لیے عام معافی کا اعلان ہے۔ کسی سے اس کے سابقہ اعمال کی بازپرس نہیں کی جائے گی۔ جو اسلام قبول کرنا چاہے وہ کر سکتا ہے، جو نہ کرنا چاہے وہ اپنے سابقہ دین پر رہ سکتا ہے۔ سب کو ان کے مذہب کے مطابق عبادت کی کھلی اجازت ہوگی۔ کسی کا ذریعہ معاش چھینا نہیں جائے گا۔ کسی کو اس کی اراضی و جائیداد سے محروم نہیں کیا جائے گا۔ غیر مسلموں کے جان و مال کی حفاظت مسلمان کریں گے۔”*

ہندہ اپنے گھر کے دروازے پر کھڑی لشکر اسلام کو گزرتے دیکھ رہی تھی۔ اس کا دل گواہی نہیں دے رہا تھا کہ حضرت حمزہؓ کا قتل اس کو معاف کر دیا جائے گا۔

لیکن ابوسفیان نے تو رات یہی کہا تھا کہ، *”اسلام قبول کر لو، سب غلطیاں معاف ہو جائیں گی۔”*

مکہ فتح ہو چکا تھا۔ بنا ظلم و تشدد، بنا خون بہائے، بنا تیر و تلوار چلائے۔

لوگ جوق در جوق اس آفاقی مذہب کو اختیار کرنے مسجد حرام کے صحن میں جمع ہو رہے تھے۔

اور تبھی مکہ والوں نے دیکھا…
*اس ہجوم میں ہندہ بھی شامل تھی!*

*یہ ہوا کرتا تھا اسلام!*
*یہ تھی اس کی تعلیمات!*
*یہ سکھایا تھا میرے رسول ﷺ کی پیاری ذات نے!*

اور ہم…
شور ہے، ہو گئے دنیا سے مسلماں نابود
ہم یہ کہتے ہیں کہ تھے بھی کہیں مسلم موجود!

وضع میں تم ہو نصاریٰ تو تمدن میں ہنود
یہ مسلماں ہیں! جنھیں دیکھ کے شرمائیں یہود

یوں تو سید بھی ہو، مرزا بھی ہو، افغان بھی ہو
تم سبھی کچھ ہو، بتاؤ تو مسلمان بھی ہو!

*آج ہمیں اسی فتح مکہ والے اسلام کی ضرورت ہے، معافی والا، محبت والا، امن والا!*

اگر دل کو چھو گیا ہو تو ایک بار درود شریف پڑھ کر کمنٹ میں *ﷺ* لکھ دیں۔

Leave a Reply

NZ's Corner