کھٹے سنگترے

کھٹے سنگترے

ایک شخص اکثر ایک بوڑھی عورت سے سنگترے خریدا کرتا تھا۔ وزن اور قیمت طے کرنے کے بعد، وہ ایک سنگترہ چھیلتا، ایک پھانک منہ میں ڈالتا اور فوراً شکایت کرتا:

’’یہ تو کھٹے ہیں!‘‘

یہ کہہ کر وہ سنگترے کا تھیلا بوڑھی عورت کے حوالے کر دیتا۔

وہ بزرگ خاتون سنگترے کی ایک پھانک چکھتیں اور کہتیں:

’’ارے! یہ تو بالکل میٹھا ہے۔‘‘

مگر تب تک وہ خریدار اپنا تھیلا اٹھائے وہاں سے جا چکا ہوتا۔

اس شخص کی بیوی بھی ہر بار اس کے ساتھ ہوتی تھی۔ ایک روز اس نے پوچھ ہی لیا:

’’جب ان کے سنگترے ہمیشہ میٹھے ہی نکلتے ہیں تو پھر یہ روز کا ڈراما کیوں؟‘‘

وہ شخص مسکرایا اور جواب دیا:

’’وہ بوڑھی ماں ہمیشہ میٹھے سنگترے ہی بیچتی ہیں، مگر غربت کے باعث خود انہیں کھانے سے محروم ہیں۔ اس ترکیب سے میں انہیں ایک سنگترہ مفت کھلانے میں کامیاب ہو جاتا ہوں۔ بس اتنی سی بات ہے۔‘‘

اس بوڑھی عورت کے سامنے ایک سبزی فروش خاتون بھی روزانہ یہ منظر دیکھا کرتی تھی۔ ایک دن وہ پوچھ بیٹھی:

’’یہ آدمی روزانہ تمہارے سنگتروں میں نقص نکال دیتا ہے اور تم ہو کہ ہر بار ایک سنگترہ زائد تول دیتی ہو۔ آخر اس کی وجہ کیا ہے؟‘‘

یہ سن کر بوڑھی عورت کے لبوں پر ایک دل نشیں مسکراہٹ پھیل گئی۔ وہ گویا ہوئی:

’’میں جانتی ہوں کہ وہ ایسا مجھے ایک سنگترہ کھلانے کے لیے کرتا ہے۔ وہ سمجھتا ہے کہ میں اس کی اس محبت سے بے خبر ہوں، مگر حقیقت یہ ہے کہ میں کبھی ایک سنگترہ بھی زائد نہیں تولتی۔ یہ تو اس کی محبت ہے جو ترازو کے پلڑے کو خود ہی بوجھل کر دیتی ہے۔‘‘

محبت اور احترام کی مسرتیں زندگی کے انہی چھوٹے چھوٹے میٹھے لمحوں میں پنہاں ہوتی ہیں۔

سچ ہے کہ محبت کا صلہ بھی محبت ہی ہے۔

حضرتِ انسان کو دیکھتے وقت، اس کے ظاہر سے آگے بھی دیکھیے گا!

Leave a Reply

NZ's Corner