٭٭٭ ذلت کے ہاتھوں عزت کا قتل ٭٭٭

٭٭٭ ذلت کے ہاتھوں عزت کا قتل ٭٭٭

ایک گاؤں میں ڈاکو داخل ہوئے اور وہاں کی عورتوں پر ظلم و زیادتی کی۔ اس دوران ایک خاتون ایسی بھی تھی جس کے گھر میں داخل ہونے والے ڈاکو نے اس کی مزاحمت کا سامنا کیا۔ اس نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ڈاکو کو قتل کر دیا اور اس کا سر کاٹ کر رکھ لیا۔

ڈاکوؤں کے گاؤں سے نکل جانے کے بعد تمام عورتیں اپنے گھروں سے باہر نکلیں۔ کسی کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے، کوئی رو رہی تھی اور کوئی دوسری عورت کو اپنی بپتا سنا رہی تھی۔

اتنے میں وہ بہادر خاتون بھی گھر سے باہر نکلی۔ اس کے ہاتھ میں ڈاکو کا کٹا ہوا سر تھا۔ وہ پورے اعتماد اور خودداری کے ساتھ دوسری عورتوں کی طرف بڑھی اور بلند آواز میں بولی:

’’تم نے کیا سمجھ رکھا تھا؟ کیا کوئی شخص مجھے قتل کیے بغیر یا خود مرے بغیر میری عزت پر ہاتھ ڈال سکتا تھا؟‘‘

یہ سن کر دوسری عورتوں نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا۔ انہیں خوف لاحق ہوا کہ جب ان کے شوہر شام کو واپس آئیں گے تو شاید ان سے بھی یہی سوال کریں کہ تم نے اس عورت کی طرح مزاحمت کیوں نہیں کی؟

چنانچہ انہوں نے اپنی بے بسی اور خوف کا سامنا کرنے کے بجائے اس بہادر خاتون ہی کو قتل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ سب نے مل کر اس پر حملہ کیا اور اسے مار ڈالا۔

یوں انہوں نے اپنی ذلت چھپانے کے لیے عزت کا قتل کر دیا۔

ہمارے معاشرے کے بعض لوگوں کا رویہ بھی کچھ ایسا ہی ہے۔

وہ کسی کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے والے دیانت دار شخص کو بدنام کرنے لگتے ہیں، کسی حق گو اور غیرت مند انسان کو حقیر ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاکہ کوئی ان کے غلط کاموں کے خلاف بولنے کی جرأت نہ کرے۔

بعض دنیا دار لوگ اپنی بے عملی اور دینی کمزوری چھپانے کے لیے علماء کرام کا مذاق اڑاتے ہیں، انہیں حقارت سے ’’مولوی‘‘ کہہ کر پکارتے ہیں اور ان کی آواز دبانے کی کوشش کرتے ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ انہیں اپنی اصلاح سے زیادہ دوسروں کی کردار کشی کی فکر ہوتی ہے۔ وہ اپنے رویوں کو بدلنے کے بجائے آئینہ دکھانے والوں کو ہی توڑ دینا چاہتے ہیں۔

یاد رکھیے! کسی عزت دار کو بدنام کرنے سے کسی کی اپنی عزت بحال نہیں ہو جاتی، اور کسی سچ بولنے والے کی آواز دبانے سے سچ کبھی جھوٹ نہیں بن جاتا۔

Leave a Reply

NZ's Corner