کسی گاؤں میں ایک مشہور و معروف پہلوان رہتا تھا۔ اپنے علاقے میں اس کی بڑی عزت اور پہچان تھی۔ اس کی ایک ہی بیٹی تھی، جسے اس نے بے حد لاڈ، پیار اور محبت سے پالا تھا۔ بیٹی خوبصورت، نازک مزاج اور باپ کی آنکھوں کا تارا تھی۔ وقت گزرتا گیا اور بیٹی جوان ہوگئی۔ باپ کو اس کی شادی کی فکر لاحق ہوئی۔ چونکہ خود پہلوان تھا، اس لیے بیٹی کے لیے بھی ایک مضبوط جسم، بلند قامت، گھنی مونچھوں والے، خوبرو اور زمیندار گھرانے سے تعلق رکھنے والے پہلوان نوجوان کا انتخاب کیا۔
دھوم دھام سے شادی ہوئی اور لاڈوں سے پلی بیٹی کو دعاؤں کے ساتھ رخصت کردیا گیا۔ مگر ابھی شادی کو چھ ماہ بھی نہیں گزرے تھے کہ داماد نے بیٹی کو مار پیٹ کر میکے واپس بھیج دیا۔ وجہ یہ بتائی کہ اسے گھر کے کام کاج نہیں آتے۔ باپ کا دل دکھ سے بھر گیا، مگر اس نے کسی سے کچھ نہ کہا۔ اسے اپنی عزت سے زیادہ بیٹی کے مستقبل کی فکر تھی۔ اس نے اپنی بیوی سے کہا: ’’ہم نے بیٹی کو بہت لاڈ پیار سے پالا ہے، شاید اسی وجہ سے اسے گھرداری کے کام نہیں سکھا سکے۔ اسے گھر سنبھالنے کے تمام ضروری کام سکھاؤ۔‘‘ ماں نے بیٹی کو جھاڑو پونچھا، کھانا پکانا اور گھر کے دیگر کام سکھانے شروع کردیے۔
چند ماہ بعد صلح صفائی ہوئی۔ داماد کو بلایا گیا، معذرت کی گئی کہ لاڈ پیار میں بیٹی کو گھرداری نہیں سکھا سکے، اور اسے دوبارہ رخصت کردیا گیا۔
لیکن ابھی چھ ماہ بھی نہ گزرے تھے کہ بیٹی ایک بار پھر روتی ہوئی میکے آگئی۔ اس بار شکایت تھی کہ اسے سلائی اور کپڑوں کی مرمت کرنا نہیں آتی۔ پہلوان باپ پھر دکھی ہوا۔ اس نے بیوی سے کہا کہ بیٹی کو سینا پرونا بھی سکھاؤ۔ ماں نے اسے سلائی، کڑھائی، گوٹا کناری، رضائیاں بنانا، بچھائیاں تیار کرنا، پراندے اور ازاربند بنانا، غرض یہ کہ ہر وہ ہنر سکھایا جو گھریلو زندگی میں کام آسکتا تھا۔
کچھ عرصے بعد پھر داماد کو بلایا گیا، معذرت کی گئی اور بیٹی کو دعاؤں کے ساتھ دوبارہ رخصت کردیا گیا۔
مگر چند ماہ بعد بیٹی پھر زخمی حالت میں میکے واپس آگئی۔ اس مرتبہ شکایت یہ تھی کہ وہ کھیت کھلیان نہیں سنبھال سکتی، اسے گائے بھینسوں کا دودھ دوہنا نہیں آتا اور نہ ہی زرعی کاموں کا تجربہ ہے۔
پہلوان باپ کا دل مزید رنجیدہ ہوگیا۔ وہ سوچنے لگا کہ آخر میری بیٹی کے نصیب میں یہ سب کیا لکھا ہے؟
اس نے بیٹی کو اپنے ساتھ کھیتوں میں لے جانا شروع کردیا۔ اسے فصلوں کی دیکھ بھال، کھیتی باڑی اور مویشیوں سے متعلق کام سکھائے۔ جب اسے یقین ہوگیا کہ بیٹی یہ سب کام سیکھ چکی ہے تو ایک بار پھر دعاؤں کے ساتھ اسے رخصت کردیا۔
مگر اس مرتبہ چند ہی دن گزرے تھے کہ بیٹی دوبارہ روتی ہوئی میکے پہنچ گئی۔
باپ نے پریشان ہوکر پوچھا:
’’بیٹی! اب کیا ہوا؟ اس مرتبہ کیا شکایت لے کر آئی ہو؟‘‘
بیٹی نے روتے ہوئے جواب دیا:
’’ابا جان! میرا شوہر کہتا ہے کہ تم آٹا گوندھتے ہوئے بہت ہلتی ہو۔‘‘
یہ سن کر پہلوان باپ کو ساری حقیقت سمجھ آگئی۔ اسے اندازہ ہوگیا کہ مسئلہ بیٹی کی نااہلی یا کسی کام میں کمی کا نہیں، بلکہ داماد کی سوچ اور اس کی بیوی پر تشدد کرنے کی عادت کا ہے۔ اسے اپنی بیوی کو ڈرا کر رکھنے اور اس پر رعب جمانے کی لت پڑ چکی تھی۔
باپ نے بیٹی کو اپنے پاس بٹھایا اور کہا:
’’بیٹی! میں نے تمہیں زندگی کے تقریباً تمام کام سکھا دیے، مگر ایک بات سکھانا بھول گیا۔ میں تمہیں یہ نہیں بتا سکا کہ تم کس کی بیٹی ہو اور تمہارے اندر کتنی طاقت ہے۔‘‘
بیٹی حیران ہوکر باپ کا چہرہ دیکھنے لگی، مگر اس وقت وہ باپ کی بات پوری طرح سمجھ نہ سکی۔
چند دن بعد داماد کو احساس ہوا کہ کافی عرصہ گزر گیا ہے۔ نہ سسر نے معافی مانگی ہے اور نہ ہی بیوی کو واپس بھیجا ہے۔ آخرکار وہ خود خبر گیری کے لیے سسرال پہنچ گیا۔
پہلوان نے اسے دروازے ہی پر روک لیا اور دوٹوک الفاظ میں کہا:
’’انہی قدموں سے واپس چلے جاؤ۔ آج کی تاریخ یاد رکھ لو۔ پورے دو سال بعد آنا اور اپنی بیوی کو لے جانا۔ اگر اس سے پہلے تم یہاں نظر آئے تو تمہیں ایسی سزا دوں گا کہ دوبارہ ادھر آنے کی ہمت نہیں ہوگی۔‘‘
داماد کو فکر تو ہوئی، مگر اس کی انا اسے کچھ کہنے نہ دے سکی۔ وہ خاموشی سے واپس چلا گیا۔
اس کے بعد پہلوان روزانہ اپنی بیٹی کو منہ اندھیرے اپنے ساتھ کھیتوں میں لے جاتا اور سورج نکلنے پر گھر واپس بھیج دیتا۔ بیوی نے کئی مرتبہ پوچھا کہ وہ بیٹی کو صبح سویرے کہاں لے جاتا ہے، مگر پہلوان نے اپنا راز کسی پر ظاہر نہ کیا۔
یوں پورے دو سال گزر گئے۔
وقت مقرر ہونے پر داماد اپنی بیوی کو لینے آگیا۔ اس مرتبہ پہلوان نے خوشی خوشی بیٹی کو رخصت کیا۔
چند دن تو خیریت سے گزرے، مگر پھر داماد اپنی پرانی عادت سے مجبور ہوکر بیوی پر چیخنے چلانے لگا۔ بات بڑھتے بڑھتے یہاں تک پہنچی کہ اس نے بیوی کو مارنے کے لیے ہاتھ اٹھایا۔
لیکن اس بار منظر بالکل مختلف تھا۔
بیٹی نے ایک منجھے ہوئے پہلوان کی طرح اس کا بازو پکڑا، اسے قابو میں کیا اور زمین پر پٹخ دیا۔
پھر مضبوط لہجے میں کہا:
’’تم جانتے ہو نا کہ میں کس کی بیٹی ہوں؟‘‘
داماد کو اسی لمحے سمجھ آگیا کہ اس مرتبہ دو سال تک باپ نے اپنی بیٹی کو کیا سکھایا ہے۔
اس دن کے بعد داماد نے کبھی اپنی بیوی پر ہاتھ اٹھانے کی ہمت نہ کی اور نہ ہی اس سے اونچی آواز میں بات کی۔ بیٹی بھی دوبارہ مار کھا کر میکے واپس نہیں آئی۔
آخر پہلوان باپ نے اپنی بیٹی کو ان دو سالوں میں کیا سکھایا تھا؟
اس نے اسے پہلوانی کے داؤ پیچ سکھائے تھے۔ اسے اپنے دفاع، اپنی طاقت پہچاننے اور ضرورت پڑنے پر اپنا تحفظ کرنے کا ہنر سکھایا تھا۔
اس کہانی کا اصل پیغام یہ ہے کہ بیٹیوں کو صرف گھر سنبھالنے، کھانا پکانے، سلائی کرنے اور دوسروں کی خدمت کرنے کے قابل بنانا ہی والدین کی ذمہ داری نہیں۔ انہیں خود اعتمادی، ہمت، فیصلہ کرنے کی صلاحیت اور اپنی حفاظت کرنا بھی سکھانا ضروری ہے۔
ماں بیٹی کو زندگی کے بہت سے ہنر سکھاتی ہے، لیکن باپ بھی اس کے اندر اعتماد، حوصلہ اور اپنے وجود کی قدر پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
یاد رکھیے! بیٹی کو صرف دوسروں کے گھر بسانے کے لیے تیار نہ کریں، اسے اس قابل بھی بنائیں کہ وہ اپنی عزت، خودمختاری اور تحفظ کے لیے مضبوطی سے کھڑی ہوسکے۔
کیونکہ بیٹیوں کی تربیت کا مقصد صرف انہیں ایک اچھا گھر بسانا سکھانا نہیں، بلکہ انہیں ایک باوقار، خودمختار اور پراعتماد انسان بنانا بھی ہے۔


