کل ایک جگہ چند لوگوں کی محفل میں بیٹھا ہوا تھا۔ ہم آٹھ افراد تھے۔ ہنسی مذاق کا سلسلہ جاری تھا۔ میں خاموشی سے سب کی باتیں سن رہا تھا اور کبھی کبھار ہوں ہاں کرکے جواب دے دیتا تھا۔

کافی دیر بعد ایک شخص نے رخصت ہونے کی اجازت چاہی اور وہاں سے چلا گیا۔ اس کے باہر نکلتے ہی ایک شخص نے دھیمی آواز میں اس کی ایک برائی بیان کی۔ یہ سن کر کچھ لوگوں نے افسوس کا اظہار کیا اور کچھ اسے برا بھلا کہنے لگے۔

کچھ دیر بعد وہ شخص، جس نے ابھی ابھی اس کی برائی بیان کی تھی، خود بھی کسی کام کی مجبوری ظاہر کرکے رخصت ہوگیا۔

اس کے جاتے ہی ایک اور شخص بولا:

’’یہ اس کی برائی تو بیان کر گیا، لیکن خود اس کے اندر فلاں برائی موجود ہے۔ اسے اپنی برائیوں کا احساس نہیں، مگر دوسروں کے عیبوں پر کتنی گہری نظر رکھتا ہے!‘‘

یہ کہنے کے بعد اس نے مجھ سے بھی اس بارے میں رائے طلب کی۔

میں نے کہا:

’’بھائی! آپ سب ایک دوسرے کی غیبت کر رہے ہیں، ایک دوسرے کے عیب اچھال رہے ہیں۔ تم میں سے ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی غیر موجودگی میں کوئی اس کی برائی نہ کرے، بلکہ صرف اچھائیوں کا ذکر کرے۔

میں تو یہ سوچ رہا ہوں کہ جب میں یہاں سے اٹھ کر جاؤں گا تو آپ لوگ میری کن کن برائیوں پر روشنی ڈالیں گے!‘‘

قرآنِ پاک میں غیبت کرنے والے کی مثال ایسے شخص سے دی گئی ہے جو اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھاتا ہے۔

کبھی ہم نے سوچا ہے کہ ہم دن بھر میں کتنی ہی بار اپنے سگے بھائی کا گوشت کھاتے ہیں؟

اور ہمارے سگے بھائی بھی نہ جانے کتنی بار ہمارا گوشت کھاتے ہیں!

سوچنے کی بات ہے، دوسروں کے عیب بیان کرنے سے پہلے اگر ہم اپنے گریبان میں جھانک لیں تو شاید بہت سی محفلوں کا موضوع ہی بدل جائے۔

پڑھ کر ضرور شیئر کریں!

Leave a Reply

NZ's Corner