ایک صاحب ایسے تھے جنہیں پورے علاقے میں انتہائی منحوس سمجھا جاتا تھا۔ اتفاق دیکھیے کہ ابھی ان کی پہلی شادی کو ایک دن ہی گزرا تھا کہ دلہن انتقال کر گئی۔ لوگوں نے افسوس بھی کیا اور آپس میں طرح طرح کی باتیں بھی شروع کر دیں۔
چند روز گزرے تو گھر والوں نے سوچا کہ جوان آدمی ہے، زندگی کیسے گزرے گی؟ چنانچہ دوسری شادی کی کوشش شروع ہوئی۔ قسمت سے ایک اچھا رشتہ مل گیا، شادی ہوئی اور اگلے ہی دن دوسری بیوی بھی چل بسی۔
اب لوگوں نے اسے محض اتفاق سمجھ کر نظرانداز کیا، لیکن کچھ عرصے بعد جب تیسری شادی ہوئی اور وہ بیوی بھی اگلی صبح دنیا سے رخصت ہوگئی تو پورے علاقے میں ایک ہی بات مشہور ہوگئی:
’’یہ آدمی نہیں، چلتا پھرتا نحوست کا پہاڑ ہے!‘‘
لوگوں نے خوب چھان بین کی، طرح طرح کے اندازے لگائے، مگر اس پراسرار معاملے کی کوئی توجیہہ نہ مل سکی۔ ادھر وہ شخص بھی پہلے کی نسبت زیادہ خاموش اور گم صم رہنے لگا۔
اب جب چوتھی شادی کی بات چلی تو کوئی اپنی بیٹی دینے پر آمادہ ہی نہ تھا۔ بڑی مشکل سے ایک بیوہ خاتون سے رشتہ طے پایا۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ اس خاتون کی بھی تین شادیاں ہو چکی تھیں اور ہر بار اس کا شوہر شادی کے اگلے ہی دن فوت ہو جاتا تھا۔
اب دونوں طرف ایک جیسی تاریخ تھی۔ لوگ بھی سوچ رہے تھے کہ چلو، اس بار مقابلہ برابر کا ہے!
بالآخر شادی ہوگئی۔
گاؤں بھر میں تجسس کی لہر دوڑ گئی۔ کسی کو نیند نہیں آ رہی تھی۔ لوگ رات بھر جاگتے رہے کہ صبح پتا چلے گا، آخر اس بار کون کس پر بھاری پڑا؟
صبح ہوئی تو پورا گاؤں ان کے گھر کی طرف دوڑ پڑا۔ لیکن یہ کیا؟ دونوں میاں بیوی بالکل خیریت سے تھے۔ نہ کسی کو کچھ ہوا، نہ کسی کی طبیعت خراب ہوئی۔
لوگوں نے حیرت سے ایک دوسرے کو دیکھا۔ شاید واقعی منفی منفی مل کر مثبت ہو گیا تھا!
ابھی لوگ اس حیرت سے نکل ہی رہے تھے کہ ایک لڑکا بھاگتا ہوا آیا اور ہانپتے ہوئے بولا:
’’وہ۔۔۔ وہ مولوی صاحب مر گئے! جنہوں نے کل ان دونوں کا نکاح پڑھایا تھا، وہ آج رات انتقال کر گئے!‘‘
یہ سنتے ہی سب کے چہرے ایک دوسرے کی طرف مڑ گئے۔
اب بندہ مولوی صاحب سے پوچھے کہ حضرت! جب آپ کو پتا تھا کہ معاملہ اتنا خطرناک ہے تو پھر نکاح پڑھانے کا پنگا ہی کیوں لیا تھا؟ 😂
اور ادھر گاؤں والوں کی الگ پریشانی تھی۔ وہ ایک دوسرے سے کہہ رہے تھے:
’’اب کیا ہوگا؟ ہم نے تو ولیمے کا کُکڑ بھی کھایا تھا!‘‘ 😅😂

